اب موبائل فون ایپ سے گھر بیٹھے گاڑی کنٹرول کریں

پشاور کے نوجوان انجینئر نے ایک ایسی سافٹ ویئر ایپلیکیشن تیار کی ہے، جس کی مدد سے گھر بیٹھے اپنی گاڑی کا کنٹرول موبائل فون کے ذریعے اپنے ہاتھ میں رکھا جاسکتا ہے۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے نوجوان انجینئر ڈاکٹر اختر خلیل نے ایسا سسٹم متعارف کروایا ہے، جس کے ذریعے اب آپ ایک کٹ نصب کرکے گاڑی کو اپنے موبائل کے ذریعے کنٹرول کرسکتے ہیں اور گاڑی کو چوروں سے بھی بچا سکتے ہیں۔

انجینئر ڈاکٹر اختر خلیل کے مطابق یہ کٹ ہر گاڑی میں انسٹال ہوسکتی ہے اور اسے ہر جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ‘اس ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ پاس ورڈ کے بغیر کام نہیں کرتی، جس شخص کے پاس اس کا پاس ورڈ ہوگا، صرف وہی اسے کنٹرول کرسکے گا’۔

اس کٹ کی بدولت آپ سردیوں میں گاڑی کا ہیٹر اور گرمیوں میں اے سی گاڑی اسٹارٹ کرنے سے 5 منٹ پہلے ہی کمرے میں بیٹھے بیٹھے آن کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب گاڑی کی چابی گم ہوجانے پر بھی اس موبائل فون ایپلیکشن کے ذریعے گاڑی اسٹارٹ کی جاسکے گی۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوان انجینئر کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ اس اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے آپ کی گاڑی چوری نہیں ہوسکتی اور آپ اسے ٹریک بھی کر سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘اس میں بہت سارے فیچرز ہیں اور ہمیں اسے ایک بزنس ماڈل میں تبدیل کرنا ہے’۔

برطانیہ سے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی کرنے والے انجینئر ڈاکٹر اختر خلیل کا دعویٰ ہے کہ وہ اس منصوبے کے ذریعے خیبر پختونخوا میں 3 سالوں کے دوران 2 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار مہیا کرسکتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے