حکومتی فنڈز کی افواہیں:100 انڈیکس میں 945 پوائنٹس کا اضافہ

ایک ہفتے کی مندی کے بعد نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی دیکھنے میں آئی اور ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ میں 945 پوائنٹس (2.37 فیصد) کا اضافہ ہوا۔

تیزی کے باعث 100 انڈیکس 40 ہزار 791 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروبار کے دوران انڈیکس کی کم ترین سطح 39 ہزار 847 پوائنٹس جبکہ بلند ترین سطح 40 ہزار 813 پوائنٹس رہی۔

عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی کا کہنا تھا کہ ’اسٹاک مارکیٹ انویسٹرز کے لیے پیکج کی توقعات کے باعث سرمایہ کار سرگرم دکھائی دیئے، جس کے باعث ہر سیکٹر کے حصص میں تیزی رہی۔‘

تاہم کاروباری حجم نسبتاً کم 12 کروڑ 50 لاکھ شیئرز رہا جس کی مالیت 6 ارب روپے رہی۔

مجموعی طور پر 359 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 263 کی قیمتوں میں اضافہ، 82 کی قیمتوں میں کمی اور 14 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ’نیوز رپورٹس کے مطابق اسٹاک ایکسچینج کے وفد، اسٹاک بروکرز اور میوچول فنڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر وزیر اعظم سے ملاقات کی اور مارکیٹ میں بہتری کے لیے 20 ارب روپے کے فنڈز کی سفارش کی۔‘

کاروباری سرگرمی کے لحاظ سے ٹیکسٹائل کا شعبہ سب سے نمایاں رہا جس میں 2 کروڑ 80 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا، جبکہ انجینئرنگ اور کمیونیکیش کے شعبوں میں خاطر خواہ کاروبار ہوا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے