عرب کشیدگی: وزیراعظم ، آرمی چیف سعودی عرب روانہ

اسلام آباد: عرب ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے حل سے متعلق بات چیت کے لیے وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران جی سی سی رکن ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدہ صورت حال پر سعودی عرب کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق دورہ سعودی عرب کے لیے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر اہم سرکاری عہدیدار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیراعظم کے ساتھ دورہ سعودی عرب کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے کے آغاز میں سعودی عرب، مصر، بحرین، یمن، متحدہ عرب امارات اور مالدیپ نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات عائد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

اس کے علاوہ لیبیا کی مشرقی حکومت کے وزیر خارجہ محمد دیری نے اپنے ایک بیان میں قطر سے تعلقات کے خاتمے کا اعلان کیا، تاہم انھوں نے فوری طور پر اس اقدام کی کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

[pullquote]سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کیے جانے کے بعد پاکستان نے دوحہ سے تعلقات بحال رکھنے کا عندیہ دیا تھا۔[/pullquote]

گذشتہ ہفتے یہ رپورٹس بھی سامنے آئیں تھی کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے باعث مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی نئی کشیدگی کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والا اعلیٰ سطح کا چھ رکنی قطری وفد واپس روانہ ہوگیا۔

گذشتہ روز پاکستان نے قطر میں پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر ملکی میڈیا میں ایسی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ قطر میں پاکستانی فوجی تعینات نہیں کئے گئے، ایسی جھوٹی خبریں بدنیتی پر مبنی مہم کا حصہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔

اس سے پہلے بھی وزیر اعظم اور آرمی چیف سعودی عرب اور قطر کی کشیدہ صورت حال میں دورہ کر چکے ہیں.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے