یوم تشکر کیلئے پی ٹی آئی کی تیاریاں مکمل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پاناما کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے کے بعد آج بروز اتوار (30 جولائی) کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں یوم تشکر منارہی ہے۔

پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے جلسہ گاہ کا رخ کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی 2017 کو شریف خاندان کے خلاف پاناما لیکس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کا حکم دے دیا، عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف فوری طور پر وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑ دیں۔

عدالت عظمیٰ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو 6 ہفتے میں جے آئی ٹی رپورٹ پر نواز شریف کے خلاف ریفرنس داخل کرنے کی بھی ہدایت کی اور تمام مواد احتساب عدالت بھجوانے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف بھی ریفرنس دائر کیا جائے۔

سپریم کورٹ کے اس تاریخی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اسی روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے 30 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں یوم تشکر ماننے کے لیے جلسے کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔

عمران خان نے عدالتی فیصلے پر پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘میں عدلیہ کو خراج عقیدت اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو مبارک پیش کرتا ہوں، جو کام انہوں نے کیا ہے کسی مغربی ملک میں بھی نہیں ہوسکتا تھا’۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا، ‘یہ میری اور نواز شریف کی ذاتی لڑائی نہیں تھی، میں جن سیاستدانوں کی مخالفت کرتا ہوں ان سے ذاتی لڑائی نہیں، یہ صرف ملک کے لیے ہے’۔

جلسے کی تیاریاں

عمران خان کے مذکورہ اعلان کے مطابق اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے یوم تشکر کے جلسے کا پنڈال سج گیا، 30 ہزار کرسیاں لگانے کے ساتھ وسیع و عریض اسٹیج بھی تیار کر لیا گیا جبکہ جلسے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیٹھنے اور کارکنوں سے خطاب کے لیے 12 کنٹینرز پر مشتمل 8 فٹ بلند اور 80 فٹ چوڑا اسٹیج تیارکرلیا گیا اور یوم تشکر کے عنوان پر کپتان کی تصویر سے سجی بڑی اسکرین نصب کی جاچکی ہے۔

پی ٹی آئی کے جلسہ گاہ میں خواتین کارکنان کے لیے علیحدہ انکلوژر بنایا گیا، انکلوژر سے غیر متعلقہ افراد کو دور رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جلسے میں میوزک کا تڑکہ لگانے کے لیے ملک بھر سے نامور گلوکاروں کو مدعو کیا گیا۔

تحریک انصاف کے جلسے کے لیے ساؤنڈ سسٹم کی ذمہ داری ڈی جے ولی سنز کے سپرد کی گئی، جلسہ گاہ میں رات کے وقت دن کا سماں پیدا کرنے کے لیے لائٹیں لگادی گئیں۔

پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کی حفاظت کے لیے اسلام آباد پولیس کی جانب سے بھاری نفری تعینات کی گئی۔

دوسری جانب عمران خان کی جانب سے یوم تشکر منانے کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد اسلام آباد کے پریڈگراونڈ پہنچنا شروع ہوگئی۔

جلسے میں شرکت کے لیے لاہور، پشاور، بنوں، ملتان، گوجرانوالہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، نواب شاہ سمیت ملک کے دیگر شہروں سے پی ٹی آئی کارکنوں کے قافلے پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے