’میں صرف کترینہ کو یاد رکھوں گا‘

ویسے تو کئی سال سے رنبیر کپور اور کترینہ کیف کے درمیان محبت کی خبریں گردش کرتی رہیں، تاہم گذشتہ 2 سال سے یہ افواہیں دم توڑنے لگی تھیں۔

مگر ’جگا جاسوس‘ کی وجہ سے ایک بار پھر اس دوستی کی خبریں میڈیا میں گردش کر رہی ہیں۔

اب حقیقت کیا ہے، یہ تو رنبیر اور کترینہ ہی جانتے ہیں لیکن بھارتی میڈیا، فلمی ناقدین اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ان کے مداح ان دونوں کے بارے میں قیاس آرائیواں کے نت نئے جہان آباد کیے بیٹھے ہیں۔

ان دنوں کترینہ کیف اور رنبیر کپور فلم ’جگا جاسوس‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔

این ڈی ٹی وی ڈاٹ کام کی جانب سے جگا جاسوس کی پروموشن کے سلسلے میں دونوں اداکاروں کا مختصر انٹرویو کیا گیا، جس میں دونوں ایک دوسرے کی تعریفیں کرتے دکھائی دیے۔

دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کی تعریفوں کا سلسلہ تو ‘جگا جاسوس’ کی شوٹنگ کے آغاز کے ساتھ ہی شروع ہوگیا تھا، تاہم اب اداکاروں کی جانب سے یہ تعریفیں میڈیا کے سامنے بھی سننے کو مل رہی ہیں۔

‘جگا جاسوس’ کی شوٹنگ ختم ہونے کے بعد آپ کیا یاد رکھیں گی؟ اس سوال کے جواب میں کترینہ کیف نے کہا وہ فلم کے ہدایات کار انوراگ باسو کو یاد رکھیں گی، جنہوں نے انہیں اور رنبیر کو ایک ساتھ کام کرنے کا موقع دیا۔

کترینہ کیف نے مزید کہا کہ وہ شوٹنگ کے وقت کو اور پوری ٹیم کو بھی یاد رکھیں گی۔

جب یہی سوال رنبیر کپور سے کیا گیا تو انہوں نے نہایت ہی مختصر ایک لفظ پر مبنی جواب دیا اور کہا وہ صرف ’کترینہ کیف‘ کو یاد رکھیں گے۔

خیال رہے کہ ’جگا جاسوس‘ 14 جولائی کو ریلیز کی جائے گی، اس فلم کے گانے پہلے ہی مقبول ہوچکے ہیں۔

فلم کی شوٹنگ کے دوران یہ چہ مگوئیاں بھی کی جا رہی تھیں کہ ممکنہ طور پر رنبیر کپور اور کترینہ کیف کی یہ آخری فلم ہوگی۔

تاہم بعد ازاں دونوں اداکاروں کی جانب سے آنے والے بیانات اور ایک دوسرے کی تعریفوں کو دیکھ کر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ مستقبل میں بھی یہ دونوں ایک ساتھ جلوہ گر ہوسکتے ہیں۔

‘جگا جاسوس’ سے قبل کترینہ اور رنبیر کپور نے 2009 میں ‘عجب پریم کی غضب کہانی’ اور 2010 میں ‘راج نیتی’ میں بھی کام کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے