امریکی فوجی طیارہ گرکر تباہ، 16 افراد ہلاک

امریکا کی جنوبی ریاست مسی سپی میں امریکی فوجی طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی میرین کورپس نے شام کے اوقات میں KC-130 کو پیش آنے والے حادثے کی تصدیق کی تاہم حادثے کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ لیفلور کاؤنٹی ایمرجنسی مینیجمنٹ کے ڈائریکٹر فریڈ رینڈل نے حادثے میں 16 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

فریڈ رینڈل نے سی این این کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد میرین کورپس ایئرکرافٹ میں سوار تھے اور مسافروں میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

امریکی میڈیا کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے پیش آیا جب طیارہ سن فلاور کاؤنٹی لائن میں سویا بین کے کھیتوں کے نزدیک کریش ہوگیا۔

دوسری جانب مسی سپی کے گورنر فل برائنٹ نے فیس بک پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ‘اس سانحے میں ہلاک افراد کے لیے کی جانے والی دعاؤں میں ہمارا ساتھ دیں، یونیفارم میں ملبوس ہمارے مرد و خواتین ہماری آزادی کو محفوظ بنائے رکھنے کے لیے روز اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہیں’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے