سرکاری حج اسکیم کے تحت 50 فیصد کوٹے کی قرعہ اندازی

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے سرکاری اسکیم کے تحت 2018 میں فریضہ حج کی ادائیگی پر جانے والے 50 فیصد کامیاب درخواست گزاروں کے ناموں کا کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے اعلان کر دیا۔

حج قرعہ اندازی کی تقریب وزارت مذہبی امور میں ہوئی جس میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات، سیکریٹری مذہبی امور سمیت پنچاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پیر محمد امین الحسنات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری حج اسکیم کے لیے ملک بھر سے 3 لاکھ 74 ہزار 857 درخواستیں موصول ہوئیں، ان عازمین نے ایک لاکھ 7 ہزار 801 گروپس کی شکل میں حج کے لیے درخواستیں دیں، جبکہ حج درخواستیں 15 جنوری سے 24 جنوری تک وصول کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ رواں برس سرکاری حج اسکیم کے تحت 67 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا تھا، تاہم نجی ٹور آپریٹرز کی جانب سے معاملہ عدالت میں لے جایا گیا لہٰذا اب قرعہ اندازی 50 فیصد کے کوٹے کے حساب سے کی جائے گی اور عدالت کے فیصلے کی روشنی میں بقیہ 17 فیصد کوٹے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے 50 فیصد کوٹے کی قرعہ اندازی کی گئی ہے جس کے تحت 87 ہزار 813 خوش نصیبوں کا اعلان کردیا گیا، اگر مزید نشستیں سرکاری کوٹہ میں ملیں تو ان کا انتخاب ان درخواست گزاروں میں سے کیا جائے گا جو کہ اپنی رقوم بینکوں سے واپس نہیں لیں گے۔

پیر امین الحسنات نے کہا کہ تمام درخواست دہندگان کو کامیابی یا ناکامی کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس ان کے دیئے گئے موبائل نمبرز پر کر دی جائے گی اور اگلے روز سے خطوط بھی ارسال کر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کی بڑھتی ہوئی بے چینی اور جمع شدہ رقوم کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت نے وفاقی کابینہ سے درخواست کی تھی کہ پاکستان کے مجموعی کوٹے میں سے 50 فیصد کی قرعہ اندزای کرنے کی اجازت دی جائے، قرعہ اندازی مکمل طور پر شفاف ہے اور اس میں وزارت کا کوئی کردار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ناکام درخواست گزار اپنی جمع شدہ رقم جمعہ سے اپنی متعلقہ بینک برانچ میں رابطہ کر کے واپس لے سکتے ہیں، جس کے لیے وزارت سے کسی قسم کی اجازت کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ 80 سال سے زائد عمر کے عازمین کے لیے 10 ہزار کا الگ کوٹہ رکھا گیا تھا، جنہیں اپنے ایک معاون کے ہمراہ بغیر قرعہ اندازی کے ہی کامیاب قرار دے دیا گیا، جبکہ گزشتہ تین سال کی قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والوں کے لیے بھی 10 ہزار کا الگ کوٹہ رکھا گیا تھا۔

رواں سال ذوالحج کے مہینے میں پاکستان سے 1 لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج فریضے کی ادائیگی کریں گے۔

حکومت کی جانب سے حج کے لیے شمالی علاقہ جات بشمول پنجاب اور خیبر پختونخوا کا پیکج 2 لاکھ 80 ہزار روپے رکھا گیا ہے۔

پاکستان کے جنوبی علاقہ جات بشمول کراچی، کوئٹہ اور سکھر کا پیکج 2 لاکھ 70 ہزار مقرر کیا گیا ہے۔

فریضہ حج کے ساتھ ساتھ قربانی کرنے کے خواہش مند افراد کو 13 ہزار 50 روپے حج پیکج کے علاوہ جمع کروانا ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے