چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل کے کراچی میں انعقاد کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ تین چار دن میں ویسٹ انڈیز کے دورے کے شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔
لاہور میں عبدالحفیظ کاردار کپ اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ سال پی ایس ایل تھری کی تیاری کررہے ہیں اور ہم نے نیشنل اسٹیڈیم میں دو سے تین میچ کروانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب ایک نئی تجویز سامنے آئی ہے کہ پلے آف میچز لاہور میں ہوں اور ایونٹ کا فائنل کراچی میں کروا دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میری اپنی بھی کوشش یہی ہے کہ شہر قائد کو فیصلہ کن میچ کی میزبانی ملے اور عوام دعا کریں کہ ہم اس کوشش میں کامیاب ہوں۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ سری لنکن ٹیم پاکستان سے خوشگوار یادیں لے کر رخصت ہوئی ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ دونوں ملکوں کے مابین آئندہ باہمی سیریز پاکستان میں ہو۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ تین چار روز میں ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ مجھے نہیں معلوم کہ بھارت ایمرجنگ ایشیا کپ میں شرکت کیلئے پاکستان آئے گا یا نہیں اوراگر کوئی ٹیم کسی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں آنے سے انکار کرے تو پالیسی کے تحت اس کو اپنے پوائنٹ گنوانا پڑتے ہیں۔
اس موقع پر بی سی سی آئی کے خلاف کیس پر پوچھے گئے سوال پر نجم سیٹھی کا لہجہ تلخ ہو گیا اور کہا کہ اس موضوع پر سوال کرنے کی بات نہیں ہوئی تھی تاہم یہ بات واضح نہیں کی کہ سوالات کے حوالے سے ڈیل کس سے ہوئی تھی۔
بعد ازاں ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون الرشید نے کہا کہ ڈومیسٹک ٹی20 ٹورنامنٹ کے شیڈول میں بار بار تبدیلی مجبوراً کرنا پڑی کیونکہ ملک میں مسلسل انٹرنیشنل ٹیمیں آرہی تھیں اور یہ دورے پہلے سے شیڈول نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کا شیڈول بھی اچانک فائنل ہوا اسی لیے ڈومیسٹک ایونٹ کے ڈراز اور تاریخوں میں تبدیلی کرنا پڑی لہٰذا غیر متوقع ایونٹس کی میزبانی کی وجہ سے ہم کچھ نہیں کرسکتے تھے تاہم اب قومی ٹی20 ٹورنامنٹ گیارہ سے 28نومبر تک فیصل آباد میں کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے لیکن ساتھ ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کی صورتحال بھی تین چار روز میں واضح ہوگی۔