شارجہ: نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم نے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 39 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔
کیوی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 113 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ کیوی ٹیم 170 سے 180 رنز کا مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی لیکن اختتامی اوورز میں دس گنیدوں پر چھ وکٹیں گنوانے کے سبب 150 رنز ہی بنا سکی۔
سوفی ڈیوائن نے دھواں دار بیٹنگ کی اور پانچ چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے جبکہ کپتان سوزی بیٹس 52 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں۔
سعدیہ یوسف اور جویریہ خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے، عالیہ ریاض 23، ناہیدہ خان 22، سدرہ امین 18 اور کپتان بسمہ معروف 15 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ ایمی سیتھرویٹ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ میں 39 رنز سے شکست کے ساتھ ہی پاکستان کو ٹی20 سیریز میں 2-0 سے شکست ہو گئی۔
سوفی ڈیوائن کو 70 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔