عمید آصف کی تباہ کن باؤلنگ، پشاور زلمی کی پہلی فتح

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز کامران اکمل اور تمیم اقبال نے اپنی ٹیم کو 69 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا خصوصاً کامران اکمل کا انداز جارحانہ تھا جنہوں نے تین چھکوں اور سات چوکوں مدد سے 32 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی تاہم سمیت پٹیل نے وکٹ کیپر بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد تمیم اقبال کا ساتھ دینے ڈیوین اسمتھ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ایک اور عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 52 رنز جوڑ کر اسکور 121 تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور محض 15 رنز کے فرق سے تمیم اور اسمتھ کے ساتھ ساتھ ڈیرن سیمی کی وکٹ حاصل کر کے پشاور زلمی کے بڑے اسکور کے خواب کو چکنا چور کردیا، تمیم نے 39 اور اسمتھ نے 30 رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں محمد حفیظ نے چند ہاتھ دکھا کر ٹیم کا 200 رنز تک پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی اس کوشش میں کامیاب نہ ہو سکے اور پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 176 رنز ہی بنا سکی، حفیظ نے 22 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ رومان رئیس، آندرے رسل، محمد سمیع اور سمیت پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا اور عمید آصف نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 25 رنز پر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا، لیوک رونچی تین، چیڈوک والٹن 11، آصف علی سات اور حسین طلعت دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے سبب اسلام آباد کے بلے بازوں پر دباؤ بڑھتا گیا اور نوجوان اسپنر ابتسام شیخ نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے اپنے تین اوورز میں یکے بعد دیگرے شاداب خان، آندرے رسل اور سمیت پٹیل جیسے آل راؤنڈرز کو آؤٹ کر کے اسلام آباد کی میچ میں واپسی کی رہی سہی امید بھی ختم کردی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے ناقابل شکست 54 رنز کی اننگز کھیل کر مزاحمت کی لیکن ان کی یہ کاوش بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اورور میں نو وکٹ کے نقصان پر 142 رنز ہی بنا سکی اور یوں پشاور زلمی نے 34 رنز سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں پلی فتح حاصل کر لی۔

پشاور زلمی کی جانب سے عمید آصف چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ابتسام بھی تین وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹد کے کپتان مصباح الحق میچ میں شرکت نہیں کر رہے جبکہ ان کی جگہ نوجوان فاسٹ باؤلر رومان رئیس کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پشاور زلمی میں کپتان ڈیرن سیمی، تمیم اقبال، کامران اکمل، محمد حفیظ، ڈوین اسمتھ، حارث سہیل، امید آصف، وہاب ریاض، ابتسام شیخ، کرس جورڈن اور محمد اصغر شامل ہیں۔

اسلا آباد یونائیٹڈ کی کپتانی رومان رئیس کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں لوک رونچی، چیڈوک والٹن، آصف علی، افتخار احمد، حسین طلعت، سمت پٹیل، اندرے رسل، شاداب خان، فہیم اشرف اور محمد سمیع شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا ایونٹ میں یہ پہلا میچ ہے جبکہ پشاور زلمی کا دوسرا میچ ہے۔

دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کو ایونٹ کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پی ایس ایل کے پہلے ایونٹ کا فاتح ہے۔

[pullquote]’آگے بھی مزید محنت کرتا رہوں گا‘، اسلام آباد کیخلاف تباہ کن بولنگ کرنیوالے عمید آصف[/pullquote]

دبئی: پشاور زلمی کی جانب سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف تباہ کن بولنگ کرنے والے عمید آصف نے کہا کہ وہ آگے بھی مزید محنت کریں گے۔

ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی ایسی کارکردگی کے بارے میں سوچتا نہیں ہے باقی ہر کوئی اچھا پرفارم کرنا چاہتا ہ۔

ان کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑی محنت کرتا ہے تو اللہ اس کا پھل ضرور دیتا ہے۔

عمید کا کہنا تھا کہ ایک ماہ قبل وہ کچھ مایوس تھے لیکن اس کے بعد کی جانے والی ٹوئٹ ان کی اہلیہ نے کی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آگے بھی انشاءاللہ وہ مزید محنت کریں گے۔

عمید نے اسلام آباد کے خلاف چار وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے