‘الیکشن جیتنے پر بے حد خوشی ہے، لودھراں کے عوام کو کیسے مبارکباد دوں’

لودھراں: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا کہ لودھراں کے ضمنی انتخاب میں جیت پر مجھے بے حد خوشی ہے اور سمجھ نہیں آرہا کہ میں لودھراں کے عوام کو کیسے مبارکباد دوں۔

لودھراں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا لودھراں کی عوام نے ثابت کیا ہے کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں بلکہ عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، مریم نواز، اور حمزہ شہباز کے ہمران ذاتی طور پر لودھراں کے عوام کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے اقبال شاہ جیسے فرشتہ صفت انسان کو ووٹ دے کر آپ نے نواز شریف اور شہباز شریف کا مان بڑھایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج لودھراں کا فیصلہ پوری دنیا میں گونچ رہا ہے، اور 2018 کے انتخابات میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے تکبر کیا اور کہا کہ وہ پہلے سے بھی زیادہ ووٹ لیں گے، لیکن وہ 27 ہزار ووٹ سے ہار گئے۔

انہوں نے کہا کہ ‘لاڈلا کہتا ہے کہ وہ لودھراں سے سبق سیکھیں گے، اب تم سبق نہیں سیکھو گے بلکہ تمہیں عوام سبق سکھائے گی’۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ لودھراں میں پانی و بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں اور متعدد ہسپتال بھی بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں مثالی کام ہوئے، گزشتہ حکومتوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، اور نہ ہی کسی نے ان حکمرانوں سے کبھی اس بارے میں سوال کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت 4 سال کے عرصے میں پاکستان میں بجلی لے کر آئی، اور ملک میں 20، 20 مہینوں میں منصوبے لگائے جس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کلیدی کردار ہے۔

سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کراچی میں روز ہڑتالیں اور مظاہرے ہوتے تھے لیکن وہاں صوبائی حکومت کے بجائے وفاقی حکومت نے امن و امان قائم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جتنے بھی ترقیاتی منصوبے جاری ہیں وہ تمام مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہی لگائے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔

نواز شریف نے اعلان کیا کہ اگر آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی فتح ہوئی تو حکومت میں آنے کے بعد سب سے پہلے لودھراں میں گیس فراہم کی جائے گی۔

قبلِ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ لودھراں کے عوام نے ملسم لیگ (ن) کو کامیاب بنا کر مجھے اور سابق وزیراعظم کو خرید لیا۔

لودھراں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا آج لودھراں والوں نے آج امریکا کے پانچ ارب ڈالر کو ٹھکرانے والے اور پاکستان کو ایٹمی پاور بنانے والے کو آپ نے کامیاب بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے لودھراں میں کہا تھا کہ یہاں چوروں اور لٹیروں کو شکست ہوگی اور اللہ کے فضل و کرم سے آج چوروں لٹیروں کو شکست ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے قرضہ معاف کروانے والوں کو شکست دی اور ‘اے ٹی ایم مشین’ کو اکھاڑ کر پھینک دیا۔

انہوں نے کہا کہ لودھراں میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا ڈنکہ پوری دنیا میں بج رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لودھراں کے عوام نے اس فتح کے ساتھ ہی عمران خان کی اے ٹی ایم مشین چھین لی ہے، اب یہ خزانہ لودھراں کے عوام کی خدمت کے لیے استعمال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے پہلے ہی مجھے خرید لیا ہے، میں اب ان کا مکمل خادم بن گیا ہوں، یہ جو حکم کریں گے وہ میں کروں گا اور اپنا کوٹ بیچ کر بھی آپ کو خوش کروں گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے