پاکستان نے سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی میں بھی وائٹ واش کردیا

لاہور: پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی سری لنکا کو شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 181 رنز کے جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز ہی بنا سکی۔ دھواں دھار نصف سنچری اسکور کرنے پر شعیب ملک مین آف دی میچ قرار پائے۔

سری لنکا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز دنوشکا گوناتھلاکا اور دلشان مناویرا نے کیا تاہم دونوں اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے، 10 کے مجموعی اسکور پر دلشان مناویرا آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد ون ڈاؤن آنے والے سدیرا سماراوکراما بھی 15 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
15 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد اوپننگ کے لیے آنے والے دنوشکا گوناتھلاکا بھی زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہ رہ سکے اور محمد حفیظ کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ بعد میں آنے والے کھلاڑی مہیلا اڈواتے بھی 57 کے مجموعی اسکور پر 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دوسان شناکا اور چتورنگا ڈی سلوا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم دوسان شناکا 54 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ دے بیٹھے جب کہ کچھ ہی دیر بعد چتورنگا ڈی سلوا بھی 106 کے مجموعی اسکور پر 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان تھسارا پریرا صرف 10 رنز پر ہی ہمت ہار بیٹھے اور حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد پرسانا اور پتھریانا بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور 143 کے مجموعی اسکور پر دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا اور سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 144 رنز ہی بناسکی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 4، فہیم اشرف نے 2 جب کہ عماد وسیم، محمد حفیظ اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور عمر امین نے کیا، دونوں اوپنرز نے اننگز کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا اور 57 رنز کی شراکت قائم کی تاہم فخر زمان 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد 91 کے مجموعی اسکور پر عمر امین بھی 45 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور بابر اعظم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں نے 75 رنز کی شراکت قائم کی تاہم شعیب ملک 166 کے مجموعی اسکور پر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ بابر اعظم کی 34 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آج قوم کی قربانیاں جیت گئیں، شکریہ سری لنکا۔ پاکستان ٹیم نے بہت عمدہ کھیل پیش کیا، پی سی بی اور سیکیورٹی اداروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے