جمعہ : 26 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شامی فوج ترک عسکری کارروائی کے خلاف مدد کرے، عفرین کی کرد اتھارٹی[/pullquote]

شامی علاقے عفرین میں کرد اتھارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ترک افواج کی عسکری کارروائی کا مقابلہ کرنے کی خاطر شامی فوج ان کی مدد کرے۔ اس بیان سے شام کی جنگ مزید پیچیدہ ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ عفرین کی ایگزیکٹو کونسل کے شریک چیئرمین عثمان الشیخ عیسیٰ نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ شامی صدر بشار الاسد کو چاہیے کہ وہ ترک افواج کی جارحیت کو روکنے کے لیے عملی قدم اٹھائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شامی حکومت کو چاہیے کہ وہ ترک جنگی جہازوں کو ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی سے روکے۔ عفرین میں ترک فوجی کارروائی آج بروز جمعہ چھٹے دن میں داخل ہو گئی ہے۔

[pullquote]مہاجرین کے جنسی میلانات جانچنے کی خاطر نفسیاتی ٹیسٹ ممنوع، یورپی عدالت برائے انصاف[/pullquote]

یورپی عدالت برائے انصاف نے کہا ہے کہ ہنگری کے حکام کی طرف سے نائجیریا سے تعلق رکھنے والے پناہ کے متلاشی کا نفسیاتی ٹیسٹ کروانا ایک غلط فیصلہ تھا۔ اس یورپی ملک نے یہ جاننے کی خاطر یہ ٹیسٹ کرایا تھا کہ آیا وہ ہم جنس پرست ہے۔ جمعرات کے دن سامنے آنے والے اس عدالتی فیصلے سے اب یورپ میں اس طرح کے تجزیات پر پابندی عائد ہو گئی ہے، جس کے تحت مہاجرین کے جنسی میلانات جانچنے کی غرض سے ٹٰیسٹ کیے جاتے ہیں۔ یہ امر ہے کہ کئی مہاجرین یورپ میں پناہ حاصل کرنے کے لیے خود کو ہم جنس پرست بھی ظاہر کرتے ہیں۔

[pullquote]آسیان ممالک تعاون بڑھانے پر متفق[/pullquote]

آسیان رہنما سمندری حدود کی نگرانی میں بہتری کے لیے زیادہ تعاون پر متفق ہو گئے ہیں۔ بھارتی حکام نے آج بروز جمعہ بتایا ہے کہ نئی دہلی میں منعقد ہوئی ایک سمٹ میں ’ایسوسی ایشن برائے جنوب مشرقی ایشیائی ریجنل کوآپریشن‘ (آسیان) کے رہنماؤں نے کہا کہ سمندر حدود کی نگرانی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ روز منعقدہ اس سمٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس تنظیم کے تمام دس رکن ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات میں مزید بہتری پیدا کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

[pullquote]باشعور انسانوں نے افریقہ سے ہجرت اندازوں سے کہیں پہلے کی، نئی تحقیق[/pullquote]

اسرائیل میں انسانی جبڑے کی ہڈی اور پتھروں سے بنے اوزار برآمد ہونے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اب تک لگائے جانے والے اندازوں سے ہزاروں سال پہلے ہی قدیمی انسان نے افریقہ سے ہجرت کر لی تھی۔ اندازہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اسرائیل سے ملنے والا یہ انسانی جبڑا ایک لاکھ چورانوے ہزار سال پرانا ہو سکتا ہے۔ محققوں نے اس نئی دریافت کو انسانی ارتقائی منازل کے سلسلے میں جاری کوششوں کے لیے ایک ہم پیشرفت قرار دیا ہے۔ زیادہ تر سائنسدانوں کا اتفاق ہے کہ پہلے باشعور انسان کا تعلق افریقہ سے تھا۔

[pullquote]فلسطینی رہنماؤں کے لیے امریکی صدر کا انتباہ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی قیادت کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات میں تیزی لائے ورنہ فلسطینی علاقوں کے لیے خطیر امریکی امداد کو منجمد کیا جا سکتا ہے۔ ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے پر فلسطینی رہنماؤں میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ اسی تناظر میں امریکی نائب صدر کے حالیہ دورہ اسرائیل کے دوران فلسطینی اتھارٹی نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔ دوسری طرف اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ٹرمپ کے اس موقف کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ تاہم عرب اور متعدد مغربی ممالک خبردار کر چکے ہیں کہ مشرق وسطیٰ کے لیے نئی امریکی پالیسی خطے کے امن کے لیے درست نہیں ہے۔

[pullquote]حکومت سازی کے مذاکرات جلد از جلد مکمل کیے جائیں، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ جرمنی میں حکومت سازی کے لیے جاری مذاکرات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمنی اور یورپ اس سلسلے میں زیادہ انتظار کے متحمل نہیں۔ میرکل نے یہ بات جمعے کے روز اپنے قدامت پسند اتحاد اور ملک کی دوسری سب سے بڑی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے موقع پر کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پوری امید اور عزم کے ساتھ ان مذاکرات میں شرکت کر رہی ہیں اور ان کی کوشش ہو گی کہ جلد از جلد ان مذاکرات کو مکمل کر لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں، تو یہ فقط جرمنی ہی نہیں بلکہ یورپ کے لیے بھی ایک نیا آغاز ثابت ہوں گے۔

[pullquote]یورپ کی مضبوطی خودمختار ریاستوں سے مربوط ہے، پولستانی وزیراعظم[/pullquote]

پولینڈ کے وزیراعظم ماتوئش موراویئسکی نے کہا ہے کہ وہ ایک مضبوط اور مربوط یورپ کے خواہاں ہیں، تاہم اس کے لیے یورپی یونین رکن ریاستوں کی زیادہ خودمختاری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی رکن ریاستوں کو اپنے قومی اداروں میں اصلاحات کا اختیار ہونا چاہیے۔ سلوواکیہ، چیک جمہوریہ اور ہنگری کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں پولستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یورپ کے باہنر اور باصلاحیت شہریوں کی مغربی یورپی ممالک نقل مکانی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ واضح رہے کہ یہ چاروں ممالک یورپی یونین کی جانب سے مہاجرین کی تقسیم کے حوالے سے یورپی یونین کے منصوبے کو مسترد کرتے ہیں۔

[pullquote]چوتھی سہہ ماہی میں امریکی جی ڈی پی توقع سے کم[/pullquote]

چوتھی سہ ماہی میں دنیا کی سب سے بڑی معیشت امریکا کی اقتصادی شرح نمو میں کسی حد تک کمی دیکھی گئی۔ اکتوبر تا دسمبر امریکا کا جی ڈی پی 2.6 فیصد رہی، جب کہ توقع کی جا رہی تھی کہ شرح نمو تین فیصد تک ہو گی۔ امریکی محکمہ معیشت کے مطابق گزشتہ برس امریکا کی مجموعی شرح نمو 2.3 فیصد رہی جب کہ 2016 میں یہ اعشاریہ پانچ فیصد تھی۔

[pullquote]میانمار کو روسی فوجی سازوسامان کی فراہمی پر امریکا کے تحفظات[/pullquote]

روسی وزارت خارجہ نے جمعے کے دن کہا ہے کہ میانمار کو عسکری سازوسامان کی فراہمی دراصل اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک کی دفاعی صلاحتیوں کو بہتر بنانے کے لیے کی جا رہی ہے۔ میانمار کو روسی اسلحے کی فراہمی کی ایک مبینہ ڈیل پر امریکا نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارے میں دونوں ممالک کو غور کرنا چاہیے۔ اطلاعات ہیں کہ روس میانمار کو چھ لڑاکا طیارے اور دیگر اہم فوجی سازوسامان فراہم کر رہا ہے۔

[pullquote]مسلم مخالف ویڈیو ری ٹوئٹ کرنے پر معافی مانگ لوں گا، صدر ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صد ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ کے ایک انتہائی دائیں بازو کے گروپ بریٹن فرسٹ کی جانب سے پوسٹ کی گئی مسلم مخالف ویڈیوز کو ری ٹوئٹ کرنے معذرت کر لیں گے۔ ڈاووس میں برطانوی سیلیبریٹی ٹی وی میزبان پیئرز مورگن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کا کوئی ارادہ نہیں تھا کہ وہ ’نسل پرستوں کی باتوں کی توثیق‘ کریں۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں بریٹن فرسٹ گروپ یا اس کے نظریات سے متعلق علم نہیں تھا۔ ادھر ڈاووس پہنچنے پر ٹرمپ کے خلاف مظاہرے ہوئے، جن میں برطانیہ اور جرمنی سمیت متعدد یورپی ممالک کے شہری موجود تھے۔ یہ افراد صدر ٹرمپ کی جانب سے امریکا کو ماحولیات کے عالمی معاہدے سے نکالنے سمیت متعدد پالیسیوں پر احتجاج کر رہے تھے۔

[pullquote]فلپائن میں آتش فشانی کا خطرہ بڑھتا ہوا[/pullquote]

فلپائن کے وسطی صوبے البائی میں واقع کوہ مایون میں آتش فشانی کے خطرے کے پیش نظر بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی شروع کی جا رہی ہے۔ اس قدرتی آفت کے باعث پہلے ہی اکیاسی ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ اب حکومت نے کہا ہے کہ ممکنہ خطرات سے بچنے کی خاطر تین ماہ دورانیے کا ایک پروگرام بنایا گیا ہے۔ اس تناظر میں خصوصی شیلٹر ہاؤس بنائیں جائیں گے، جہاں متاثرہ افراد کو رکھا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ آتش فشاں کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔

[pullquote]مسلم مخالف ویڈیو ری ٹوئٹ کرنے پر معافی مانگ لوں گا، صدر ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صد ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ کے ایک انتہائی دائیں بازو کے گروپ بریٹن فرسٹ کی جانب سے پوسٹ کی گئی مسلم مخالف ویڈیوز کو ری ٹوئٹ کرنے معذرت کر لیں گے۔ ڈاووس میں برطانوی سیلیبریٹی ٹی وی میزبان پیئرز مورگن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کا کوئی ارادہ نہیں تھا کہ وہ ’نسل پرستوں کی باتوں کی توثیق‘ کریں۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں بریٹن فرسٹ گروپ یا اس کے نظریات سے متعلق علم نہیں تھا۔ ادھر ڈاووس پہنچنے پر ٹرمپ کے خلاف مظاہرے ہوئے، جن میں برطانیہ اور جرمنی سمیت متعدد یورپی ممالک کے شہری موجود تھے۔ یہ افراد صدر ٹرمپ کی جانب سے امریکا کو ماحولیات کے عالمی معاہدے سے نکالنے سمیت متعدد پالیسیوں پر احتجاج کر رہے تھے۔

[pullquote]ٹریزا مے کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے پر غور شروع[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کی قدامت پسند جماعت کے اراکین انہیں پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے پر غور کر رہے ہیں۔ اخبار گارڈین نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا کے کہ اگر علاقائی الیکشن میں اس پارٹی کی کارکردگی بہتر نہ رہی تو مے کو اس عہدے سے فارغ کیا جا سکتا ہے۔ اس اخبار نے پارٹی ذرائع کے حوالے سے بروز جمعہ بتایا کہ پارٹی کی عوامی مقبولیت کی خاطر حکومت کی طرف سے نئے خیالات سامنے نہ آنے کی وجہ سے اراکین میں بے چینی ہے۔ بریگزٹ مذاکرات کے علاوہ دیگر کئی اہم مور پر برطانوی وزیر اعظم کو نہ صرف اپوزیشن بلکہ اپنی پارٹی کی طرف سے بھی دباؤ کا سامنا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں حکومت سازی کے لیے باقاعدہ مذاکرات شروع ہو گئے[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے وسیع تر حکومت سازی کے لیے دیگر سیاسی پارٹیوں کی قیادت سے باقاعدہ مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔ آج بروز جمعہ برلن میں میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین اور باویریا میں اس کی ہم خیال پارٹی کرسچن سوشل یونین اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سنیئر اراکین نے حکومت سازی کی خاطر پہلی نشست میں حصہ لیا۔ ان تینوں پارٹیوں کی کوشش ہے کہ دو ہفتوں کے دوران ایک ڈیل کو طے کر لیا جائے، جس کی بعد ازاں سوشل ڈیمویٹک پارٹی کے ممبران کی حتمی منظوری چاہیے ہو گی۔

[pullquote]افغانستان میں تشدد، چھ بچوں سمیت سات افراد ہلاک[/pullquote]

افغان صوبے غزنی میں طالبان کی ایک کارروائی کے نتیجے میں چھ بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان حکام نے جمعے کے دن بتایا کہ یہ حملہ اس وقت کیا گیا، جب سکیورٹی دستوں نے ان جنگوؤں کے خلاف ایک کارروائی شروع کی۔ بتایا گیا ہے کہ طالبان کی طرف سے ایک راکٹ داغا گیا، جو ایک گھر پر گرا۔ دوسری طرف افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ان شہریوں کی ہلاکت کی ذمہ داری ملکی دستوں پر عائد کر دی ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا کے ہسپتال میں آتشزدگی، اکتالیس افراد ہلاک[/pullquote]

جنوبی کوریا کے ایک ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم ازکم اکتالیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جمعے کے روز ہونے والے اس حادثے میں اسی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مریانگ نامی شہر میں یہ حادثہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب دنیا بھر کے ایتھلیٹس سرمائی اولمپک مقابلوں میں شرکت کے لیے جنوبی کوریا پہنچنے والے ہیں۔ اس آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اس ملک میں پندرہ برس بعد آگ لگنے کا یہ شدید ترین واقعہ ہے۔ سن دو ہزار تین میں ڈائے گو کے سب وے اسٹیشن پر ایسے ہی ایک حادثے میں 192 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔

[pullquote]یمن میں تیس مہاجرین ڈوب گئے[/pullquote]

یمن کی سمندری حدود میں مہاجرین کی ایک کشتی ڈوبنے کی وجہ سے تیس افراد مارے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے جمعے کے دن بتایا کہ یہ حادثہ تئیس جنوری کو اس وقت رونما ہوا، جب مہاجرین سے کچھا کھچ بھری ایک کشتی میں یہ افواہ پھیلی کہ کسی نے حملہ کر دیا ہے۔ اس کشتی میں ایک سو باون افراد سوار تھے، جن میں زیادہ تر کا تعلق صومالیہ اور ایتھوپیا سے تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے