پیر : 19 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، 8 سالہ بچہ شہید[/pullquote]

بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر 8 سالہ بچہ ایان شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلا اشتعال فائرنگ کا یہ واقعہ ایل او سی کے قریب جاجوٹ گاؤں میں پیش آیا۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گن کا استعمال جاری ہے جبکہ اور ایل او سی پر معصوم نہتے شہریوں کو بیدردی سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ٹوئٹ میں مزید کہا کہ بھارتی فوج کی بربریت نے ایل او سی پر جاجوٹ گاؤں کے 8 سالہ ایان کی جان لے لی اور بھارتی فوج کی شہریوں کے خلاف کارروائیاں بھارت کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کرتی ہیں۔

[pullquote]پاک قطر بزنس کانفرنس 26 فروی کو دوحا میں منعقد ہوگی[/pullquote]

بیرون ممالک میں کاروباری مواقع کی آگہی کے لیے پاک قطر بزنس کانفرنس 26 فروی کو دوحا میں منعقد ہو گی۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل ٹریڈ کمیٹی کے چیئرمین خورشید برلاس نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ بیرون ممالک کاروباری مواقع کے فروغ اور ان سے استفادہ کے لیے راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام دوحا قطر میں دو روزہ ”بزنس کانفرنس “کا انعقاد فروری کی 26اور 27تاریخ کو کیاجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کے اقدامات کو تقویت دینا ہے تاکہ دونوں ممالک کی تجارتی مصنوعات کے باہمی تبادلے سے برآمدات کو فروغ مل سکے۔

[pullquote]افغانستان: اغوا ہونے والے 9 شہریوں کی لاش بر آمد[/pullquote]

افغان حکام کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے گزشتہ سال اغوا کیے جانے والے 9 شہریوں کی لاش افغانستان کے شمالی صوبے ننگر ہار سے بر آمد کرلی گئیں۔امریکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق ضلعی گورنر کا کہنا تھا کہ بر آمد کی گئی لاشوں میں 3 قبائلی رہنماء شامل ہیں جنہیں گزشتہ دنوں ایک ہی قبر میں دفن کیا گیا تھا۔ضلع کوٹ کے سید رحمٰن مہمند کا کہنا تھا کہ آچن ضلع کے قریب مقامیوں نے لاشوں کو تلاش کیا۔خیال رہے کہ تمام 9 افراد کو کوٹ ضلع سے دہشت گردوں نے سال 2017 کے اوائل میں اغوا کیا تھا جس کے بعد سے اب تک ان افراد کی کوئی اطلاع نہیں مل سکی تھی۔سید رحمٰن مہمند کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیم داعش ان افراد کے اغوا کے پیچھے ملوث ہے تاہم داعش کی جانب سے ان ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے حوالے سے کوئی بیان اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔

[pullquote]شامی کردوں اور صدر اسد کی فوج کا عفرین میں ترکی کے خلاف اشتراک عمل[/pullquote]

شامی خانہ جنگی میں مغربی دنیا کے حمایت یافتہ شامی کردوں اور صدر بشار الاسد کی فوج کے درمیان شمالی شام میں ترک فوج کے عسکری آپریشن کے خلاف بظاہر ایک اشتراک عمل تشکیل پاتا دکھائی دے رہا ہے۔ شمالی شام میں کردوں کے زیر انتظام علاقے میں بدران جیا کرد نامی ایک مشیر نے بتایا کہ کردوں کی ترک فوجی دستوں کے خلاف مدد کے لیے عفرین کے علاقے میں سرحدی چوکیاں شامی حکومتی دستے سنبھال لیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اس علاقے میں دمشق حکومت کے مسلح دستے آئندہ دو روز میں اپنی نئی پوزیشنوں پر پہنچ جائیں گے۔ اس پیش رفت سے قبل شامی کردوں نے اسد حکومت کوعفرین میں اپنے زیر قبضہ علاقوں کی حفاظت کے لیے باقاعدہ مدد کی درخواست کر دی تھی۔ ترک فوج نے عفرین میں اپنا زمینی آپریشن جنوری میں شرورع کیا تھا۔

[pullquote]وفاقی جرمن فوج کو بنیادی سامان کی کمی کا سامنا، رپورٹ[/pullquote]

وفاقی جرمن فوج کو نہ صرف ٹینکوں اور ہیلی کاپٹروں بلکہ بنیادی عسکری سامان کی کمی کا بھی سامنا ہے۔ ایک جرمن اخبار ’رائنشے پوسٹ‘ کے مطابق نیٹو فورسز کی کمان میں تعیناتی کے دوران فوری کارروائی کرنے والی جرمن فورسز کے پاس حفاظتی جیکٹوں، سردیوں کے کپڑوں اور خیموں تک کی کمی تھی۔ جرمن فوج کی ایک اندرونی رپورٹ میں سن دو ہزار اکیس تک ملکی ریپڈ فورسز کو درپیش ایسے تمام مسائل کے حل کا مشورہ دیا گیا ہے۔ نیٹو کی کمان میں ریپیڈ فورسز کا قیام سن دو ہزار چودہ میں عمل میں لایا گیا تھا۔

[pullquote]کینیڈین وزیر اعظم کا اہل خانہ سمیت مہاتما گاندھی کے آشرم کا دورہ[/pullquote]

ان دنوں بھارت کے دورے پر گئے ہوئے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹرُوڈو نے پیر کے روز اپنے اہل خانہ کے ساتھ ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں مہاتما گاندھی کے تاریخی آشرم کا دورہ کیا۔ بھارت کی آزادی کے اگلے ہی برس قتل کر دیے جانے والے مہاتما گاندھی اس شبرمتی آشرم میں ایک دہائی سے بھی زائد عرصے تک مقیم رہے تھے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم ٹرُوڈو اپنی اہلیہ اور تین بچوں کے ہمراہ ان دنوں قریب ایک ہفتے کے دورے پر بھارت میں ہیں۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور سیاسی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔

[pullquote]برطانیہ کا ٹی پی پی میں خیر مقدم کریں گے، آسٹریلوی وزیر خارجہ[/pullquote]

آسٹریلوی وزیر خارجہ جُولی بشپ نے کہا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے بعد لندن حکومت نے اگرٹرانس پیسیفک پارٹنرشپ یا ٹی پی پی نامی علاقائی تجارتی معاہدے میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی، تو آسٹریلیا اس کا خیر مقدم کرے گا۔ جُولی بشپ نے پیر کے روز لندن میں اپنے ایک خطاب کے دوران کہا کہ اگر برطانیہ کے اقتصادی حجم والی کوئی معیشت اس گیارہ ملکی تجارتی بلاک میں شامل ہونا چاہے، تو اسے خوش آمدید کہا جائے گا۔ قبل ازیں برطانوی وزیر تجارت لِیئم فوکس نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ فی الحال ایسا کہنا قبل از وقت ہو گا کہ آیا برطانیہ بریگزٹ کے بعد ٹرانس پیسیفک پارٹنرشپ میں شامل ہو جائے گا۔

[pullquote]لیٹویا میں مرکزی بینک کا گورنر رشوت کے مطالبے پر گرفتار[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن ملک اور بالٹک کی جمہوریہ لیٹویا میں مرکزی بینک کے گورنر کو رشوت مانگنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملکی دارالحکومت ریگا سے پیر کو ملنے والی رپورٹوں میں انسداد بدعنوانی کے ملکی محکمے کی طرف سے بتایا گیا کہ سینٹرل بینک گورنر اِلمارس رِمسےوِکس کو ویک اینڈ پر حراست میں لیا گیا۔ لیٹویا میں کرپشن کی روک تھام کے ملکی دفتر کے سربراہ جیکبز شٹراؤمے نے صحافیوں کو بتایا کہ گورنر رِمسےوِکس نے ایک واقعے میں اپنے لیے ایک لاکھ یورو رشوت مانگی تھی۔ گرفتاری کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]تبتی بدھ مت کا روحانی مرکز: اہم ترین عبادت گاہ آگ سے محفوظ رہی[/pullquote]

تبت میں جوکھانگ کے وسیع و عریض بدھ راہب خانے میں ویک اینڈ پر لگنے والی آگ کے دوران مرکزی عبادت گاہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ یہ بات بھارتی شہر دھرم شالہ میں قائم تبت کی جلاوطن حکومت کی طرف سے پیر کے روز بتائی گئی۔ تبت میں یہ بدھ راہب خانہ تیرہ سو سال پرانا ہے، جسے تبتی بدھ مت کا روحانی مرکز قرار دیا جاتا ہے۔ اس راہب خانے میں تبت کی ثقافت کے بہت سے خزانے محفوظ ہیں، جن میں بارہ برس کی عمر کے مہاتما بدھ کا ایک قدِ آدم مجسمہ بھی شامل ہے۔ اس قدیم راہب خانے میں آگ ہفتے کو لگی تھی، جب تبت کے باشندے سال نو کا جشن منا رہے تھے۔

[pullquote]ننگرہار میں داعش کے نو افغان مغویوں کی لاشیں مل گئیں[/pullquote]

مشرقی افغان صوبے ننگرہار میں نو ایسے مقامی باشندوں کی لاشیں مل گئی ہیں، جنہیں شدت پسند تنظیم داعش کے عسکریت پسندوں نے اغوا کر لیا تھا۔ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے پیر کے روز بتایا کہ یہ نو لاشیں ضلع آچین میں ایک اجتماعی قبر سے ملیں۔ خوگیانی کے مطابق یہ لاشیں ان بارہ افراد میں سے نو کی ہیں، جنہیں داعش نے قریب ڈیڑھ برس قبل اسی علاقے سے اغوا کیا تھا۔ ان تمام افراد کو بظاہر کافی عرصہ پہلے قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ علاقہ ماضی میں داعش کے ایک صوبائی کمانڈر حافظ سعید خان کا مضبوط گڑھ رہا ہے۔

[pullquote]شامی حکومت کی حامی فورسز عفرین میں داخلے کے قریب تر، سرکاری ٹی وی[/pullquote]

شام کے سرکاری ٹیلی وژن چینل الاخباریہ نے پیر انیس فروری کو بتایا کہ دمشق حکومت کی حامی فورسز شمال مغربی شام میں عفرین کے علاقے میں داخل ہونے ہی والی ہیں۔ اس نشریاتی ادارے نے اپنے ایک نامہ نگار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسد حکومت کی حامی پاپولر فورسز کا عفرین میں داخلہ اب صرف چند گھنٹوں کی بات ہے۔ عفرین میں ترک فوجی دستے شامی کردوں کے خلاف اپنی زمینی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کل اتوار کے روز شامی کرد فورسز کے ایک مشیر نے کہا تھا کہ عفرین میں مغربی دنیا کے حمایت یافتہ شامی کرد جنگجو اب صدر اسد کی حامی فوسرز کے ساتھ مل کر ترک دستوں کے خلاف کارروائیاں کریں گے۔

[pullquote]عراقی ملیشیا کے قافلے پر داعش کا حملہ، کم از کم ستائیس ہلاکتیں[/pullquote]

عراق میں حکومت نواز ملیشیا کے ایک قافلے پر داعش کے عسکریت پسندوں کے ایک خونریز حملے میں کم از کم ستائیس افراد مارے گئے۔ یہ حملہ اتوار اٹھارہ فروری کو رات گئے شمالی عراقی شہر کرکوک کے قریب پاپولر موبیلائزیشن فورسز یا پی ایم ایف کے ایک قافلے پر کیا گیا۔ پولیس اور پی ایم ایف کے کمانڈروں کے مطابق اس حملے کے بعد سے بغداد حکومت کی حامی اس ملیشیا کے کم از کم دس ارکان لاپتہ بھی ہیں۔ عراقی سکیورٹی فورسز کے اعلیٰ ذرائع نے پیر کو بتایا کہ یہ حملہ شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے ایسے جنگجوؤں نے کیا، جو عراقی پولیس کی وردیاں پہنے ہوئے تھے۔

[pullquote]کویت کی فلپائنی صدر کو دورے کی دعوت[/pullquote]

کویت کی سرکاری ایجنسی کونا کے مطابق ملکی حکومت نے فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے کو دورے کی دعوت دی ہے۔ اس دعوت کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان روزگار کی غرض سے آنے والے فلپائنی شہریوں پر مبینہ تشدد کے واقعات کے بعد پیدا ہونے والے اختلافات کو دور کرنا ہے۔ کویت کے نائب وزیر خارجہ خالد الجراح نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کام کے طریقہ کار کو منظم بنانے کے معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ ڈوٹیرٹے نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ فلپائنی باشندوں کو ملازمت کے لیے کویت بھیجے جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔

[pullquote]مسلمانوں کی امیگریشن یورپ کو تباہ کر دے گی، اوربان[/pullquote]

ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان نے کہا ہے کہ الیکشن میں کامیابی کی صورت میں وہ مہاجرین کے لیے کام کرنے والے اداروں پر ٹیکس بڑھا دیں گے۔ اپنے ’اسٹیٹ آف دی نیشن‘ خطاب میں اوربان نے خبردار کیا کہ مسلمانوں کی امیگریشن یورپ کو تباہ کر دے گی۔ اسی تناظر میں ان کی سیاسی پارٹی نے ایک ایسا قانون بھی تجویز کر دیا ہے، جس کے تحت ہنگری میں آنے والے مہاجرین کی فلاح وبہبود کا کام کرنے والی این جی اوز پر بھاری جرمانے عائد کیے جا سکیں گے۔ ہنگری میں آٹھ اپریل کو الیکشن منعقد کیے جا رہے ہیں۔

[pullquote]میرکل کی پارٹی کی نئی سیکرٹری جنرل زار لینڈ کی وزیر اعلیٰ کرامپ کارَین باؤر[/pullquote]

جرمنی میں وفاقی چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین سی ڈی یو کی نئی سیکرٹری جنرل صوبے زار لینڈ کی خاتون وزیر اعلیٰ آنے گرَیٹ کرامپ کارَین باؤر ہوں گی۔ یہ بات سی ڈی یو کے اندرونی حلقوں نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتائی۔ بتایا گیا ہے کہ سی ڈی یو کی سربراہ کے طور پر چانسلر میرکل آج پیر کے روز پارٹی کی مرکزی قیادت کو نئی سیکرٹری جنرل کے طور پر کرامپ کارَین باؤر کا نام تجویز کر دیں گی۔ پچپن سالہ کارَین باؤر، جو میرکل کی قریبی معتمد ہیں، سی ڈی یو میں تینتالیس سالہ پیٹر ٹاؤبر کی جگہ لیں گی۔ کل اتوار کے روز میرکل کی پارٹی کی طرف سے کہا گیا تھا کہ کافی عرصے سے بیمار چلے آ رہے ہیں ٹاؤبر قبل از وقت ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔

[pullquote]آٹھ سالہ بچہ دبئی پولیس کا اہلکار بن گیا[/pullquote]

ابو ظہبی: دبئی پولیس اور عرب امارات کی میک اے وش فاؤنڈیشن نے مشترکہ طور پر 8 سالہ اماراتی بچے کی خواہش پر اسے ایک دن کے لیے پولیس اہلکار بنادیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں 8 سالہ اماراتی بچے کو اس کی خواہش پر ایک دن کے لیےدبئی پولیس میں شامل کرلیا گیا۔ سیف الکتبی نامی بچے کو باقاعدہ طور پر دبئی پولیس کا مکمل لباس پہنایا گیا اور اس نے محکمے کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا جب کہ پولیس کے زیرِ استعمال لگژری کاریں بھی دیکھیں۔اسسٹنٹ کمانڈر انچیف برائے کمیونٹی امور میجرجنرل آل مری کا کہنا ہے کہ دبئی پولیس میک اے وش فاؤنڈیشن میں موجود سخت علیل بچوں کی خواہش کو پورا کرنے کی کوشش کرتی ہے کیوں کہ مختلف موذی امراض کے شکار بچوں کی خواہشیں پوری ہونے سے ان کی زندگیوں میں خوشیوں کی بہار آجاتی ہے۔

[pullquote]برطانوی وزیراعظم کا حجاب پہن کر مسجد کا دورہ[/pullquote]

لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے مسلم کمیونٹی کی دعوت پر تقریب ’میری مسجد کا دورہ کریں‘ میں حجاب پہن کر شرکت کی جس کا مسلم کمیونٹی نے خیر مقدم کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے برٹش مسلم کونسل کے زیرِاہتمام ہونے والی ایک تقریب ’’ میری مسجد کا دورہ کریں‘‘ میں شرکت کی جس میں انہوں ںے حجاب اوڑھ رکھا تھا۔ تقریب میں لندن کے میئر صادق خان اور لیبر پارٹی کے سربراہ جیرمی کوربن سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔تقریب کی منتظم برٹش مسلم کونسل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم تھریسامے کی باحجاب تصاویر شائع کی ہیں، جس میں وہ برطانیہ کے جنوب مشرق میں واقع کاؤنٹی برکشائر کی میڈن ہیڈ مسجد میں خطاب کر رہی ہیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس ایک قیمتی موقع ہے کہ اسلام کے حوالے سے درست معلومات حاصل کر سکوں اور اس بات کی یقین دہانی کروں کہ اسلام سلامتی کا مذہب ہے۔

[pullquote]شناختی کارڈ جاری کرنے کا بل پیش[/pullquote]

نئی دلی: بھارتی وزیرِ خزانہ ارون جیٹلی نے ملک بھر میں لاکھوں گائیں کو شناختی کارڈز جاری کرنے کے حوالے سے لوک سبھا (ایوان زیریں) میں بل پیش کردیا ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مودی سرکار نے گائے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے انہیں شناختی کارڈز اجرا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں بھارتی وزیرِخزانہ ارون جیٹلی نے لوک سبھا میں بل پیش کیا ہے جس میں تجویز دی گئی ہے کہ آئندہ مالی سال میں منصوبے کے تحت 40 لاکھ گائے کے شناختی کارڈز کی مد میں 45 کروڑ 17 لاکھ ( 70 لاکھ امریکی ڈالر) مختص کئے جائیں۔ مجوزہ منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں 40 لاکھ مویشیوں کو 12 عددی شناختی نمبر جاری کئے جائیں گے اور اسکیم کامیاب ہونے کی صورت میں ملک کی 30 کروڑ گائے بھینسوں کی نگرانی کے لیے مزید فنڈ بھی مختص کیے جائیں گے۔ارون جیٹلی کے پیش کردہ بل میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ منفرد شناختی نمبر دینے کا طریقہ کار ’آدھار‘ نامی قومی شناختی کارڈ اسکیم جیسا ہی ہوگا، منصوبے کی کامیابی کے بعد ملکی مویشیوں کا پتہ رکھا اور انہیں اسمگل ہونے سے بچایا جا سکے گا جب کہ لاوارث گائے بھینسوں کے لیے خصوصی مراکز بھی قائم کئے جائیں گے۔

[pullquote]آئس لینڈ کی پارلیمان میں ’’ختنے‘‘ پر پابندی کا بل پیش[/pullquote]

ریکیاوک: آئس لینڈ کی پارلیمان میں پیش کئے گئے بل کے تحت کسی بھی مذہبی یا ثقافتی وجہ سے ختنے کرانے والے کو 6 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آئس لینڈ کی پارلیمان میں مردوں کے ختنوں کے خلاف ایک قانونی مسودہ پیش کیا گیا ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بچوں کے ختنے کرتے ہوئے (انستھیزیا) جسم کو بے حس کرنے کی دوا استعمال نہیں کی جاتی بلکہ گھر میں موجود آلات استعمال کئے جاتے ہیں جن کے جراثیم سے پاک نہ ہونے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے جب کہ یہ عمل زیادہ تر ڈاکٹرز کے بجائے مذہبی رہنما کرتے ہیں، ایسے حالات میں کسی بھی قسم کا انفیکشن مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔بل میں کہا گیا ہے کہ تمام والدین کو پورا حق ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اپنے اپنے مذاہب کے تحت تعلیمات دیں لیکن ختنہ کرانے کا حق بچے کو خود ہونا چاہیے اور بچہ سمجھدار ہوکر فیصلہ کرے کہ اسے اس عمل سے گزرنا چاہئے یا نہیں۔ پارلیمان میں پیش کیے گئے قانونی مسودے کے تحت کسی بھی مذہبی یا ثقافتی وجہ سے ختنے کرانے والے کو چھ سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے اور آئس لینڈ مردوں کے ختنے پر پابندی عائد کرنے والا پہلا یورپی ملک ہوگا۔دوسری جانب آئس لینڈ کے اسلامک کلچرل سینٹر کے امام احمد صدیق کا کہنا ہے کہ ختنے کا عمل اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ایک اور ہمارے عقیدے کا حصہ ہے جسے مجرمانہ فعل قرار دینا سراسر غلط ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بل ہماری مذہبی آزادی پر حملہ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے