پی ایس ایل ٹریڈنگ؛ کئی ’’اسٹارز‘‘ سے ٹیموں کا اعتبار اُٹھ گیا

لاہور: پی ایس ایل فرنچائزز میں کھلاڑیوں کی ’ٹریڈنگ‘ کا مرحلہ مکمل ہوگیا، ٹیموں نے مختلف کیٹیگریز کے 9 کرکٹرز برقرار رکھتے ہوئے باقی ریلیز کردیے۔
پاکستان سپر لیگ میں ٹیموں کے درمیان کرکٹرز کے تبادلوں اور انہیں ریلیز کرنے کا سلسلہ گزشتہ روز مکمل ہوگیا، تمام فرنچائزز نے پالیسی کے تحت مختلف کیٹیگریز کے 9کھلاڑی برقرار رکھتے ہوئے باقی ریلیز کردیے ہیں۔ ان میں پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ کیٹیگری کے 2، سلور کے 3 کرکٹرز شامل ہیں۔
فارغ کئے جانیوالے پلیئرز ایک پول میں شامل ہونگے، چھٹی فرنچائز ملتان سلطانز منتخب کرکٹرز کی فہرست 10اکتوبر کو جمع کروائے گی، بچ جانے والے کھلاڑی مین ڈرافٹ میں منتخب کئے جانے کیلیے دستیاب ہونگے۔ چند روز قبل دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے سابق کپتان شاہد آفریدی ٹریڈ کے بعد کراچی کنگز کا حصہ بن گئے تھے۔
گزشتہ روز کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان سہیل خان اور محمد رضوان کے تبادلے کا معاملہ بھی طے پاگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچ مکی آرتھر سے مبینہ طور پر اختلافات کے سبب پیسر نے کراچی کنگز کی جانب سے کھیلنے سے انکار کردیا تھا،کراچی کنگز نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کرس گیل کیرون پولارڈ اور کمار سنگاکارا کے ساتھ شعیب ملک کو بھی ریلیز کردیا جبکہ شاہد آفریدی اور محمد عامر(پلاٹینم)، عماد وسیم اور بابر اعظم(ڈائمنڈ)، محمد رضوان اور روی بوپارا (گولڈ)، عثمان شنواری، اسامہ میر اور خرم منظور (سلور) کو برقرار رکھا ہے۔
لاہور قلندرز نے اظہرعلی، گرانٹ ایلوئیٹ اور سہیل تنویر سے کنارہ کشی اختیار کرلی، مکمل سیزن کیلیے عدم دستیابی پر جیسن رائے کو بھی ریلیز کردیاگیا تاہم سنیل نارائن اور عمر اکمل (پلاٹینم)، برینڈن میک کولم اور فخر زمان (ڈائمنڈ)، یاسر شاہ اورسہیل خان (گولڈ)، کیمرون ڈیلپورٹ، عامر یامین اور بلاول بھٹی (سلور) کو برقرار رکھا ہے۔
پشاور زلمی نے شاہد آفریدی کی ٹریڈ کرنے کیساتھ تمیم اقبال کو ریلیز کردیا ہے، برقرار رکھے جانے والے 9کرکٹرز میں محمد حفیظ اور وہاب ریاض (پلاٹینم)، شکیب الحسن اور کامران اکمل(ڈائمنڈ)، ڈیرن سیمی اور حسن علی(گولڈ)، حارث سہیل، کرس جورڈن اور محمد اصغر(سلور) شامل ہیں۔
پی ایس ایل کے ابتدائی دونوں ایڈیشنز کا فائنل کھیلنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کوئی تبادلہ نہیں کیا تاہم احمد شہزاد، عمرگل، ذوالفقار بابر اور لیوک رائٹ کے ساتھ محدود وقت کیلیے دستیابی کے پیش نظر معین علی اور محمد نبی کو بھی ریلیز کردیا، فرنچائز نے سرفراز احمد اور کیون پیٹرسن(پلاٹینم)، ریلی روسو اور محمد ریاد(ڈائمنڈ)، اسد شفیق اور محمد نواز(گولڈ)، انور علی، میر حمزہ اور عمرامین(سلور) کو برقرار رکھا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے سیم بلنگز اور شین واٹسن کو ریلیز کر دیا، ڈوپنگ کیس میں پابندی کا شکار آندرے رسل گزشتہ ایڈیشن میں شرکت نہیں کر سکے تھے تاہم اس بار ایکشن میں نظر آئیں گے، فرنچائز نے کیریبیئن آل راؤنڈر کیساتھ مصباح الحق کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے، سیموئیل بدری اور محمد سمیع(ڈائمنڈ)، رومان رئیس اور شاداب خان (گولڈ)، افتخار احمد، عماد بٹ اور آصف علی (سلور) بھی موجود ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے