اتوار : 25 جنوری 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عدن، دوہرےخود کش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بارہ ہو گئی[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کے بندرگاہی شہر عدن میں ہفتہ چوبیس فروری کو کیے گئے خود کش حملے میں شدید زخمی ہونے والوں میں سے ایک خاتون اور تین بچے زیادہ خون بہنے اور گہرے زخموں کی وجہ سے جانبر نہیں ہو سکے۔ عدن کے طبی ذرائع کے مطابق تواحی کے علاقے میں کیے گئے حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد اب بارہ ہو گئی ہے۔ اس دوہرے خودکش حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے سات افراد شامل ہیں۔ حملے کی ذمہ داری جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حملے میں بارود سے لدی دو کاروں نے انسداد دہشت گردی فورس کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا تھا۔

[pullquote]شام کو ’شہید‘ کیا جا رہا ہے، پوپ فرانسس[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے شامی علاقے مشرقی غوطہ میں شہری ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پوپ کے مطابق مستقل بمباری سے شام کو ’شہید‘ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نےان ہلاکتوں کو غیر انسانی قرار دیا۔ پوپ نے تشدد کے فوری خاتمے اور امداد کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب فائر بندی کی قرار داد پر اتفاق رائے کے باوجود ایران نے کہا ہے کہ دمشق کے اطراف میں دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مشرقی غوطہ میں ایک ہفتے سے جاری بمباری کے دوران تقریباً پانچ سو عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]حوثی ملیشیا کے لیے ایرانی میزائل، مذمتی قرارداد پر ووٹنگ پیر کو ممکن[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یمن کے حوثی ملیشیا کو ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون طیارے فراہم کرنے پر جمع کرائی گئی مذمتی قرارداد پر رائے شماری پیر چھبیس فروری کو ہو سکتی ہے۔ سلامتی کونسل کے ماہانہ صدارت کے حامل ملک کویت کے سفارت کار منصور العتیبہ نے اتوار پچیس فروری کو بتایا کہ ایرانی اقدامات کی مذمت والی قرارداد کے متن میں بعض تبدیلیوں کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے لیکن پوری کوشش ہے کہ ووٹنگ پیر کو کر لی جائے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں روس کے سفیر واسلی نیبینزیا نے واضح کیا ہے کہ اس قرارداد کی مخالفت کی جائے گی۔

[pullquote]کابل میں فائرنگ سے سابق رکن پارلیمان ہلاک[/pullquote]

افغان حکام کے مطابق دارالحکومت کابل میں ایک سابق رکن پارلیمنٹ رفیع گُل افغان اپنے محافظوں کے ہمراہ موٹر کار پر سوار تھے، جب اُن پر نامعلوم افواد نے فائرنگ کی۔ اس فائرنگ میں رفیع گُل افغان اپنے ایک محافظ کے ہمراہ مارے گئے ہیں۔ فائرنگ کا یہ واقعہ کابل کی شمالی نواحی بستی خیر خانہ میں پیش آیا۔ رفیع گُل افغان پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا کے نائب سپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ کچھ عرصہ قبل تک افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے مشیر بھی تھے۔ حملہ آور اپنی کارروائی مکمل کرنے کے بعد فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]چین میں صدارتی عہدے کی مدت ختم کرنے پر غور[/pullquote]

چین میں صدارتی عہدے کی مدت ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق اس سلسلے میں کمیونسٹ پارٹی نے اپنی تجاویز پیش کر دی ہیں۔ چینی آئین کی رو سے کوئی بھی صدر دو مرتبہ سربراہ مملکت کے عہدے پر فائز رہ سکتا ہے۔ اگر یہ تجاویز منظور ہو جاتی ہیں تو موجودہ صدر شی جن پنگ 2023ء میں اپنی دوسری مدت صدارت ختم ہونے کے بعد بھی اس عہدے پر فائز رہ سکیں گے۔ مارچ میں پارلیمان اور نیشنل کانگریس شی جن پنگ کے دوسری مدت صدارت کی توثیق کرے گی۔

[pullquote]تازہ امریکی پابندیوں پر شمالی کوریا کی جانب سے شدید تنقید[/pullquote]

شمالی کوریا نے تازہ امریکی پابندیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ آج اتوار کو شمالی کوریائی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا دونوں کوریاؤں کے باہمی روابط میں ہونے والی بہتری کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سرمائی اولمپکس کے دوران جنوبی اور شمالی کوریا نے کامیابی کے ساتھ ایک دوسرے سے تعاون کیا ہے۔ شمالی کوریائی خبر رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق امریکا جزیرہ نما کوریا پر جنگ کے خطرات لے کر آیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پیونگ یانگ ان امریکی پابندیوں کو اپنے خلاف ایک ’جنگی اقدام‘ سمجھے گا۔

[pullquote]اسرائیل میں مسیحیوں کا مقدس ترین کلیسا بند[/pullquote]

اسرائیل میں مسیحی رہنماؤں نے آج اتوار کو یروشلم کے ایک مقدس گرجا گھر کو بند کر دیا ہے۔ ان رہنماؤں کے مطابق اسرائیلی حکومت کے ٹیکس سے متعلق اقدامات اور جائیداد کے مجوزہ قانون کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ یروشلم کے میئر نِیر برکات کے بقول جائیداد کے ٹیکس کی مد میں کلیسا پر 152 ملین یورو کے برابر کی رقم واجب الادا ہے۔ کلیسائے مقبرہ مقدس یروشلم میں اس مقام کے قریب ہے، جہاں پر مسیحی عقیدے کے مطابق حضرت عیسٰی کو مصلوب، دفن اور دوبارہ زندہ کیا گیا تھا۔

[pullquote]برلینالے: رومانیہ کی فلم ’گولڈن بیئر‘ کی حق دار ٹھہری[/pullquote]

جرمن فلمی میلے برلینالے میں سب سے بڑے ایوارڈ ’گولڈن بیئر‘ کی حق دار رومانیہ کی فلم ’ٹچ می ناٹ‘ کو ٹھہرایا گیا۔ اس میلے کی بین الاقوامی جیوری کے مطابق فلم ساز آدینا پنٹیلی کی یہ ایک تجرباتی فلم ہے، جس میں انسان کی جنسی حدود کی تلاش کو موضوع بنایا گیا ہے۔ ’ٹچ می ناٹ‘ ایک دستاویزی اور ایک روایتی سینما فلم کا امتزاج ہے۔ دوسری جانب امکانات کے باوجود کوئی بھی جرمن فلم اس میلے میں کوئی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ برلینالے فلمی میلہ جرمن دارالحکومت میں 15 فروری کو شروع ہو کر آج اتوار کو باقاعدہ طور پر ختم ہو رہا ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا میں سرمائی اولمپک ختم، ناروے پہلے نمبر رہا[/pullquote]

جنوبی کوریائی شہر پیونگ چنگ میں 23 ویں سرمائی اولمپکس آج اپنے اختتام کو پہنچ گئے ہیں۔ اختتامی تقریب میں جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ کے علاوہ شمالی کوریائی وفد کے سربراہ اعلیٰ جنرل کم یونگ چَول بھی موجود تھے۔ پیونگ چنگ میں ناروے 39 تمغوں کے ساتھ پہلے، جرمنی 31 میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ اس فہرست میں تیسرا نمبر کینیڈا کا ہے، جس کے کل میڈلز کی تعداد 29 ہے۔ 2022ء میں ونٹر اولمپکس چار سے بیس فروری تک چینی شہر بیجنگ میں منعقد ہوں گے۔

[pullquote]سلامتی کونسل میں شام میں جنگ بندی کی قرارداد پر اتفاق رائے[/pullquote]

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کئی روزہ کوششوں کے بعد شام میں جنگ بندی کی قرارداد پر اتفاق رائے ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق اس قرارداد میں جلد ہی تیس روزہ فائر بندی کی بات کی گئی ہے۔ اس دوران امدادی سامان کی ترسیل اور شدید زخمیوں کو متاثرہ علاقوں سے باہر نکالا جائے گا۔ اس قرارداد میں شامی باغیوں کے گڑھ مشرقی غوطہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سیریئن آبزرویٹری کے مطابق اس اتفاق رائے کے باوجود روسی طیاروں نے کل ہفتے کے روز مشرقی غوطہ پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھا۔

[pullquote]عالمی سطح پر تجارتی جنگوں کے خطرات کے خلاف تنبیہ[/pullquote]

عالمی ادارہ تجارت ’ڈبلیو ٹی او‘ کے ڈائریکٹر جنرل روبیرٹو آزیویدو نے عالمی سطح پر تجارتی جنگوں کے خطرات کے خلاف خبردار کیا ہے۔ آزیویدو کے مطابق 2008ء کے اقتصادی بحران کے بعد تجارتی شعبے میں اختلافات کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ ان کے بقول تجارتی شعبے میں سبقت لے جانے کی کوششیں کسی بھی وقت اور بہت غیر متوقع انداز میں شروع ہو سکتی ہیں۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے عالمگیریت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رائے میں عالمی تجارت کا کوئی متبادل نہیں ہے۔

[pullquote]شامی تنازعہ: پوٹن، ماکروں اور میرکل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ[/pullquote]

ماسکو حکومت کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے آج اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل ماکروں اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ٹیلی فون پر شامی تنازعے کی موجودہ صورت حال پر گفتگو کی ہے۔ روس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ تینوں رہنماؤں نے اس بات چیت کے دوران معلومات کے تبادلے پر اتفاق کرنے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی فائربندی کے نفاذ کو ممکن بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی۔ روسی حکومتی بیان میں تینوں رہنماؤں کی بات چیت کی مزید تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ دوسری جانب شام کے محصور زدہ علاقے مشرقی غوطہ پر دمشق حکومت کی بمباری اور شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]شمالی کوریائی حکومت امریکا سے مذاکرات کی خواہش رکھتی ہے، سیئول حکومت[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مُون جے اِن کے ساتھ شمالی کوریا کے اعلیٰ فوجی افسر جنرل کم یونگ چَول نے اپنے وفد کے ہمراہ پیونگ چنگ میں ایک گھنٹہ تک ملاقات کی۔ اس ملاقات میں جنرل کم نے جنوبی کوریائی صدر پر واضح کیا کہ اُن کی حکومت امریکا کے ساتھ مذاکرات کی خواہش رکھتی ہے۔ اس موقع پر جنوبی کوریائی صدر نے شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان جلد از جلد مذاکراتی عمل شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آج ختم ہونے والے سرمائی اولمپکس کے دوران جزیرہ نما کوریا کے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کی یہ دوسری ملاقات تھی۔ اس سے قبل شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن کی بہن بھی جنوبی کوریا کا دورہ کر چکی ہیں۔

[pullquote]مسیحیوں پر ظلم و ستم کے خلاف روم میں اجتماع[/pullquote]

گزشتہ شب دنیا بھر میں مسیحیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کے تعاقب کے خلاف اطالوی دارالحکومت میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر اطالوی بشپس کانفرنس کے سربراہ نُنزیو گالانتینو نے کہا کہ ایسے مسیحی صرف مذہبی جنونیت یا تعصب کا ہی نہیں بلکہ معاشرتی بے حسی کا شکار بھی ہوئے ہیں۔ اس اجتماع میں ان تقریباً 200 ملین مسیحیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا، جنہیں دنیا بھر میں مصائب کا سامنا ہے۔ اس موقع پر روم کا معروف کولوسیئم پانچ گھنٹوں تک سرخ روشنی میں ڈوبا رہا۔

[pullquote]راکھین سے روہنگیا اقلیت کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری[/pullquote]

میانمار سے روہنگیا مسلم اقلیتی باشندوں کی نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ابھی تک ہر ہفتے سینکڑوں روہنگیا مسلمان سرحد پار کر کے بنگلہ دیش پہنچ رہے ہیں۔ ان متاثرین نے اے ایف پی کو بتایا کہ بدھ بھکشو ان کے گھروں کو بدستور نذر آتش کر رہے ہیں جبکہ پورے کے پورے دیہات بھی ملیہ میٹ کیے جا رہے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ نے بتایا ہے کہ نومبر سے اب تک کم از کم پچپن دیہات پوری طرح مسمار کیے جا چکے ہیں۔ میانمارکی ریاست راکھین میں گزشتہ برس اگست سے جاری فوجی کارروائی کے باعث تقریباً سات لاکھ روہنگیا ہجرت پر مجبور ہو چکے ہیں۔

[pullquote]عدن کے خود کش حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 14 ہو گئی[/pullquote]

جنوبی یمن میں گزشتہ روز کیے جانے والے دوہرے خود کش حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چودہ ہو گئی ہے۔ سلامتی کے ذمے دار اداروں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے عدن میں انسداد دہشت گردی کے ذمے دار دستوں کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا۔ حملہ آوروں نے اس عمارت کے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکوں سے اڑا دیا، جس کے بعد مزید چھ دہشت گرد عمارت میں داخل ہو گئے تھے۔ جوابی کارروائی میں ان تمام چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

[pullquote]سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف قرارداد پر پیر کو رائے شماری کا امکان[/pullquote]

عالمی سلامتی کونسل میں ممکنہ طور پر کل پیر کے روز ایران کے خلاف ایک قرارداد پر رائے شماری ہو گی۔ سلامتی کونسل کے موجودہ صدر اور کویت کے سفیر منصور العتیبہ کے مطابق اس قرارداد کے مسودے پر کام پیر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ برطانیہ کی جانب سے ابتدائی طور پر تیار کی جانے والی اس دستاویز میں ایران کی جانب سے یمن کے شیعہ باغیوں کو میزائل اور ڈرون طیارے فراہم کرنے پر تنقید کی گئی ہے۔ تہران کے ان اقدامات کو ایران پر عائد اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

[pullquote]سری دیوی انتقال کر گئیں[/pullquote]

بھارتی فلمی صنعت کی معروف اداکارہ سری دیوی چّون برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سری دیوی اپنے بھتیجے کی شادی میں شرکت کے لیے دبئی گئی ہوئی تھیں، جہاں انہیں ہفتے کو رات گئے دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔ سری دیوی نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز محض چار برس کی عمر میں کیا تھا۔ ان کا فلمی کیریئر مجموعی طور پر چار عشروں سے بھی زائد عرصے پر محیط تھا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سری دیوی کی اچانک موت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]عراق، داعش میں شامل پندرہ ترک خواتین کے لیے سزائے موت کا عدالتی حکم[/pullquote]

عراق کی ایک فوجداری عدالت نے آج اتوار کے روز جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ میں شمولیت اختیار کرنے والی پندرہ ترک خواتین کو موت کی سزا دینے کا فیصلہ دیا ہے۔ ایک اور ترک خاتون کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی رکنیت حاصل کرنے کے جرم میں عمر قید کی حکم سنایا گیا ہے۔ عدالت سے تعلق رکھنے والے ایک اہلکار کے مطابق تمام خواتین نے عائد دہشت گردانہ الزامات کا اعتراف بھی کیا ہے۔ عراقی فوج نے داعش کو شکست دینے کے بعد 560 خواتین اور 600 بچوں کو اپنی تحویل میں لیا تھا۔ ان سب پر شبہ ہے کہ وہ جہادی تنظیم کے جنگجوؤں کے ساتھ گہرے تعلقات رکھتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے