ایشین ویمنز ہاکی میں پاکستان نے فتح کا مزہ چکھ لیا

لاہور: ایشین ویمنز چیلنج ہاکی کپ میں پاکستان نے فتح کا مزہ چکھ ہی لیا۔

ایشین ویمنز چیلنج ہاکی کپ برونائی میں جاری ہیں۔ گزشتہ روز صرف ایک میچ کا فیصلہ ہوا، پاکستانی ٹیم قدرے کمزور حریف برونائی کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے زیر کرنے میں کامیاب رہی۔

پاکستان کی طرف سے حمرا لطیف خطرناک موڈ میں دکھائی دیں، انھوں نے3 بار گیند کو جال کی راہ دکھاکرٹیم کی فتح پرمہرثبت کردی۔

میچ کے آغاز میں ہی پاکستانی ٹیم حمرا لطیف کے ذریعے ایک گول کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی، دوسرے کوارٹر کے تیسرے منٹ میں حمرا نے دوبارہ گیند کو جال کی راہ دکھاکر اسکور 2-0کر دیا، 30ویں منٹ میں حمراء لطیف نے نہ صرف گولز کی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے لیے میچ میں واپسی کے تمام راستے بند کردیے۔

تیسرے کوارٹرمیں کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ کر سکی، چوتھے کوارٹرکے چھٹے منٹ میں امبرین ارشد پاکستانی ٹیم کی طرف سے چوتھا گول کرنے میں کامیاب رہیں۔

میچ کے دوران میزبان سائیڈ نے بھی پاکستان کے خلاف گول کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن گرین شرٹس کے مضبوط دفاع کے سامنے ان کی فاروڈز اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

چیمپئن شپ کے دوران پاکستان ایک فتح اور ایک ناکامی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، برونائی کی ٹیم دونوں میچ ہار چکی ہے، پاکستان کا اگلا مقابلہ جمعرات کوہانگ کانگ سے ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے