سپریم کورٹ نے توہینِ رسالت کے ملزم کا نفسیاتی ریکارڈ طلب کرلیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ضلعی جیل کے سپرنٹنڈنٹ سے توہینِ رسالت کے الزام میں سزائے موت کے منتظر ملزم کا نفسیاتی ریکارڈ طلب کرلیا۔

جسٹس منیر عالم اور جسٹس دوست محمد خان کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے توہین رسالت کے ملزم کی جانب سے سزائے موت کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ توہین رسالت کے ملزم کو سزا دینے سے قبل اس کی ذہنی حالت کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔

عدالت نے کہا کہ اگر ملزم کی ماضی میں نفسیاتی حالت بہتر تھی تو پھر اسے سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سزائے موت کے منتظر اس ملزم کو پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 295 سی کے تحت توہین رسالت کے الزامات کا سامنا ہے جس کے مطابق انہوں نے خطوط لکھ کر یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا عملی نمونہ ہے۔

اس شخص کو لاہور پولیس نے 2001 میں توہینِ رسالت کے قانون کے تحت گرفتار کیا تاہم ایک برس بعد ٹرائل کورٹ نے اسے جولائی 2002 میں سزائے موت دینے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ اس پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

تاہم ملزم نے سزائے موت کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جسے عدالت عالیہ نے 30 جون 2014 کو مسترد کرتے ہوئے اس کی سزا کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم جاری کیا۔

تاہم گزشتہ روز (31 اکتوبر کو) سپریم کورٹ نے سماعت کے دوران عندیہ دیا کہ ملزم کی ذہنی حالت کی جانچ پڑتال کے لیے ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔

پنجاب کے پراسیکیورٹر جنرل محمد جعفر نے ملزم کی سزائے موت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ملزم کے حق میں ایک بھی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے عدالت کے سامنے بتایا کہ ملزم نے پی پی پی سی کی دفعہ 295 سی کے تحت لگائے جانے والے الزامات کو قبول کیا اور اعتراف کیا کہ اُس نے اس وقت کے وزیراعظم، چیف سیکریٹری پنجاب اور اقوامِ متحدہ سمیت اسرائیلی وزیر اعظم کو خط لکھ کر اپنے دعوے کے بارے میں آگاہ کیا تھا جس کا اس وقت کے اسرائیلی وزیرِ اعظم نے جواب بھی بھیجا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم ایک پڑھا لکھا انسان ہونے کے ساتھ انتہائی شاطر بھی ہے اور اس کا تعلق محکمہ فشری سے ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس ملزم نے خود ہی اپنی گرفتاری کے خلاف پٹیشن دائر کی تھی اور اس طرح کے لوگ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے ایسے ہتھکنڈے کرتے رہتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے کارروائی کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے