ہفتہ :20 جنوری 2018 اب تک کی اہم قومی خبریں

[pullquote]جس نقیب اللہ کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے وہ کوئی اور ہے، ذرائع[/pullquote]

کراچی: تحقیقاتی کمیٹی نے راؤ انوار کے دعوؤں کی قلعی کھولتے ہوئے انکشاف کیا ہےکہ جس نقیب اللہ کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے وہ کوئی اور ہے۔نقیب اللہ کی ہلاکت کے معاملے پر پولیس کی تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی نقیب اللہ کو بے گناہ قرار دے چکی ہے جب کہ کمیٹی نے راؤ انوار کو معطل کرکے گرفتار کرنے اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بھی سفارش کی جس پر انہیں عہدے سے ہٹا کر نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔سابق ایس ایس پی ملیر راؤ نے بتایا تھا کہ نقیب اللہ کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ مہران بیس حملے میں ملوث تھا۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہےکہ جس نقیب اللہ پر مقدمات درج ہیں اور اس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے وہ کوئی اورہے، اس کا والد اور بھائی بھی مقابلےمیں مارے جاچکے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ نقیب اللہ نامی ملزم کالعدم تنظیموں کے لیے اغوا برائے تاوان کرتا رہا ہے، اسی ملزم کے کیس میں اس نقیب اللہ کو ڈالنے کی کوشش کی گئی۔راؤ انوار پر مقدمہ درج کرنے سے متعلق ذرائع کا کہنا ہےکہ پولیس حکام کو نقیب کے اہل خانہ کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کا انتظار ہے، اگر اس کے اہل خانہ نے مقدمہ درج نہ کرایا تو پھر سرکار کی مدعیت میں راؤ انوار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

[pullquote]پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں عدم اعتماد کی تحریک لائیں، وزیراعظم[/pullquote]
بھکر: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لے آئیں۔بھکر میں ہیلتھ کارڈ اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ہمیشہ صوبوں کو ملانے کی بات کی ہے اور کبھی بھی تفریق کی بات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے حصے میں آیا کہ ملک کیلیے ترقی کریں اور عوام کو آگے لے کر جائیں اور یہ سب ہم نے کیا ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے 580 کلومیٹر موٹروے بنایا اور ملک بھر میں 5 ہزار کلو میٹر سے زیادہ سڑکیں بن رہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ غریب لوگ قرضہ لے کر علاج کراتے تھے جس سے مزید غربت کا شکار ہوجاتے تھے لیکن اب ان کی ذمہ داری حکومت نے لی اور ہیلتھ کارڈ سے 15 لاکھ گھرانے مستفید ہورہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہمارے مخالف جماعتوں کے پاس بھی حکومتیں ہیں اور سب نے دعوے کیے لیکن کام کوئی نہیں کرسکا۔انہوں نے کہا کہ انتشار اور دھرنوں میں گھسیٹا گیا لیکن ہم کام کرنے سے نہیں رکے تاہم نواز شریف نے ثابت کیا ہم نعروں والی جماعت نہیں ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ووٹ اسمبلیاں توڑنے کے لیے نہیں دیئے بلکہ کام کرنے کے لیے دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک لے آئیں اور پہلے اسمبلیوں میں آئیں پھر توڑنے کی کوشش کریں۔وزیر اعظم نے گزشتہ دنوں مال روڈ پر متحدہ اپوزیشن کے جلسے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کچھ روز پہلے مال روڈ پر جلسہ ہوا جہاں تقریریں کرنے والے زيادہ اور سننے والے کم تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی یہی سیاست رہ گئی ہے اور میں نام لے کر وقت ضائع نہیں کرناچاہتا۔

[pullquote]سی پیک پر ن لیگ کی حکومت نے قبضہ کر لیا ہے: بلاول[/pullquote]

حب: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سی پیک پر ن لیگ کی حکومت نے قبضہ کر لیا ہے، 2013 میں سی پیک معاہدے پر آصف علی زرداری نے دستخط کیے۔بلوچستان کے ضلع حب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلم لیگ ن سی پیک پر جھوٹا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہے، سی پیک معاہدےپر دستخط زرداری اور چینی صدر کی موجودگی میں ایوان صدر میں ہوئے۔بلاول نے کہا کہ سی پیک کا مغربی روٹ نظرانداز کرکے بلوچستان کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے نواز شریف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب نے بلوچستان کو کالونی سے زیادہ اہمت نہیں دی۔

[pullquote]پارلیمنٹ کو گالی دے کر ناکامی کا بدلہ لیا گیا: مریم نواز[/pullquote]

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو گالی دے کر ناکامی کا بدلہ لیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمنٹ پر شدید تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ ایسی پارٹی پر لعنت بھیجتے ہیں جو ایک نااہل شخص کو پارٹی کا سربراہ بنائے۔عمران خان کے پارلیمنٹ کے بیان کی نہ صرف حکومتی ارکان بلکہ متحدہ اپوزیشن کا حصہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی مذمت کی۔خیبر پختون خوا کے ضلع ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر چار پانچ سال کام کیا ہوتا تو امپائر کی انگلی کا سہارا نہ لینا پڑتا لیکن ناکامی کا بدلہ پارلیمنٹ کو گالی دے کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے دیکھا کہ سازشیوں کی پوری ٹیم عوام سے شکست کھا گئی، اب اقامہ اور پاناما پر رونے والے خالی کرسیوں کو رو رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ عوام کی محبت نوازشریف نے برسوں میں کمائی ہے اور یہی عوام مسلم لیگ (ن) کو پھر سے کامیابی دلائے گی۔

[pullquote]جمہوریت کو پامال نہیں ہونے دیں گے، چیف جسٹس پاکستان[/pullquote]

لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے ہم جمہوریت کو پامال نہیں ہونے دیں گے اور ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی رہے گی۔لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ عدلیہ واقعتاً ایک واچ ڈوگ ہے، شہری کو اس کا حق دلانے، مجبوری سے نجات دلانے کے لیے جو ادارہ کام کررہا ہے وہ عدلیہ ہے اور اس میں قابل احترام لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ججز کے لیے اللہ نے کمال حیثیت پیدا کردی، انصاف کرنا اللہ کی ایک صفت ہے، اس میں رزق بھی دیا، عزت بھی دیدی، آپ اس ادارے میں بطور منصف کے کام کرکے اپنی مغفرت کا بھی ایک ذریعہ بناسکتے ہیں۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ قیامت کے روز جو سب سے پہلے پکار ہوگی وہ منصف قاضی کی ہوگی، تو منصف قاضی بنو، اگر کوئی جج بن کر خود کو اونچی نسل کا سمجھتا ہے تو وہ بہت بڑی غلطی پر ہے، یہ آپ کا امتحان ہے، اسے اپنے لیے استحقاق نہ جانیں۔معزز چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سب پہلی ذمہ داری ججز کی ہے، جو قوم آپ کو دے رہی ہے وہ اس سے بڑھ کر ہمیں نہیں دے سکتی، ہم قوم کے مقروض اور دین دار ہیں، انصاف کرنا ہمارا کسی پر احسان نہیں، یہ فرائض میں شامل ہے اور فرائض اس وقت پورے کریں گے جب قانون کے مطابق دیانت داری سے انصاف کرے۔

[pullquote]سپریم کورٹ: یونیورسٹیز کے نئے لاء کالجز سے الحاق پر پابندی[/pullquote]

چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ملک کی تمام یونیورسٹیوں کو نئے لاء کالجز کے الحاق سے روک دیا اور ساتھ ہی ملک بھر کے تمام ماتحت عدالتوں اور ہائی کورٹس کو کیس پر حکم امتناعی جاری کرنے سے روک دیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں غیر میعاری لاء کالجز سے معتلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے لاء کالجز کی صورتحال سے متعلق وائس چانسلرز کو بیان حلفی جمع کروانے کا حکم جاری کردیا۔سماعت کے دوران لاء کالجز کی ریفارمز کے لئے معروف قانون دان حامد خان کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ادارے قائم رہنے چاہیے، شخصیات تو آتی جاتی رہتی ہیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ہمیں ایسے وکیل پیدا نہیں کرنے جو صبح پان کی دوکان چلاتے ہوں اور بعد میں ڈگری حاصل کر لیں۔انہوں نے معیاری قانون کی پڑھائی کا ملک میں 6 ہفتوں میں نفاذ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ‘این ٹی ایس کا کیا فائدہ جہاں نقل کر کے امتحان دیا جاتا ہو’۔

[pullquote]کراچی: شارع فیصل پر لوٹ مار کرنے والا گروہ گرفتار[/pullquote]

کراچی کے علاقے شارع فیصل پر شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث مبینہ ملزمان پولیس مقابلے کے بعد گرفتار جبکہ ایک دم توڑ گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ ملزمان شارع فیصل پر شہریوں سے لوٹ مار کرتے تھے اور اپنا ہدف ایئر پورٹ سے واپس آنے والے شہریوں کو بناتے تھے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب بھی ایئرپورٹ کے قریب گرفتار ملزمان نے لوٹ مار کی تھی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالرؤف، بابر اور علی کے نام سے کی گئی ہے جبکہ پولیس کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے ملزم کا نام محمد مقصود ہے۔انہوں نے بتایا کہ معمول کے گشت پر موجود اہلکاروں نے صبح مشتبہ گاڑی کو روکا تو گاڑی میں سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی تھی جس کے بعد پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ میں چاروں مبینہ ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان پولیس کے یونیفارم میں شہریوں سے لوٹ مار کرتے تھے جبکہ زخمی ملزمان میں سے بھی 2 نے پولیس کی یونیفارم پہنی ہوئی ہے۔

[pullquote]بانی ایم کیو ایم اشتعال انگیز تقریر: ڈی آئی جی کے خلاف وارنٹ جاری[/pullquote]

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی کی جانب سے 22 اگست 2016 کو کی جانے والی پاکستان مخالف اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا کے دفاتر پر ہونے والے حملوں سے متعلق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زیر سماعت کیس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ایسٹ سلطان علی خواجہ کو چالان پیش نہ کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا گیا۔بانی ایم کیو ایم کی تقریر سے متعلق 24 کیسز کی سماعت میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار، رہنما خواجہ اظہار الحسن، عامر خان، رؤف صدیقی، محفوظ یار، قمر منصور اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ایم کیو ایم رہنما ریحان ہاشمی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے پولیس کی جانب سے چالان اور ایف آئی آر پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سپریٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) انویسٹی گیشن الطاف سرور ملک سمیت تمام تفتیشی افسران کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتار ی جاری کردیئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے