(ن) لیگ کے سینئر رہنما پرویز رشید اور چوہدری نثار آمنے سامنے

پاکستان 16 جنوری ، 2018 ویب ڈیسک

(ن) لیگ کے سینئر رہنما پرویز رشید اور چوہدری نثار آمنے سامنے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دو سینئر رہنماؤں چوہدری نثار اور پرویز رشید کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی اور دونوں ایک دوسرے کے خلاف بیان دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے۔

سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے پیر کے روز ایک نجی ٹی وی کے شو میں چوہدری نثار پر کڑی تنقید کی تھی جس کے جواب میں چوہدری نثار نے بھی انہیں کھری کھری سنادیں۔

چوہدری نثار کے جواب پر منگل کے روز جوڈیشل کمیشن کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے ایک بار پھر چوہدری نثار کو نشانے پر لیا اور کڑی تنقید کی۔

پرویز رشید نے چوہدری نثار کو منافقت کا طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار کا بیان شروع ہی یہاں سے ہوا تھا کہ وہ بیان دینا پسند نہیں کرتے، ان کے بیان سے ان کی منافقت کا اندازہ لگالیں۔

سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار نے شیر کے نشان کے بغیر ایک الیکشن لڑا جو وہ بری طرح ہارے۔

چوہدری نثار کا رد عمل
پرویز رشید کے بیان پر چوہدری نثار کے ترجمان کی جانب سے جاری رد عمل میں کہا گیا ہے کہ ڈان لیکس کمیٹی نے پرویز رشید کے مسلسل جھوٹ کی نشاندہی کی اور انہیں حقائق چھپانے کا ذمہ دار قرار دیا۔

ترجمان چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پرویز رشید غلط بیانی اور خوشامد سے پارٹی کے سیاسی ارسطو بنے ہیں، وہ مسلسل غلط بیانی اور خوشامد کے عادی ہیں۔

ترجمان کے مطابق پرویز رشید نے جھوٹ بولا کہ چوہدری نثار کے شیر کے نشان کے بغیر الیکشن نہیں جیتے، چوہدری نثار نے 1985، 1988، 1990،2013میں شیر کے نشان کے بغیر الیکشن جیتے لہٰذا غیر ضروری بیان بازی کے بجائے حقائق سامنے لائے جائیں۔

’نثار اتنے ہی بااصول ہیں تو پارٹی چھوڑ دیں‘
اس سے قبل گزشتہ روز سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ چوہدری نثار اتنے ہی بااصول ہیں تو پارٹی کی جان چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار نے مشکل وقت میں گمراہ کن بیان دیئے اور کسی کو خوش کرنے کے لیے انہیں برطرف کرایا۔

سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی قائدین سے بھی کہیں گے کہ چوہدری نثار کے بارے میں فیصلہ کرلیں۔

[pullquote]مودی جیسی سوچ رکھنے والا شخص ن لیگ کا سیاسی وارث بن بیٹھا ہے: چوہدری نثار[/pullquote]

چودھری نثار نے پرویز رشید کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ پاک فوج کے بارے میں مودی جیسی سوچ رکھنے والا شخص ن لیگ کا سیاسی وارث بن بیٹھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی ایسے شخص کی مضحکہ خیزباتوں کاجواب دینا ضروری نہیں سجھتا جس کا ن لیگ سے تعلق واجبی ہو،ایک ایسا شخص جس نے آج تک کونسلرکا الیکشن نہیں لڑا وہ ن لیگ کا پردھان منتری بن بیٹھا ہے۔

چودھری نثارکا یہ بھی کہنا ہے کہ اس شخص کی بیشتر زندگی ایک دوسری پارٹی میں گزری ہے، بہتر ہوگا نوازشریف اور وزیراعظم خود ڈان لیکس پر رپورٹ منظر عام پر لانے کے احکامات جاری کردیں۔

سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ڈان لیکس رپورٹ منظر عام پر لائی جائے تاکہ بیان دینے والے شخص کے کرتوت سامنے آجائیں۔

واضح رہے کہ ڈان لیکس کی تحقیقات کے دوران وزیر اطلاعات پرویز رشید کو وزارت سے ہٹایاگیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے