کراچی: بھارت کی نو بیاہتا جوڑی ویروشکا (انوشکا اور ویرات کوہلی) کی شادی پر بھارتی اسٹارز کے ساتھ پاکستانی کرکٹرز بھی بے انتہا خوش ہیں اوردونوں کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں۔
ہزاروں افواہوں اور قیاس آرائیوں کے بعد بالآخر بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی شادی کے بندھن میں بندھ گئے دونوں کو جہاں ان کے چاہنے والے مبارکباد دے رہے ہیں وہیں پاکستان اور بھارت کے اسپورٹس اسٹارز کی جانب سے بھی انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
قومی کرکٹ کے سابق آل راؤنڈر اور ہر دلعزیز کھلاڑی شاہد آفریدی نے دونوں کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی خوشیاں ہمیشہ اسی طرح قائم و دائم رہیں۔
شعیب اختر نے کوہلی اورانوشکا شرما کو ان کی زندگی کی نئی اننگز پر نیک تمناؤں کااظہار کیا ہے۔
پاکستانی کرکٹرمحمد عامر نے ویرات کوہلی کی ٹوئٹ ری ٹوئٹ کی ہے جس میں کوہلی نے اپنی اور انوشکا شرما کی شادی کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔
قومی کھلاڑی عمر اکمل نے بھی ویرات اور انوشکا کے لیے اپنی نیک تمناؤں کااظہار کیا اور کہا کہ آپ کا پیار ہمیشہ یونہی چمکتا رہے۔
بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے دونوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے دونوں اپنی شادی کے دن بہت خوبصورت اور خوش لگ رہے ہیں۔