اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیر دفاع خرم دستگیر کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ سمیت کسی قسم کا تعاون معطل نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر دفاع خرم دستگیر کی جانب سے بیان دیا گیا تھا کہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ انٹیلی جنس اور فوجی تعاون معطل کر دیا۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی پاکستان کے حوالے سے ٹوئٹ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کا تعاون معطل نہیں ہوا۔
[pullquote]بھارتی جارحیت فائرنگ[/pullquote]
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی عزائم خطے میں امن کے لیے خطرے کا باعث بن رہے ہیں، سیالکوٹ سیکٹر میں ورکنگ باؤنڈری پر بھارت جارحیت کے نتیجے میں دو خواتین کی شہادت پر بھارت سے احتجاج کیا ہے اور احتجاجی مراسلہ بھی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ رواں مہینے کے 18 دنوں میں بھارتی فورسز کی جانب سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی 110 سے زائد مرتبہ خلاف ورزی کی گئی، جس کے نتیجے میں 3 شہری شہید اور 10 زخمی بھی ہوئے جبکہ گزشتہ برس بھارت کی جانب سے 1900 سے زائد مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے بریفنگ کے دوران بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت کی مذمت کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی آپریشن اور جعلی انکاؤنٹر میں 50 سالہ شخص سمیت 6 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی شہریوں کی القاعدہ میں بھرتیاں تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے میں مزید عدم استحکام پیدا ہوگا۔
[pullquote]سعودی عرب-پاکستان میں تربیتی ادارے قائم کرے گا[/pullquote]
پاکستانی افرادی قوت کو سعودی عرب بھیجنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں تربیتی ادارے قائم کیے جائیں گے تاکہ انسانی وسائل کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد مل سکے۔
انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت کا ایک وفد بھی آئندہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کرے گا جبکہ این اے وی ٹی ٹی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو بھی سعودی عرب مدعو کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستانیوں کو ویزے کی فراہمی میں آسانی اور ویزے کی فیس میں کمی پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔
[pullquote]امریکا کی اسسٹنٹ سیکریٹری اسٹیٹ کا دورہ[/pullquote]
ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ امریکا کی قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری اسٹیٹ ایلس ویلز نے پاکستان کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ اور علاقائی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو باہمی اعتماد اور احترام کے ماحول میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ نے امریکی وفد کی توجہ بھارتی آرمی چیف کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ بیان کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل ورکنگ باؤنڈی اور ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری ہے۔
بریفنگ کے دوران ترجمان نے وزیر خارجہ کی دعوت پر ترکمانستان کے وفد کے دورے سے متعلق بھی آگیا کیا، انہوں نے بتایا کہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ سے دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرا نے ترکمانستان-افغانستان-پاکستان-بھارت ( تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد عمل درآمد کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستان اور کوریا کے درمیان حالیہ بات چیت کا خیر مقدم کیا گیا اور کہا کہ امید ہے کہ دونوں معالج کے درمیان مذاکرات کا یہ نیا مرحلہ کوریائی جزائر میں کشیدکی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس کے علاوہ پیونچینگ ونٹر اولمپکس سے خطے میں دیرپا امن، خوشحالی، استحکام، مصالحت اور تعاون کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں پاکستانی برادری کی مدد کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں اور اس مشن پر کام کر رہے ہیں کہ مصیبت میں پھنسے پاکستانی مزدوروں تک ہمیں قوصلر رسائی فراہم کی جائے۔
انہوں نے افغانستان میں داعش کی موجودگی میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا تاہم قطر سے افغان طالبان کے وفد کی مذاکرات کے لیے پاکستان آمد کی خبروں پر تبصروں سے انکار کردیا۔