بھارتی فائرنگ:پاک فوج کے 4 جوان دریائے نیلم میں ڈوب گئے

بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن (ایل او سی) میں فائرنگ سے گشت پر مامور پاک فوج کی گاڑی اٹھ مقام کے قریب دریائے نیلم پر جا گری جس کے نتیجے میں 4 فوجی اہلکار ڈوب گئے۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ‘بھارتی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی جس سے 4 فوجی شہید ہوئے’۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی گاڑی دریائے نیلم کے قریب اٹھ مقام میں گشت پر تھی کہ بھارتی فوج نے نشانہ بنایا اور گاڑی دریائے نیلم میں گری جس سے 4 فوجی ڈوب گئے۔

دریائے نیلم میں ڈوبنے والے ایک شہید جوان کو میت دریا سے نکال لی گئی جبکہ 3 کی تلاش جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا گیا۔

پاک فوج کے اعلامیے کے مطابق گاڑی پرحملہ گزشتہ برس مسافر بس پر کیے گئے حملے کی طرح تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں وادی نیلم کے علاقے لوات میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے بس میں سوار 10 مسافر جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔

بھارتی فوج نے دسمبر 2016 میں نکیال سیکٹر میں نجی اسکول کی بس کو نشانہ بنایا تھا جہاں ڈرائیور جاں بحق ہوا تھا جبکہ 10 بچےزخمی ہوگئے تھے۔

ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جاتی ہے اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

رواں سال یکم جون کو ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

مقامی حکام کے مطابق ہلاکتیں ضلع پونچھ کے سیکٹر بٹل کے مختلف دیہاتوں میں ہوئیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے