شہباز شریف کی تالیوں، مبارکبادوں سے بھرپور پریس کانفرنس شرمناک ہے، خورشید شاہ

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ قصور واقعے پر شہباز شریف کی تالیوں اور مبارکبادوں سے بھرپور پریس کانفرنس شرمناک ہے۔

قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی زینب انصاری کے قاتل کی گرفتاری کے حوالے سے کی جانے والی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے خورشید شاہ نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ شہباز شریف کی تالیوں اور مبارکبادوں سے بھرپور پریس کانفرنس شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ قصور کے 250 بچے اور 12 بچیاں پنجاب حکومت کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو ڈوب مرنا چاہیے کہ وہ ان بچیوں کو بچا نہیں سکے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر دنیا کی دوسری بڑی لیب لاہورمیں ہے تو باقی ملزمان گرفتار کیوں نہیں کیے جا سکے، شہباز شریف 250 بچوں اور 12 بچیوں کے ملزمان کی گرفتاری کی مبارکباد کب لیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 7 سالہ بچی زینب انصاری کے والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس کے قاتل کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملزم محمد عمران کو ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے 100 فیصد تصدیق کے بعد گرفتار کیا گیا اور پھر تصدیق کے لیے پولی گرافک ٹیسٹ بھی لیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے