سر رہ گزر… قسمت کا دھنی

وزیراعظم محمد نواز شریف کی ساری سیاسی تاریخ سامنے رکھیں پھر دیکھیں کہ ان کے راستے میں کیسے کیسے اندھے کنویں آئے کیسی کیسی خطرناک گھڑیاں آئیں کہ سب کہنے لگے اب گئے کہ گئے مگر وہ بڑے معجزاتی انداز میں صاف بچ گئے، اس لئے کوئی ان کا مخالف ہو یا موافق کوئی ہماری بات کو کوئی بھی مفہوم دے مگر کچھ تو ہے کہ وہ ہر بھنور سے نکل آتے ہیں، منطقی، عدالتی، زبان خلق کے حوالے سے یہ آواز گونج رہی ہے کہ اب میاں کو کوئی نہیں بچا سکتا، ہم تمام ثبوتوں، شواہد اور میاں صاحب کے وکلاء کی وکالت کو دیکھتے ہوئے کبھی کبھی یہ سوچتے ہیں کہ یہ قسمت کے دھنی ایک بار پھر مصیبت سے صاف بچ جائیں گے، بہرحال ہر روز بہ انداز دگر لکھتے لکھتے آج یہ محسوس ہوا کہ جس کے پیچھے سب پڑ جائیں اور اسے بند گلی میں پہنچا دیں تو ایک ذات رحمان و رحیم ایسی ہے کہ وہ اپنے بندے کو بچا لیتا ہے چاہے اس نے کتنی ہی بڑی غلطی کیوں نہ کی ہو، خدا گواہ ہے کہ یہ تحریر ہرگز سیاسی نہیں ایک خیال ہے، جس کی بنیاد ایک طویل مشاہدہ ہے، بہت ممکن ہے کہ نواز شریف کے ساتھ کوئی دعا ہو یا ان کی کوئی ادا ہو جو عالم بالا میں مقبول ہو، ماں ایک ایسی ہستی ہے کہ وہ اپنے بچے کو جے آئی ٹی کی نظر سے نہیں ہر حال میں ماں ہی کی نظر سے دیکھتی ہے، وہیل چیئر میں بیٹھی ایک ماں کے اٹھے ہوئے ہاتھوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
٭٭٭٭

اور بھی غم ہیں دنیا میں پاناما کے سوا

ہم ایک عرصے سے اس جانب توجہ مبذول کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، کہ جو کچھ بھی ہوا ہے وہ ایوان انصاف کے زیر غور ہے زیر سماعت ہے، مگر پوری قوم مدعی کیوں بنی ہوئی ہے، اور اپنے کاموں میں دلچسپی نہیں لے رہی، بعض اوقات اس تصور سے خوف آتا ہے کہ ہم کون ہوتے ہیں کسی کو سزا دلوانے والے، اس کے بارے سخت سست کہنے والے اسے دھمکیاں دینے والے، ہمارے نظام کے تحت ہی ایک شخص کو اللہ نے ملک کی باگ ڈور سپرد کی ہے، اور ہمارے نظام ہی کے تحت وہ گرفت میں آئے ہیں، تو نظام ہی کو فیصلہ کرنے دیں اپنے اپنے فیصلے اپنے پاس محفوظ رکھیں، بعض اوقات انسان انتقاماً نیکی کرتا ہے یہ بھی برائی ہی کی ایک قسم ہے، اس لئے قوم اپنا کام کرے تاکہ ملک کو نقصان نہ ہو، کہیں یہ کیس ہمارا ذہنی تعیش تو نہیں بن گیا بالکل ایک مار دھاڑ اور ایکشن سے بھرپور فلم کی طرح، کہ جسے دیکھو وہ اس کے ایک ایک ایپی سوڈ کو ایک ایک شوٹ کو بڑی دلچسپی سے دیکھ رہا ہے؎

ڈرامہ ڈرامہ کر دی نی میں آپے ڈرامہ ہوئی
مینوں سدو تماش بین پاکستانی نہ آکھے کوئی

یہ درست ہے کہ ایک کیس دائر کیا گیا، جے آئی ٹی بنی اپنا کام مکمل کیا، اب عدالت عظمیٰ نے فیصلہ دینا ہے، وہ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دے دیگی آخر 20کروڑ نفوس پاکستانیوں کو کیوں سانس چڑھا ہوا ہے

قوم ناداں تجھے ہوا کیا ہے
آخر اس بیقراری کی وجہ کیا ہے

سب ملک کی خدمت کریں ورنہ ہم ترقی کی دوڑ ہار جائیں گے۔
٭٭٭٭
لو وہ بھی کہتے ہیں

ان دنوں آصف علی زرداری ایسے لہجے میں بات کرتے ہیں کہ نقار خانہ ٔ سیاست میں گویا وہ کبھی تھے ہی نہیں، اور باڈی لینگویج یہ کہتی ہے؎

تر دامنی پہ شیخ ہماری نہ جائیو
دامن نچوڑ دیں تو فرشتے وضو کریں

پاناما کیس نے یہ کمال تو کیا ہے کہ اس کے شور میں پیپلز پارٹی کے عہد مبارک کی کارستانیاں دب کر رہ گئی ہیں، اور وہ جو اس ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کی مہم چلا رہے ہیں انہوں نے ایک نہایت پاک صاف سابق صدر پاکستان کو بھی ان کے مقدس کارناموں کے پیش نظر اپنے مشن میں شامل کر لیا ہے۔ یہ کوئی اچھی بات نہیں اللہ تعالیٰ کی نظر میں کہ ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا زوال چاہے، بہر صورت اگر کوئی بھی حکمران ظلم، نا انصافی اور کرپشن میں ملوث ہو تو اس کا احتساب نہ کرنا اپنے ساتھ ظلم ہے، اور یہ بھی تو کوئی اچھی بات نہیں کہ احتساب کو استحصال کہا جائے گا، انسان یہ بھول جاتا ہے کہ جو نظام دنیا اسے نظر آ رہا ہے اسے اللہ جل جلالہ کی ذات گرامی چلا رہی ہے، اور کن کے فیصلے فیکون ہو کر رہتے ہیں، ہمارے ہاتھ پر اس کا ہاتھ ہوتا ہے، ہر مصیبت کی گھڑی میں اس کا ساتھ ہوتا ہے، حکمرانوں کو مولانا جمیل صاحب مسلسل بتاتے رہے ہیں کہ سب سے کڑا اور طویل احتساب ان کا ہو گا اس لئے دریا کنارے بھوک سے مرنے والے کتے کا بھی خیال رکھیں چہ جائیکہ کہ اس کی حکمرانی میں فقیروں کی کمائی لٹ جائے، اسے کوئی اور بھولے تو نوٹس نہیں لیتا مگر مسلمان بھول جائے اور اپنے رب کے بارے دھوکے میں آ جائے تو اسے پوچھتا بھی ہے آزمائش میں بھی ڈالتا ہے وما توفیقی الا باللہ۔
٭٭٭٭

وہ تمہاری سنے گا!

….Oمریم نواز:اس انسان کو کوئی ہرا نہیں سکتا جو بے خوف ہو،
اور یہ بھی ٹھیک ہے کہ جسے خوف خدا ہو،

….Oبابر اعوان:پکوڑے بیچنے والے حقیقی کاغذات اب سامنے آئے،
ہمارا سارا ٹریک ریکارڈ پکوڑے بیچنے والوں کے پاس ہے،

….Oایک ’’کوڑا آدمی‘‘ ہر روز میٹھی باتیں لکھتا ہے، اس کی بھی سنو ’’وہ‘‘ تمہاری سنے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے