پاکستان حافظ سعید کے خلاف قانونی کارروائی کرے، امریکا کا پھر مطالبہ

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان سے ایک مرتبہ پھر ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ اور 2008 میں ہونے والے ممبئی حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔

امریکی ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کی ترجمان ہیدر ناورٹ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستانی حکومت کو تحفظات سے آگاہ کردیا ہے کہ وہ حافظ سعید کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔

پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے حافظ سعید کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے فیصلے کے حوالے سے سوال کے جواب میں ہیدر ناورٹ کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کے خلاف مکمل قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکی تحفظات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا، ‘ہم نے یہ رپورٹس دیکھی ہیں کہ پاکستانی حکومت نے حافظ سعید کے خلاف کوئی کیس درج نہیں کیا۔ ہم نے اس سے پہلے بھی اس شخص کے بارے میں بات کی تھی کہ وہ کون ہے، ہم اسے ایک دہشت گرد سجھتے ہیں، جو ایک عالمی دہشت گرد تنظیم کا حصہ ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ وہ 2008 میں ہونے والے ممبئی حملوں کا ماسٹرمائنڈ ہے، جس کے نتیجے میں امریکی شہریوں سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے’۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے 2008 میں ہونے والے ممبئی حملوں کا ذمہ دار حافظ سعید کو ٹھہرایا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں 168 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ امریکا نے بھی انھیں دہشت گرد کا درجہ دے رکھا ہے۔

دوسری جانب امریکا کے محکمہ انصاف نے حافظ سعید کی سزا اور گرفتاری کے حوالے سے معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر کا انعام بھی مقرر کر رکھا ہے۔

گذشتہ برس 31 جنوری کو حکومت نے حافظ سعید کو 90 روز کے لیے نظر بند کیا تھا، جس میں بعدازاں توسیع کی جاتی رہی اور آخر کار گذشتہ برس نومبر میں لاہور ہائیکورٹ نے ان کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے حافظ سعید کو رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

حافظ سعید کی رہائی کے بعد گذشتہ برس نومبر میں امریکی نشریاتی ادارے بلوم برگ کو دیئے گئے انٹرویو میں جماعت الدعوۃ کے سربراہ کی رہائی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ ‘ہمارا اپنا عدالتی نظام ہے اور عدالت کے تین رکنی بینچ نے عدم ثبوتوں کی بناء پر حافظ سعید کو رہا کیا’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘بھارت کی جانب سے حافظ سعید کے خلاف الزامات عائد کیے گئے لیکن کسی قسم کے ثبوت پیش نہیں کیے گئے’۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حافظ سعید کی رہائی کے معاملے پر وائٹ ہاؤس کی جان سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اگر پاکستان نے 2008 میں ممبئی میں ہونے والے حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی نہ کی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ متاثر ہو گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے