سندھ کے لٹیروں کے سردارآصف زرداری ہیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ سندھ کے لٹیروں کے سردار آصف زرداری ہیں، وقت کے فرعونوں نےسندھ کے عوام پر ظلم کیا۔
عمران خان نے سکھرمیں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ گاڈ فادرکو قوم نے سڑکوں پر نکل کر شکست دی اور وہ کہتاہے کہ مجھے کیوں نکالا، آج نوازشریف کہتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا،سندھ میں بھی ایک فرعون کہے گا کہ مجھے کیوں نکالا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نوازشریف اورآصف زرداری میں ایک فرق ہے،آج نواز شریف کہہ رہے ہیں مجھے کیوں نکالا، لیکن زرداری یہ نہیں کہیں گے، آصف زرداری کو نکالا تو وہ چلے جائیںگے، کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ انہوں نے کیا کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری نے عوام کے پیسے سے سرے محل خریدا اس کے باوجود نوازشریف نے اتنی چوری کی جتنی زرداری نے بھی نہیں کی،سندھ کا پیسہ چوری کرکے باہر بھیجا گیا، آصف زرداری کے خلاف آپ کومیرے ساتھ مل کر مقابلہ کرنا ہے۔
انہوں نے سکھر کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتنی گرمی میں بھی عوام نے ہمارا استقبال کیا، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، گرمی کے باوجوداتنی تعداد میں لوگوں کی آمد ہماری عزت افزائی ہے، اب پاکستان کا نیا دور شروع ہونے والا ہے، میں نے 21سال پہلےجب سیاست شروع کی تو سندھ کےحالات بہتر تھے، پاکستان کی تاریخ کا سنہری دورآنے والا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ دنیا آگے جارہی ہے اور سندھ کے عوام پیچھے رہ گئے ہیں، جو پیسہ عوام پر لگنا چاہیے وہ ملک سے باہر چلا جاتا ہے، پاکستان کے نئے دور میں آپ کو میرے ساتھ مل کر ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنا ہے، پاناما کیس میں پھنسا ہوا تھا اس لیے سندھ نہیں آ سکا، لیکن اب سندھ کے دورے کروں گا۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قانون کے دو معیار ہیں، کیا نواز شریف کو واقعی سمجھ نہیں ہے کہ انہیں کیوں نکالا، آج نوازشریف نے وکیلوں کے سامنے جوباتیں کیں، کیا وہ وکیل نادان تھے؟ آج نوازشریف عدلیہ کے خلاف باتیں کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اتنی چوری کی ہے شاید اتنی زرداری نے بھی نہیں کی، نوازشریف آپ کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں، پیسہ کہاں سے آیا، نوازشریف آپ نےعدالت کے سامنے جھوٹ بولا، جعلی کاغذات رکھے، پاکستان کے تمام ادارے تباہ کر دیے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے نواز شریف سے پوچھا کہ آپ نے کونسا جادو سیکھا ہے؟ جب سے اقتدار میں آئے ہیں امیر ہو رہے ہیں اور عوام غریب، کوئی ادارہ نواز شریف نےنہیں چھوڑا جس میں انہوں نے اپنے لوگ نہ بیٹھائے ہوں، وہ اپنی چوری اور کرپشن بچانے کے لیے ملک کے ادارے تباہ کر رہے ہیں۔
عمران خان نے سوال کیا کہ حامد کرزئی بھی ٹرمپ کے بیان پر بول پڑا، نوازشریف کے منہ سےایک لفظ نہیں نکلا، نواز شریف کا پیسہ مغرب میں ہے، نوازشریف کو ڈر ہے کہ ٹرمپ کے خلاف بات کی تو ان کا پیسہ بھی چلا جائے گا، آصف زرداری کے پیسے اور جائیدادیں بھی مغرب میں ہیں، انہوں نے بھی ایک لفظ ٹرمپ کے خلاف نہیں کہا، پاکستانیو! اس کوووٹ کبھی نہ دینا جس کا پیسہ اور جائیدادیں بیرون ملک ہوں، انہیں پتہ ہے کہ اگر جیل گئے تو ان کے تمام اثاثے ضبط ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب خیبر پختون خوا میں آئے تو تین ہزار ڈاکٹرز تھے، آج نو ہزار ڈاکٹرز ہیں، آج پختون خوا کے ہر چھوٹے قصبے اور ضلع میں ڈاکٹرز ہیں، جب ہم آئے تو خیبر پختون خوا میں 50 فیصد اساتذہ اسکول جاتے تھے، آج 99 فیصدحاضری ہے، سندھ میں بڑے کسان پانی لے جاتے ہیں، چھوٹے کسانوں کو پانی نہیں ملتا۔
عمران خان نے کہا کہ پینے کا صاف پانی ریاست کی بنیادی ذمےداری ہے، گندا پانی پی کر سب سے زیادہ غریب کے بچے مرتے ہیں، نوجوانوں کو قرضے دیں تاکہ وہ کاروبار دیں گے، ہم سب سے پہلے چھوٹے کسان کو پانی پہنچائیں گے، سندھ میں نوکریاں بکتی ہیں، خیبر پختون خوا میں نوکریاں میرٹ پر دی جاتی ہیں، ہم ملک میں میرٹ کا سسٹم لے کر آئیں گے، ہم ہر سطح پر میرٹ لائیں گے اور اداروں کو ٹھیک کریں گے، ہم پی آئی اے، پاکستان اسٹیل کو ٹھیک کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں کرپشن پر آپ کو قابو پا کر دکھاؤں گا، ایک مضبوط نیب بنائیں گےجو غیر جانبدار ہوگا، ہم ملک کے ادارے مضبوط کریں گے اور ملک کو اوپر لے کر آئیں گے، ہمارے نیب سے وزیراعظم سے احتساب شروع ہوگا، اگر ہم اپنے پیر پر کھڑے ہوتے تو ٹرمپ کی ایسا بیان دینے کی مجال نہ ہوتی۔
عمران خان کہتے ہیں کہ کرپشن ملک کو مقروض بنا دیتی ہے، ہم آپ کو کرپشن ختم کرکے دیکھائیں گے، یہ ملک ایسا بنے گا کہ سوئٹزرلینڈ سے آنے والے اس کی مثالیں دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے، چار بین الاقوامی اداروں نے شجر کاری مہم کی تعریف کی، ہماری نیب میں وزیراعظم اور وزیروں سے احتساب شروع ہوگا، انشاءاللہ سندھ کی پولیس کو پختونخوا کی طرز کا بنائیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے