پیر : 12 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان ضلعے کا کنٹرول حاصل کرنے کی لڑائی، تیس سے زائد ہلاک[/pullquote]

افغان سکیورٹی فورسز ضلع اناردارا پر طالبان کا قبضہ ختم کرنے کی لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے اس لڑائی میں کم از آٹھ سکیورٹی اہلکاروں کے مرنے اور پندرہ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان کے مطابق پچیس طالبان عسکریت پسند بھی ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ افغان سکیورٹی فورسز کو عسکریت پسندوں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ اناردارا کی لڑائی میں افغان فوج کو جنگی طیاروں کی مدد بھی حاصل ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پندرہ سکیورٹی اہلکار لاپتا ہیں۔ اناردارا مغربی افغان صوبے فراہ میں واقع ہے۔ حالیہ عرصے میں یہ صوبہ عسکریت پسندوں کے حملوں کا مرکز بن چکا ہے۔

[pullquote]حکومتی وعدوں پر بھارتی کسانوں کا احتجاج منسوخ[/pullquote]

بھارتی ریاست مہاراشٹر کی حکومت نے احتجاج کرنے والے کسانوں کی شکایات کے ازالے کے لیے تحریری وعدے دیے ہیں۔ آل انڈیا کسان سبھا کے صدر اشوک دھوالے نے احتجاج منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ تحریری وعدوں کی صورت میں انہیں بہت بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ مہاراشٹر کے مختلف علاقوں سے پینتیس ہزار سے زائد کسان 180 کلومیٹر کا سفر چار ایام میں پیدل طے کرتے ہوئے پیر بارہ مارچ کو ریاستی دارالحکومت ممبئی پہنچے تھے۔ سرخ ٹوپیاں پہنے اور سرخ پرچم لہراتے ہوئے یہ کسان دودھ اور غلے کی قیمت خرید میں اضافہ کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ایک برس کے دوران یہ کسانوں کا دوسرا بڑا احتجاج ہے۔

[pullquote]ترک فوج کی آمد سے قبل عفرین کے شہری جان بچانے کی فکر میں[/pullquote]

شمالی شام کے اسٹریٹیجک نوعیت کے شہرعفرین پر ترک فوج اور اُس کی ملیشیا کی چڑھائی جاری ہے۔ اس شہر پر ترک فوج کے قبضے سے قبل مقامی لوگ اپنی جانیں بچانے کی فکر میں دوسرے علاقوں کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔ قریبی قصبے نُوبل میں عفرین کے دو ہزار سے زائد شہری پہنچ چکے ہیں۔ اسی طرح دوسرے علاقوں کی جانب جانے والی سڑکوں پر سینکڑوں لوگ مال و اسباب سمیت نقل مکانی کرتے دیکھے جا رہے ہیں۔ ترکی کی حامی ملیشیا عفرین کے نواح تک پہنچ چکی ہے۔ ترک سرحد کے قریب عفرین سب سے بڑا شامی شہر ہے۔ اس پر قبضے کے لیے ترک فوجی آپریشن رواں برس بیس جنوری سے شروع ہے۔

[pullquote]سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم[/pullquote]

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے ملک کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ خالدہ ضیاء کو گزشتہ ماہ بدعنوانی کے الزامات کے تحت پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ وہ دو بار ملک کی وزیر اعظم رہ چکی ہیں۔ خالدہ ضیاء کی سیاسی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ایک سینیئر رہنما اور ان کے وکیل مودود احمد کے مطابق عدالت نے سابق وزیر اعظم کو چار ماہ کے لیے ضمانت پر رہائی کا حکم دیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ خالدہ ضیاء کی رہائی کے اس فیصلے سے ان کی جماعت کے رواں برس دسمبر میں ہونے والے عام انتخابات میں شمولیت کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

[pullquote]شامی جنگ میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے، سیریئن آبزرویٹری[/pullquote]

شامی خانہ جنگی پر نظر رکھنے والی تنظیم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ شامی جنگ میں اب تک ساڑھے تین لاکھ سے زائد افرا د ہلاک ہو چکے ہیں۔ برطانیہ میں قائم اس تنظیم کی معلومات کا دارومدار شام بھر میں موجود انسانی حقوق کے کارکن اور دیگر ذرائع پر ہے۔ سیرین آبزرویٹری کے مطابق 15 مارچ 2011 سے شروع ہونے والی شامی خانہ جنگی میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی حتمی تعداد 353,395 ہے۔

[pullquote]ہر تیسرا ہتھیار بھارت، سعودی عرب، مصر اور متحدہ عرب امارات نے خریدا، سپری کی رپورٹ[/pullquote]

دنیا بھر میں ہتھیاروں کی خرید و فروخت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ امن پر تحقیق کرنے والے سویڈش ادارے سپری کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 2008ء سے 2012ء کے مقابلے میں دس فیصد زیادہ اسلحہ بارود درآمد و برآمد کیا گیا۔ سپری کی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس میں ہر تیسرا ہتھیار بھارت، سعودی عرب، مصر اور متحدہ عرب امارات نے خریدا۔ اور یہی وہ ریاستیں ہیں، جن کی اسلحے کی درآمدات دو گنا بڑھی ہیں۔ اسلحہ کی فروخت میں امریکا پہلے نمبر پر، دوسرا روس، تیسرا فرانس، چوتھے پر جرمنی اور پانچویں نمبر پر چین ہے۔

[pullquote]راکٹ حملے میں سات افغان شہری ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگر ہار میں مبینہ طور پر طالبان کی طرف سے داغے گئے ایک راکٹ حملے میں تین خواتین اور دو بچوں سمیت سات افغان شہری مارے گئے ہیں۔ ننگر ہار صوبے کے گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی کے مطابق طالبان عسکریت پسندوں نے ضلع بتی کوٹ کے علاقے میں اتوار کی شب ایک کار کو روکنے کی کوشش اور جب یہ کار نہیں رُکی تو ایک طالبان عسکریت پسند نے اس پر ایک راکٹ فائر کر دیا جس کی وجہ سے کار میں سوار شہری اور اسے روکنے کی کوشش کرنے والا طالبان جنگجو مارا گیا۔ اس حملے میں دو دیگر عام شہری زخمی بھی ہوئے۔

[pullquote]بھارتی فوجیوں کی طرف سے تین باغیوں کو مارنے پر بھارتی زیر انتظام کشمیر میں مظاہرے اور جھڑپیں[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز اور علیحدگی پسندوں کے درمیان ہونے والی ایک جھڑپ میں تین باغی مارے گئے ہیں۔ یہ بات بھارتی پولیس کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ اس واقعے کے بعد اس متنازعہ علاقے میں بھارت مخالف مظاہروں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بھارتی فورسز نے باغیوں کی موجودگی کی مخبری پر آج پیر کو علی الصبح ضلع اننت ناگ کے ایک گاؤں میں چھاپہ مارا تو فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ تین کشمیریوں کی ہلاکت کی خبر پھیلی تو کئی علاقوں میں بھارت مخالف مظاہرے شروع ہو گئے اور مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی۔

[pullquote]روہنگیا مہاجرین کے لیے ساڑھے نو سو ملین ڈالرز کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مطابق بنگلہ دیش میں موجود روہنگیا مہاجرین کے لیے رواں برس کے دوران ساڑھے نو سو ملین ڈالرز کی ضرورت ہے۔ اس عالمی ادارے نے بتایا کہ یہ رقم بنیادی ضرورت کی اشیاء، رہائش اور طبی شعبے پر خرچ کی جائے گی۔ اس بیان میں واضح کیا گیا کہ مون سون بارشیں شروع ہونے سے قبل ہی تقریباً ایک لاکھ مہاجرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جانا ضروری ہے۔ اندازوں کے مطابق میانمار سے فرار ہو کر دس لاکھ روہنگیا بنگلہ دیش میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

[pullquote]مشرقی غوطہ سے 52 عام شہریوں کو نکال لیا، روسی فوج[/pullquote]

روسی فوج نے کہا ہے کہ اس نے باغیوں کے قبضے میں موجود مشرقی غوطہ میں محصور عام شہریوں میں سے 52 کو نکال کر محفوظ علاقے میں منتقل کر دیا ہے۔ روسی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق مقامی حکام کے ساتھ مذاکرات کے بعد جن شہریوں کو وہاں سے نکالا گیا ہے ان میں 26 بچے بھی شامل ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مصرابہ کے علاقے سے نکالے گئے ان عام شہریوں کو فی الحال ایک عارضی مہاجر کیمپ میں منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

[pullquote]ویانا: ایرانی سفیر کی رہائش گاہ کے باہر چاقو سے حملہ کرنے والے کو گولی مار دی گئی[/pullquote]

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایرانی سفیر کی رہائش گاہ کے سامنے چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور آسٹریا کا شہری تھا۔ بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی حملہ آور نے سفیر کے گھر کے باہر موجود محافظ کو نشانہ بنایا تو اس نے پہلے مرچوں والے اسپرے کا استعمال کیا مگر بعد میں اسے ذاتی دفاع میں گولی چلانا پڑی۔ محافظ کو معمولی زخم آئے ہیں۔ اس واقعے کا پس منظر تاحال غیر واضح ہے۔ اس حملے کے بعد ویانا میں تعینات سفیروں کے لیے حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ، اُن ملاقات کے لیے جنوبی کوریا چین اور روس کے تعاون کا خواہاں[/pullquote]

جنوبی کوریا نے اپنا سفارت کار بیجنگ اور ماسکو بھیجا ہے تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن کے درمیان طے شدہ ملاقات کے لیے چین اور روس کا تعاون حاصل کیا جا سکے۔ جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن کے مشیر برائے سلامتی امور چُنگ اوئی یونگ آج بیجنگ میں چینی صدر شی جِن پِنگ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریائی میڈیا کے مطابق چُنگ اوئی کل منگل کے روز ماسکو جائیں گے۔ جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ سُوہ ہون اسی دوران ٹوکیو کا دورہ کریں گے جہاں وہ جاپانی حکومت کو اس ملاقات کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔

[pullquote]نیویارک میں ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ، تمام پانچ مسافر ہلاک[/pullquote]

امریکی شہر نیویارک میں ایک ہیلی کاپٹر گِر کر تباہ ہو گیا ہے جس پر پائلٹ سمیت چھ افراد سوار تھے۔ پولیس کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر اتوار کے روز نیویارک کے مشرق میں واقع دریا میں گِر کر تباہ ہوا جس کی وجہ سے پانچوں مسافر ہلاک ہو گئے جبکہ پائلٹ بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔ نیویارک سٹی کے ترجمان کے مطابق دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ تین دیگر کو ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ پولیس کے مطابق پائلٹ اس ہیلی کاپٹر سے نکلنے میں کامیاب رہا جسے امدادی کارکنوں نے بچا لیا اور اس کی حالت بہتر ہے۔

[pullquote]ویسٹ انڈیز اپریل کے آغاز میں تین ٹی ٹونٹی میچ کی سیریز کھیلے گا، نجم سیٹھی[/pullquote]

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کراچی میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے پر رضامند ہو گیا ہے۔ نجم سیٹھی نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں یہ خوشخبری سناتے ہوئے لکھا کہ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے ساتھ یکم، دو اور چار اپریل کو کراچی میں تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ خیال رہے کہ ان دنوں متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جانا ہے۔ 2009ء میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد اب بتدریج پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے۔

[pullquote]ہزارہا بھارتی کسانوں کا احتجاجی مارچ[/pullquote]

بھارت کے صوبہ مہاراشٹر میں ہزارہا کسان احتجاجی مارچ کرتے ہوئے آج پیر کے روز ریاستی دارالحکومت ممبئی پہنچ گئے ہیں۔ یہ کسان 112 کلومیٹر کا سفر پیدل طے کر کے ممبئی پہنچے ہیں۔ ان کسانوں کا مطالبہ ہے کہ انہیں زرعی قرضوں کی ادائیگی میں چھوٹ دی جائے اور جنگلاتی زمین کو ان کسانوں کی ملکیت میں دیا جائے جو کئی دہائیوں سے اسے کاشت کر رہے ہیں۔ سرخ ٹوپیاں پہنے اور سرخ پرچم لہراتے ہوئے یہ کسان نعرے لگا رہے تھے کہ دودھ اور غلے کی قیمت خرید میں اضافہ کیا جائے۔ ایک برس کے دوران یہ کسانوں کا دوسرا بڑا احتجاج ہے۔

[pullquote]پاکستانی سینیٹ میں نئے سینیٹرز نے حلف اٹھا لیا[/pullquote]

پیرہ بارہ مارچ کو پاکستان کی سینیٹ میں نئے اکاون ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کے بعد نئے چیئرمین کے لیے رائے شماری مکمل کی گئی۔ اپوزیشن کے امیدوار میر صادق سنجرانی نے حکومتی امیدوار راجہ ظفرالحق کو شکست سے دوچار کر دیا۔ پاکستان کے جنوبی صوبے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سیاستدان میر صادق سنجرانی کو ستاون ووٹ ملے۔ نو منتخب چیئرمین کو پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، اراکان فاٹا اور بلوچستان کے آزاد سینیٹرز کی حمایت حاصل تھی۔ اور آج سینیٹ میں اسحاق ڈار حلف نہیں اٹھا سکے، وہ علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں۔

[pullquote]کھٹمنڈو ایئرپورٹ پر مسافر جہاز کریش، 49 ہلاک 22 زخمی[/pullquote]

ایک بنگلہ دیشی مسافر بردار جہاز نیپالی دارالحکومت کھٹمنڈو کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرتے ہوئے کریش ہو گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 49 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 22 افراد زخمی ہیں۔ نیپالی حکام کے مطابق زمین سے ٹکرانے کےبعد یہ طیارہ کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ جہاز یو ایس بنگلہ ایئر لائن کا ہے جو ایک پرائیویٹ ہوائی کمپنی ہے۔ اس جہاز پر کُل 71 افراد سوار تھے۔

[pullquote]فرانسیسی صدر مزید آبدوزیں اور لڑاکا طیارے بھارت کو فروخت کرنے کے لیے پر عزم[/pullquote]

بھارت کے دورے پر پہنچے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کا ملک بھارت کو مزید لڑاکا طیارے اور آبدوزیں فروخت کر سکتھ ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماکروں کا کہنا تھا کہ فرانس پہلے سے طے شدہ معاہدوں کے علاوہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہے۔ ان کا اشارہ 2005ء میں طے پانے والی تین اسکورپیئن آبدوزوں اور 2016ء میں 36 رافائل طیاروں کی فروخت کے معاہدوں کی جانب تھا۔ ماکروں تین روزہ بھارتی دورے پر ہیں۔ انہوں نے آج بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ورانسی میں دریائے گنگا میں کشتی کی سواری بھی کی۔

[pullquote]میرکل روسی حکومت کے ساتھ یوکرائن امن معاہدے میں توسیع کے لیے پر عزم[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ روس میں رواں ماہ ہونے والے انتخابات کے بعد یوکرائن میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے مِنسک امن معاہدے کو مزید توسیع دینے کا موقع پیدا ہو گا۔ برلن میں اتحادی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران میرکل کا کہنا تھا کہ روس پر پابندیوں کے خاتمے کے بارے میں بات چیت سے قبل کچھ اقدامات کا انتظار کرنا بہتر ہو گا۔ میرکل نے امید ظاہر کی کہ روس میں انتخابات کے بعد مناسب موقع ہو گا کہ مِنسک معاہدے میں مزید پیش رفت پیدا کی جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے