بھارتی آرمی چیف اور ٹرمپ کا بیان پاکستان کو دباؤ میں لانے کی سازش ہے، احسن اقبال

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بیان پاکستان کو دباؤ میں لانے کی سازش ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے سربراہ کا پاکستان سے متعلق حالیہ بیان غیر ذمہ دارانہ ہے اور اس بیان سے بھارت ایک غیر ذمہ دار ایٹمی قوت ثابت ہوگیا ہے جب کہ بھارتی آرمی چیف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان پاکستان کو دباؤ میں لانے کی سازش ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ دنیا میں ایٹمی صلاحیتیں رکھنے والی قوتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتی ہیں لیکن بھارتی آرمی چیف کے بیان سے بھارت کے ایٹمی اثاثوں پر مزید شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی کے لئے سیاسی استحکام لازم ہے لیکن ہم اب بھی احتجاج اور دھرنوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کسی کو جمہوری عمل سے نہ کھیلنے دیں، اگر سینیٹ کے انتخابات کو سبوتاژ کیا جاتا ہے تو یہ وفاق کے لئے اچھا شگون نہیں ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انتخابات میں پانچ ماہ رہ گئے، دھرنوں کی سیاست کیوں کر رہے ہیں، آپ دھرنوں اور احتجاج سے اپنا ایجنڈا کو حاصل کر لیں گے لیکن نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہوجائے گا، ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان میں بالغ جمہوریت ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ زینب قتل کیس سے متعلق تمام کارروائیاں کر رہے ہیں لیکن کچھ سیاستدان اس واقعے پر سیاست کر رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے