جمعۃُ المبارک : 23 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اندرونی معاملات میں بھارت مداخلت نہ کرے، مالدیپ[/pullquote]

مالدیپ کی حکومت نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ اُس کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔ مالدیپ میں پائے جانے والے سیاسی بحران پر نئی دہلی حکومت نے تشویش کیا اظہار کرتے ہوئے مجموعی صورت حال کو مایوس کُن قرار دیا تھا۔ مالدیپ کی وزارت خارجہ نے اس بیان پر فوری طور پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مالدیپ کے دوست ممالک اور عالمی برداری بشمول بھارت کو اُس کے اندرونی معاملات میں غیر ضروری مداخلت سے اجتناب کرنا چاہیے۔ مالدیپ کی وزارت خارجہ نے ملک میں پیدا سیاسی بحران کی شدت کو تسلیم کرتے ہوئے اس ملکی تاریخ کا سب سے مشکل وقت بھی قرار دیا۔

[pullquote]جنوبی سوڈان کے فوجی افسران سے جنگی جرائم کے ارتکاب ہوا، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے کہا ہے کہ انہوں نے جنوبی سوڈان کی فوج کے چالیس سے زائد افسران کی نشاندہی کی ہے، جنہوں نے امکاناً جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ یہ اقوام متحدہ کی سابق رپورٹوں سے انحراف ہے، جن میں صرف جرائم کی نشاندہی کی گئی تھی اور اُس میں مبینہ ملزمان کے نام شامل نہیں تھے۔ اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کا تعلق عالمی ادارے کے کمیشن برائے انسانی حقوق سے ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق فوجی افسران کی نشاندہی شواہد اور انٹرویوز کے بعد کی گئی ہے۔

[pullquote]مغربی افریقہ میں فوجی آپریشن، یورپی یونین مالی امداد دوگنا کرے گی[/pullquote]

مغربی افریقہ کے علاقے ساحل میں جاری فوجی آپریشن کے لیے مالی امداد فراہم کرنے کے لیے ایک ڈونرز کانفرنس آج منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کانفرنس میں امریکا، جاپان اور ناروے سمیت پچاس ملکوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ مغربی افریقہ کے ساحل نامی علاقے میں انتہا پسند مسلمان عسکریت پسند اپنی مسلح کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس علاقے میں جاری فوجی آپریشنز کے لیے یورپی یونین کی جانب سے پہلے سے طے شدہ امدادی فنڈ کو دوگنا کرنے کا عندیہ سامنے آ چکا ہے۔ ساحل میں مالی نائیجر، چاڈ، برکینا فاسو اور موریطانیہ شامل ہیں۔ ان ملکوں کی مشترکہ فوج بھی عسکریت پسندی کے خلاف تیار کی جا چکی ہے۔

[pullquote]بھارت تک گیس پائپ لائن بچھانے کا اگلا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، ترکمانستان[/pullquote]

وسطی ایشیائی ریاست ترکمانستان کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان کے راستے پاکستان اور بھارت تک گیس پائپ لائن بچھانے کے اگلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اشک آباد حکومت کے مطابق گیس پائپ لائن کا اگلا مرحلہ افغانستان کے اندر بچھایا جائے گا۔ ابھی تک افغانستان میں اِس پائپ لائن کی سکیورٹی کے حوالے سے کچھ واضح نہیں ہے۔ ترکمانستانی صدر قربان قلی بردی محمدوف نے افغان سرحد پر اگلے مرحلے کے ابتداء پر صحافیوں کو بتایا کہ دنیا کے دوسرے بڑے گیس کے ذخیرے سے پاکستان، بھارت اور افغانستان کے صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔ یہ گیس کا ذخیرہ قلکینیش (Galkynysh) کے مقام پر واقع ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا کے نائب وزیراعظم مستعفی[/pullquote]

آسٹریلیا کے نائب وزیراعظم بارنابی جوائس نے آج 23 فروری کو اپنے منصب سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اپنی سیاسی جماعت نیشنل پارٹی کی قیادت کو بھی خیرباد کہہ دیا ہے۔ نیشنل پارٹی آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بُل کی قدامت پسند مخلوط حکومت میں جونیئر پارٹنر کے طور پر شامل ہے۔ نائب وزیراعظم اپنی پارلیمانی رکنبت سے مستعفی نہیں ہو رہے۔ اس طرح وزیراعظم ٹرن بُل کی حکومت کو پارلیمنٹ میں ایک نشست کی برتری حاصل رہے گی۔ جوائس کو اپنی خاتون میڈیا سیکرٹری کے ساتھ تعلقات کے الزام کا سامنا ہے۔ مستعفی ہونے والے نائب وزیراعظم گزشتہ برس دوہری شہریت کے الزام کا بھی سامنا کر چکے ہیں۔

[pullquote]سلامتی کونسل کو فوری کارروائی کرنے کی ضرورت ہے، ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے کے کوآرڈینیٹر پانوس مُومٹزس (Panos Moumtzis) نے کہا ہے کہ شامی علاقے مشرقی غوطہ میں خونریز بمباری کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ مشرقی غوطہ میں جنگ بندی کی اشد ضرورت ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی غوطہ کی صورت حال پر بظاہر کسی جانب سے کوئی بڑی عملی کارروائی سامنے نہیں آئی ہے اور یہ انتہائی افسوسناک ہے۔ مُومٹزس نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ بہتر گھنٹوں کے دوران مشرقی غوطہ میں شامی فوج کے زمینی و فضائی حملوں سے سینکڑوں زخمی اور کم از کم 370 ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جرمنی ہتھیار نہ دے، ہمیں کہیں اور سے مل جائیں گے، سعودی عرب[/pullquote]

سعودی وزیر خارجہ کے مطابق اگر جرمنی انہیں ہتھیار فروخت نہیں کرتا تو وہ کسی دوسرے ملک سے حاصل کر لیں گے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے جرمنی کے حکومتی اتحاد کے اس معاہدے پر ’حیرت‘ کا اظہار کیا ہے، جس میں یمن جنگ میں شریک فریقین کو مزید ہتھیار فراہم نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سعودی عرب نو ممالک پر مشتمل اس عسکری اتحاد کا سربراہ ہے، جو یمن میں سن دو ہزار پندرہ سے فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس جنگ میں ہزاروں افراد ہلاک جبکہ تیس لاکھ سے زائد یمنی بے گھر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]فلپائن: انسداد منشیات آپریشن میں 88 مشتبہ ملزمان ہلاک[/pullquote]

فلپائن میں انسداد منشیات آپریشن کے دوبارہ آغاز کے بعد سے اٹھاسی مشتبہ ملزمان ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس آپریشن کا دوبارہ آغاز تقریباﹰ تین ماہ پہلے کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ تین ماہ میں پانچ ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے۔ فلپائن میں ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق سن دو ہزار سولہ سے اب تک چار ہزار سے زائد مشتبہ ڈرگ اسمگلر ہلاک ہو چکے ہیں۔ فلپائن کے اس متنازعہ انسداد منشیات آپریشن کو انسانی حقوق کی تنظیمیں تنقید کا نشانہ بھی بناتی ہیں۔

[pullquote]دہشت گردی کی مالی معاونت کی گرے لسٹ میں پاکستان شامل، ذرائع[/pullquote]

سفارتی ذرائع کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو اُن ممالک میں شامل کر دیا ہے، جن کی نگرانی دہشت گردی کی مالی معاونت کے حوالے سے کی جاتی ہے۔ اس فیصلے کو پاکستانی اقتصادیات کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا قرار دیا گیا ہے۔ ٹاسک فورس کے اٹھارہ فروری سے شروع ہونے والے اجلاس میں امریکا نے اپنے یورپی اتحادیوں کی مدد سے پاکستان کی نگرانی کرنے کی درخواست دی تھی۔ یہ فیصلہ جمعرات کے روز کیا گیا تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ آخری ووٹنگ میں چین اور سعودی عرب نے بھی حصہ نہیں لیا تھا۔

[pullquote]مشرقی غوطہ پر بمباری کی ذمہ داری روس پر عائد ہوتی ہے، امریکا[/pullquote]

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ نے کہا ہے کہ شامی علاقے مشرقی غوطہ پر کی جانے والی بمباری اور اُس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کا ذمہ دار روس ہے۔ نوئرٹ نے یہ بھی کہا کہ روس کی حمایت و تائید سے ہی شامی فوج نے ایسی کارروائی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ، جس کے دوران اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ہیتھر نوئرٹ نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ روس ایک مرتبہ پھر فائربندی کی کاوشوں کو روکنے کی کوشش میں ہے۔ دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ ماسکو حکومت سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی پیش کردہ قرارداد کی حمایت کر سکتی ہے۔

[pullquote]میانمار میں روہنگیا کی دیہات بلڈوز کر دیے گئے[/pullquote]

تازہ ترین سیٹلائٹ امیجز سے ظاہر ہوا ہے کہ میانمار حکومت نے راکھین ریاست میں روہنگیا مسلمانوں کے کئی دیہات پوری طرح مسمار کر دیے ہیں۔ یہ سیٹلائٹ تصاویر امریکی ریاست کولوراڈو میں قائم ادارے ڈیجیٹل گلوب نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو فراہم کی ہیں۔ اس ادارے کے مطابق میانمار کی حکومت نے اپنی اس کارروائی سے اہم شہادتوں کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔ گزشتہ برس اگست میں مبینہ روہنگیا عسکریت پسندوں کے حملوں کے بعد میانمار کی فوجی کارروائی کے دوران لاکھوں روہنگیا مسلمانوں نے اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ حاصل کر لی تھی۔

[pullquote]ایران کا زیرسمندر جوہری ری ایکٹر تعمیر کرنے کا عندیہ[/pullquote]

ایرانی حکومت نے کہا ہے کہ وہ بحری جہازوں کے لیے زیر سمندر ایک جوہری ری ایکٹر تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ایران سن 2016 سے ایسے ری ایکٹر کی تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ایرانی حکومت کا یہ اشارہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی تازہ سہ ماہی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران جوہری ڈیل کی پاسداری جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب ماہرین کا خیال ہے کہ ایران کو زیر سمندر نیول نیوکلیئر ری ایکٹر کی تعمیر میں ابھی کئی برس درکار ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریائی جنرل کو گرفتار کر کے موت کی سزا دی جائے، جنوبی کوریائی اپوزیشن[/pullquote]

جنوبی کوریا کی قدامت پسند سیاسی جماعت لبرٹی کوریا پارٹی کے 70 کے قریب اراکین پارلیمنٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شمالی کوریائی جنرل کو گرفتار کر کے انہیں موت کی سزا دی جائے۔ شمالی کوریا کے اعلی فوجی افسر جنرل کِم یونگ چَول سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب میں اپنے ملک کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریا میں یہ تاثر ہے کہ جنرل چَول تقریباً آٹھ سال قبل جنوبی کوریا کے جنگی بحری جہاز کی تباہی میں ملوث تھے۔ اس بحری جہاز کے حادثے میں 46 جنوبی کوریائی سیلز کی موت واقع ہوئی تھی۔

[pullquote]آرمینیائی نسل کشی کی ولندیزی پارلیمانی قرارداد، ترک ردعمل[/pullquote]

ترکی نے ہالینڈ کے سفارت خانے کے ناظم الامور کو آج تیئیس فروری کو طلب کر کے اُس پارلیمانی قرارداد منظور کرنے کی مذمت کی ہے، جس میں ڈچ پارلیمنٹ نے پہلی عالمی جنگ کے دوران لاکھوں آرمینیائی باشندوں کی ہلاکتوں کو نسل کشی قرار دیا ہے۔ ترک حکومت کا مذمتی مراسلہ ڈچ سفارت کار کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے تھمایا گیا۔ بائیس فروری کو ڈچ پارلیمنٹ نے اس قرارداد کی منظوری دی تھی۔ یہ قرارداد موجودہ قدامت پسند حکومت میں شامل جونیئر پارٹنر کرسچین یونین نے مرتب کر کے پیش کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے