70 سال سے ملک کیساتھ جو کچھ ہورہا ہے اس سے بغاوت کرتا ہوں: نوازشریف

بہاولپور: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا کہنا ہےکہ پچھلے 70 سالوں سے ملک کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے اس سے بغاوت کرتا ہوں۔

بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ایسا جشن کبھی نہیں دیکھا، یہ الیکشن سے پہلے الیکشن ہوگیا بلکہ ریفرنڈم بھی ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سالوں میں مخالفین نے کچھ کرنے نہیں دیا، کبھی دھرنے، جلسے جلوس اور کبھی عدالتوں میں گئے لیکن (ن) لیگ اور نوازشریف نے پاکستان کے بڑے بڑے مسائل ختم کردیئے، ہم نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا، بجلی واپس لے آئے، ہمیں ناز ہے ہم نے ملک کے بڑے مسائل ختم کردیئے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت بڑا معرکہ مارا ہے، کسی اور پارٹی کا نام لیں، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور کسی بھی پارٹی کا نام لیں، کسی نے کبھی کوئی موٹروے بنائی؟ کیا کسی نے اتنے بجلی کے کارخانے لگائے؟ کیا کسی نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا؟ یہ سب ٹانگیں کھینچنے والے لوگ ہیں، ان کی ٹانگیں اب عوام نے کھنیچنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس لیے نکالا گیا کہ میں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، اگر تنخواہ لی ہوتی تو پھر کیا ہوتا؟ کہتے ہیں تم وزارت عظمیٰ سےنااہل ہو، کہتے ہیں ہمیشہ کے لیے نااہل کرنا ہے، کیا عوام کو یہ منظور ہے؟

پچھلے 70 سالوں میں ہماری نسلوں کے ساتھ ظلم ہوا، قائد مسلم لیگ (ن)
میاں نوازشریف نے کہا کہ ملک کے ساتھ 70 سالوں سے ظلم ہوا، ہماری نسلوں کے ساتھ ظلم ہوئے ہیں، ہم نے 70 سالوں میں بہت ٹھوکریں کھائی ہیں، پاکستان کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، جو کچھ ملک کے ساتھ ان 70 سالوں سے ہورہا ہے اس سے بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت تک قابل نہیں بن سکتا جب ہم 70 سالوں کی تاریخ کو نہیں بدلیں گے، آپ کا مستقبل روشن کرنے کے لیے ہر وہ کام کروں گا جو آپ کے مستبقل تابناک کرے، ہمارے آئندہ 70 سال پچھلے 70 سالوں سے بہت بہتر ہونے چاہیئں اور وہ تب بہتر ہوں گے جب ہم اپنا حق مانگیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر اپنا حق نہ ملے تو اسے چھین لیں، ہم یہ طے کریں گے کہ اپنے ووٹ کی عزت کرائیں گے، یہ عوام کا مجھ سے وعدہ ہونا چاہیے، نوازشریف وہ وعدہ نہیں کرتا جو پورا نہ کرسکے، 70 سالوں سے ووٹ پاؤں تلے روندتے رہے ہیں، عوام وعدہ کریں ہم آئندہ کسی کو بھی ووٹ کو پائوں تلے روندنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

دوسری جانب جلسے سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات اور چیئرمین سینیٹ کے لیے منڈیاں لگی ہوئی ہیں لیکن ووٹ بیچنے والوں کو رونا پڑے گا، عمران خان پچھلے دنوں ایک ہی بات کررہے تھے کہ ان کے ارکان بک گئے لیکن اب عمران نے اپنے 12 سینیٹرز کو زرداری کے قدموں میں ڈال دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس کو پاکستان کی سب سے بڑی بیماری، ڈاکو اور چور کہا، آج اسی کے قدموں میں اپنے سینیٹرز کو ڈھیر کردیا۔ تحریک انصاف نے 2017 میں 70 لاکھ ووٹ لیے لیکن اس جماعت نے 500 ووٹ لینے والے کے ہاتھ اپنی پارٹی پکڑادی ۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے زرداری صاحب کے دربار پر عبدالقدوس کی چادر میں چھپ کر حاضری دی لیکن آپ کیا سمجھتے ہو، عوام کو پردے کے پیچھے سے کچھ نظر نہيں آرہا۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ کہا کہ تمہاری لڑائی نوازشریف سے ہے لیکن ہتھیار زرداری کے سامنے ڈال دیئے، عمران نے جو آصف زرداری سے پس پردہ ہاتھ ملایا ہے اس ڈرامے کا ڈراپ سین جلدی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عمران کے گھر کی ریگولرائزيشن نہيں چاہیے، یہ معاملہ این او سی کا نہيں جھوٹ کا ہے اور یہ معاملہ کاغذات کا نہیں بلکہ جھوٹ بولنے اور عدالت میں جعلی کاغذات داخل کرانے کا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازشریف 5 روپے کا جرم ثابت ہوئے بغیر سزائیں بھگت رہے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ جمہوریت آئین اور قانون کی حکمرانی کے لیےآج بھی سینہ تان کے کھڑے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے