نئی دہلی: ویرات کوہلی مسلسل 2 ٹیسٹ اننگز میں ڈبل سنچری بنانیوالے دنیا کے پہلے کپتان اور چھٹے بیٹسمین بن گئے۔
نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں بھارتی کپتان نے لگاتار تیسری اور کیریئر کی 20 ویں سنچری بناتے ہوئے کیریئر میں 5000 رنز بھی مکمل کرلیے۔ کوہلی نے 63 ویں ٹیسٹ کی 105 ویں اننگز میں 20 سنچریوں اور14 نصف سنچریوں کی مدد سے 5000 رنز مکمل کئے ۔ بطور کپتان سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنا کر کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بلے باز برائن لارا کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ برائن لارا کو ٹیسٹ میں 5 ڈبل سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل تھا۔
دائیں ہاتھ کے جارح مزاج بلے باز ویرات کوہلی نے سری لنکا کےخلاف سیریز میں مسلسل دوسری ڈبل سنچری اسکور کی جبکہ تمام 6 ڈبل سنچریاں 18 ماہ میں اسکور کیں اور اس طرح ویرات کوہلی 6 ڈبل سنچریاں بنانیوالے دنیا کے پہلے کپتان بھی بن گئے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف رواں سیریز کی پہلی اننگ میں ویرات کوہلی گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے تھے۔ لیکن دوسری اننگ میں انہوں نے سنچری بنائی، ناگپور میں ڈبل سنچری اور دہلی ٹیسٹ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 156 رنز پرناٹ آؤٹ ہیں۔