’ملک بھر میں تمام ٹرینیں بحال کردی گئیں‘

پاکستان ریلوے کے حکام نے ٹرین ڈرائیورز کی جاری ہڑتال کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تمام ٹرینیں بحال کردی گئیں ہیں جبکہ ادارہ اس ہڑتال کے باعث مسافروں کو پہنچنے والی تکلیف اور پریشانی پر ان سے معذرت خواہ ہے۔

ترجمان ریلوے میاں عابد نے ایک جاری بیان میں کہا کہ تمام ٹرینیں بحال اور منزل کی جانب رواں دواں ہیں، ٹرینوں کی بحالی پر سعد رفیق نے ریلوے افسران کی محنت کو سراہا۔

ملک بھر میں تمام ٹرینوں کی بحالی کا دعویٰ کرتے ہوئے ترجمان ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ ٹرین ڈرائیورز کی ہڑتال کے نتیجے میں مسافروں کو پہنچنے والی تکلیف اور پریشانی پر ادارہ معذرت خواہ ہے۔

انہوں نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے حوالے سے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے نے ہدایت کی ہے کہ 48 گھنٹوں میں تمام ٹرینوں کی وقت پر آمد اور روانگی کو یقینی بنایا جائے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ریلوے افسران اور کارکنوں نے میرے ساتھ رات جاگ کر ہڑتالیوں کو ناکام بنایا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ ملک بھر میں ٹرین ڈرائیورز کی جاری ہڑتال کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے نے کنٹریکٹ پر رکھے گئے ڈرائیورز کو بلوا کر ٹرینیں چلانا شروع کردی ہیں۔

ٹرین ڈرائیورز کے مطالبات کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ٹرین ڈرائیورز کی ہڑتال مجرمانہ فعل ہے اور دھونس دھمکی سے مطالبات تسلیم نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہڑتالیوں کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ اب تک 13 ہڑتالیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

خیال رہے کہ ٹرین ڈرائیورز نے گذشتہ روز سے تنخواہوں سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے ملک گیر ہڑتال کرتے ہوئے مختلف اسٹیشنز پر گاڑیاں روک لیں تھی۔

ٹرین ڈرائیورز تنخواہوں میں اضافے، حادثات کے مقدمات ختم کرنے سمیت دیگر مطالبات کررہے تھے، جنہیں حکام نے ماننے سے انکار کردیا۔

ریلوے ڈرائیورز کی ہڑتال کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی اسٹیشنز پر ریلوے انتظامیہ اور مسافروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی سامنے آئے۔

دوسری جانب ریلوے حکام بھی ہڑتال ناکام بنانے کے لیے سرگرم رہے اور متبادل ڈرائیوز کو بلاکر کئی ٹرینوں کو منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے