نہال ہاشمی کی نااہلی سے خالی سینیٹ نشست پر ن لیگ کے حمایت یافتہ امیدواراسد اشرف کامیاب

لاہور: حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے نااہل ہونے والے سینیٹر نہال ہاشمی کی خالی نشست پر پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق (ن) لیگ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر اسد اشرف کامیاب ہو گئے ہیں۔

سینیٹ کی خالی نشست پر پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر اراکین اسمبلی نےووٹ کا حق استعمال کیا۔

ریٹرنگ افسر نے ملک وحید اور ثوبیہ انور کے ووٹ مسترد کردیے، وحیدگل پر مہر لگانے کے بعد ووٹ صوبائی وزیر کو دکھانےکاالزام تھا جبکہ ثوبیہ انور نے ووٹ پر غلط نشان لگادیا تھا۔ اپوزیشن اراکین نے ملک وحیدکےعمل پراحتجاج بھی کیاتھا۔

نہال ہاشمی کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر اسد اشرف اور تحریک انصاف کی ڈاکٹر زرقا تیمور کے درمیان مقابلہ تھا جبکہ پیپلز پارٹی نے نشست پر پولنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

پولنگ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن )کےحمایت یافتہ امیدوار ڈاکٹر اسد اشرف کو 298ووٹ ملے جب کہ تحریک انصاف کی امیدوار کی ڈاکٹر زرقا تیمور کو 38ووٹ ملے۔

کامیاب امیدوار نے جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے جیتا ہوں لیکن اپنی جیت نواز شریف کے قدموں پر نچھاور کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا جو بھی نظریہ ہے اس کو آگے بڑھاؤں گا۔

[pullquote]مریم نواز کا ردعمل[/pullquote]

(ن) لیگ کے نامزد سینیٹ امیدوار کی آزاد حیثیت میں جیت پر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ الحمداللہ !مسلم لیگ (ن )کے ہر رکن نے پارٹی کو ووٹ دیا۔

مریم نواز نے بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ کیا ملا آپ کو جماعت کا نام اور نشان چھین کر، کیا ملا سوائےناکامی بدنامی و ادارے کی رسوائی کے؟

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن )اور جمہوریت کے شیروں کو مبارک! پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی سازش ناکام ہو گئی کیونکہ پلاننگ صرف اللّہ کی چلتی ہے!

مریم نواز نے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اپنی جماعت مسلم لیگ (ن) کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے سازش کو ناکام بنا کر نئی تاریخ رقم کی اور پاکستان کی سیاست کو ایک نئی سمت دی ہے، ہمیں فخر ہے آپ پر۔

شاباش مسلم لیگ ن، شاباش ! آپ نے سازش کو ناکام بنا کر نئی تاریخ رقم کی اور پاکستان کی سیاست کو ایک نئی سمت دی۔ ہمیں فخر ہے آپ پر ???? ??

اس کے علاوہ مریم نواز نے پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی مکمل تعداد اور ان کے حمایت یافتہ امیدوار کو ملنے والے ووٹوں کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔

خیال رہے کہ سینیٹ کے ضمنی الیکشن کے لیے پنجاب اسمبلی کے ایوان کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا تھا جہاں کسی بھی رکن کو موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔

ڈاکٹر اسد اشرف مسلم لیگ (ن) کے امیدوار تھے تاہم اعلیٰ عدالت کے فیصلے کے بعد نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی اور بطور پارٹی صدر ان کے اقدامات کو کالعدم قرار دینے کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر اسد اشرف کو آزاد امیدوار ڈیکلیئر کیا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نہال ہاشمی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیے جانے کے بعد وہ سینیٹ کی نشست سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے