کلثوم نواز کو (ن) لیگ کا نیا صدر بنانے پر اتفاق ہوگیا، ذرائع

حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم و پارٹی صدر نواز شریف کی اہلیہ اور رکن قومی اسمبلی کلثوم نواز کو پارٹی کا نیا صدر بنانے پر اتفاق کر لیا گیا۔

پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں نواز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔

باوثوق ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ اجلاس میں کلثوم نواز کو (ن) لیگ کا مستقل صدر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ لندن میں زیر علاج کلثوم نواز بہت جلد آخری چیک اپ کروا کر پاکستان واپس آجائیں گی۔

ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سینٹ الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل کیا جائے گا۔

لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سینٹ انتخابات کسی صورت تاخیر کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پارٹی اجلاس میں نواز شریف نے 10 منٹ تقریر کی اور وہ زیادہ تر پارٹی رہنماؤں کے مشورے سنتے رہے۔

نواز شریف نے کہا کہ وہ کلثوم نواز کو واپس لانے کے لیے لندن جانا چاہتے تھے اور لندن سے واپسی پر عمرا ادا کرنے کا بھی ارادہ تھا، لیکن اب کچھ رکاوٹوں کی وجہ سے نہیں جارہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اجلاس میں کسی رہنما نے نواز شریف کے چھوٹے بھائی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو پارٹی صدر بنانے کا مشورہ نہیں دیا۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفرالحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پارٹی کی مرکزی ورکنگ کمیٹی آئندہ ہفتے پارٹی کا عبوری صدر مقرر کرے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے