بدھ : 14 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اقوام متحدہ کے مبصرین کی موجودگی میں بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ، 2 افراد زخمی[/pullquote]

اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے بھارت اور پاکستان (یو این ایم او جی آئی پی) کے تین اہلکاروں کے لائن آف کنٹرول کے دورے کے دوران ان کو صورت حال سے آگاہ کرنے والے دو مقامی افراد کو بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے زخمی کردیا تاہم اقوام متحدہ کے اہلکار محفوظ رہے۔عباس پور کے پولیس حکام نے ڈان کو ٹیلی فون پر بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ضلع پونچ کے عباس پور سیکٹر میں پیش آیا جہاں اقوام متحدہ کے مبصرین اقوام متحدہ کے لگی دو گاڑیوں پر وہاں پہنچے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے مبصرین پولاس گاؤں میں مقامی افراد سے بات چیت کر رہے تھے کہ وہاں سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر لائن آف کنٹرول کے دوسرے جانب موجود بھارتی فوجیوں نے ان پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں پولاس گاؤں کے سردار صغیر اور اس کے نواحی تاروتی گاؤں کے محمد اعظم قریشی شدید زخمی ہوگئے۔

[pullquote]اسٹیفن ہاکنگ کے انتقال پر عالمی ردعمل[/pullquote]

معروف برطانوی سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ کے انتقال پر عالمی سطح پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ نظریاتی طبیعات کے سائنسدان ہاکنگ گزشتہ رات 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے ہاکنگ کی وفات کو ایک بڑا دھچکا قرار دیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے کہا ہے کہ ہاکنگ دور حاضر کے ایک عظیم سائنسدان تھے۔ ہاکنگ ’موٹر نیورون‘ نامی ایک اعصابی بیماری میں مبتلا ہونے کے باعث ایک طویل عرصے سے مفلوج زندگی گزار رہے تھے۔ انہیں سائنسی میدان میں اپنی کامیابیوں کی وجہ سے متعدد بین الاقوامی انعامات بھی دیے گئے تھے۔

[pullquote]شام کی صورتحال پر روسی اور ترک وزرائے خارجہ کی گفتگو[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے اپنے ترک ہم منصب مولود چاؤش آولُو کے ساتھ شام کی صورتحال پر گفتگو کی ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی طرف سے بدھ کے دن بتایا گیا ہے کہ دونوں سفارتکاروں نے بالخصوص مشرقی غوطہ پر اپنی توجہ مرکوز کی، جہاں شامی فورسز باغیوں کے خلاف عسکری کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شامی دستوں کو اس کارروائی میں روسی فوج اور حامی ملیشیا گروہوں کا تعاون بھی حاصل ہے۔ گزشتہ روز ہی باغیوں کے زیر قبضہ اس علاقے میں روسی بمباری کے نتیجے میں بارہ باغی مارے گئے، جن میں مبینہ طور پر دو اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔

[pullquote]فلپائن نے آئی سی سی دستبرداری کا اعلان کر دیا[/pullquote]

فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔ فلپائن نے اس عالمی عدالت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے ایک ڈیل کی توثیق کر رکھی تھی تاہم بدھ کے دن ڈویٹرٹے نے اس حکومتی فیصلے کو واپس لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدالت فلپائن کے خلاف ’ایک سیاسی آلہ‘ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منیلا حکومت فوری طور پر آئی سی سی سے علیحدگی کا اعلان کرتی ہے۔

[pullquote]ڈی ڈبلیو کو انٹرویو دینے پر ایرانی پروفیسر کو سزائے قید[/pullquote]

معروف ایرانی معلم صادق زیبا کلام کو جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کو ایک انٹرویو دینے پر اٹھارہ ماہ کی سزائے قید سنا دی گئی ہے۔ تہران یونیورسٹی سے وابستہ سیاسیات کے پروفیسر زیبا کلام پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ ایک غیر ملکی بین الاقوامی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دے کر ریاست کے خلاف پراپیگنڈے کے مرتکب ہوئے۔ انہوں نے یہ انٹرویو یکم جنوری کو ڈی ڈبلیو کی فارسی زبان کے شعبے کو دیا تھا، جس میں انہوں نے ایران میں مظاہروں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

[pullquote]انگیلا میرکل نے چانسلر کے منصب کا حلف اٹھا لیا[/pullquote]

انگیلا میرکل اور ان کی کابینہ نے پارلیمانی رائے شماری کے بعد حلف اٹھا لیا ہے۔ گزشتہ برس ستمبر میں انتخابات کے تقریباً چھ ماہ بعد جرمنی میں حکومت کا قیام ممکن ہو سکا ہے۔ چودہ مارچ کو جرمن پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں ہونے والی ووٹنگ میں میرکل کے حق میں 364 ووٹ پڑے جبکہ 315 ممبران نے ان کی مخالفت کی۔ جرمنی کی نئی مخلوط حکومت چانسلر میرکل کی سی ڈی یو، ان کی ہم خیال جماعت سی ایس یو اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی پر مشتمل ہے۔ میرکل جرمن تاریخ میں چار مرتبہ چانسلر بننے والی پہلی سیاستدان ہیں۔

[pullquote]طالبان سے مذاکرات شروع ہو سکتے ہیں، امریکی جنرل[/pullquote]

افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکلسن کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے امکانات ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سولہ سالہ مسلح تنازعے کے بعد اب طالبان کمزور اور بکھر چکے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ میدانِ جنگ میں کامیابیاں سمیٹی نہیں جا سکتیں۔ افغان دارالحکومت کابل کے قریب واقع بگرام فوجی مرکز پر امریکی جنرل نے اپنے وزیر دفاع جیمز میٹس کے ساتھ بات چیت کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا۔ جنرل نے یہ بھی کہا کہ کابل حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل شروع ہوتا ہے تو اس کے فوری نتائج ممکن نہیں کیونکہ یہ طویل ہو گا۔

[pullquote]وائٹ ہاؤس میں غزہ کی صورت حال پر خصوصی میٹنگ[/pullquote]

امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس میں منگل تیرہ مارچ کو غزہ پٹی کی صورت حال پر ایک خصوصی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ میٹنگ کی صدارت صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کوشنر نے کی۔ اس میں ایسے عرب ممالک بھی شریک ہوئے جنہوں نے ابھی تک اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم نہیں کیا۔ ان ممالک میں سعودی عرب، بحرین، قطر اور عُمان شامل ہیں۔ اردن اور مصر کے نمائندے بھی میٹنگ میں شریک تھے اور یہ ممالک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات رکھتے ہیں۔ یہ ابھی تک واضح نہیں کہ وائٹ ہاؤس کی میٹنگ میں غزہ پٹی کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے کیا طے پایا ہے۔

[pullquote]ٹلرسن کی برطرفی سے امریکا کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں گے، کریملن[/pullquote]

کریملن نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کی تبدیلی سے امریکا اور روس کے باہمی تعلقات میں بہتری آئے گی۔ بدھ کے دن جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ماسکو حکومت ریکس ٹلرسن کی برطرفی اور اس عہدے پر مائیک پومپیو کی تعیناتی کو تعمیری اور مثبت تصور کرتی ہے۔ روسی حکومت کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ایسے امکان کو مسترد کر دیا ہے کہ امریکا اور روس کے تعلقات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ گزشتہ روز امریکی صدر نے ریکس ٹلرسن کو برطرف کرتے ہوئے اس عہدے پر سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پومپیو کو تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]کوسووو کے تنازعے پر کمپرومائز کر سکتے ہیں، سربیائی صدر[/pullquote]

سربیا کے صدر الیگزانڈم وُوچچ نے کہا ہے کہ وہ کوسووو تنازعے کے لیے کمپرومائز کر سکتے ہیں۔ ان ممالک کے تنازعے کے حل کے لیے یورپی یونین کی ثالثی میں مذاکراتی عمل سن 2011 سے شروع ہے۔ یہ تنازعہ کوسوو کے یک طرفہ اعلانِ آزادی کے بعد سے شروع ہے۔ سربیا کے صدر کا اعلان اُن کی اُن کوششوں کے تناظر میں ہے جو وہ یورپی یونین میں شامل ہونے کے لیے جاری رکھے ہوئے۔ اگر مذاکراتی عمل کامیاب ہو جاتا ہے تو سربیا سن 2025 میں یورپی یونین میں شامل ہو جائے گا۔ اسی خطے کا ایک اور ملک مونٹی نیگرو بھی یونین میں شمولیت کی کوششوں میں ہے۔

[pullquote]عالمی ’ہیپی نیس رپورٹ‘ کا اجراء، فن لینڈ سب سے اوپر[/pullquote]

اقوام متحدہ کی زیرنگرانی نئی عالمی ’ہیپی نیس رپورٹ‘ کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کو اقوام عالم میں کرپشن، حیات، آزادی اور دوسری کلیدی ضروریات کے تناظر میں مرتب کیا جاتا ہے۔ اس نئی رپورٹ کے مطابق فن لینڈ کی عوام کو سب سے پرمسرت زندگی گزارنے والی قوم قرار دیا گیا ہے۔ نااسُودہ ممالک میں برونڈی سب سے اوپر ہے۔ ایسے پریشان حال ممالک میں سوڈان اور یمن بھی شامل ہیں۔ خوش اور پرمسرت زندگی بسر کرنے والا دوسرا ملک ناروے اور تیسرا ڈنمارک ہے۔ جرمنی کو پندرہویں پوزیشن دی گئی ہے۔ عالمی مسرت رپورٹ پہلی مرتبہ سن 2012 میں عام کی گئی تھی۔

[pullquote]امریکی شہر نیویارک میں گولیاں لگنے سے چار افراد ہلاک[/pullquote]

امریکا کے شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں ایک بچے سمیت تین مردوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بروکلین کے براؤنز وِل میں ہونے والی ان ہلاکتوں کی پولیس نے قتل کی واردات کے تناظر میں تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابھی تک ان ہلاکتوں کے محرکات بارے پولیس نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی ہے۔ یہ ہلاکتیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب طلبا ہتھیاروں کے استعمال سے ہونے والے تشدد کے خلاف کلاسوں سے واک آؤٹ کرنے والے تھے۔ یہ امر اہم ہے کہ بروکلین کا براؤنز وِل علاقہ خاصی غریب بستی خیال کی جاتی ہے اور ماضی میں یہ جرائم کا گڑھ بھی سمجھا جاتا تھا۔

[pullquote]یونانی عدالت نے ترک حکومت کی شہری واپس کرنے کی درخواست مسترد کر دی[/pullquote]

یونان کی ایک عدالت نے بدھ 14 مارچ کو ترک حکومت کی وہ درخواست مسترد کر دی ہے، جس میں ایک اکیس برس کی نوجوان خاتون ہالاز سحر کو انقرہ حکومت کے حوالے کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ تین ججوں پر مشتمل عدالتی بینچ نے ترک درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس نوجوان خاتون کی زندگی کو ترکی کے حوالے کرنے پر شدید خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس پینل نے ترک حکومت کے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا کہ حالاز سحر مظاہروں اور بینرز تیار کرنے میں ملوث رہی ہے۔ ججوں کے مطابق یہ جرائم نہیں ہیں۔ یونانی عدالت دو ترک شہریوں کے حوالے سے بھی ترک درخواستیں مسترد کر چکی ہے۔

[pullquote]برطانیہ کا ایک درجن کے قریب روسی سفارت کاروں کو بیدخل کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹریزا مَے نے روسی جاسوس پر اعصاب مفلوج کرنے والے زہر کے حملے کے جواب میں روس کے کم از کم تیئس سفارتکاروں کو بیدخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ بیدخل کیے جانے والے سفارتکاروں کی شناخت غیر اعلان شدہ خفیہ اہلکاروں کے طور پر ہوئی ہے۔ ٹریزا مَے نے روسی اثاثوں کو منجمد کرنے اور فٹ بال ورلڈ کپ میں شمولیت کم رکھنے کا بھی بتایا ہے۔ دوسری جانب روسی پارلیمنٹ کی انٹرنیشنل امور کی کمیٹی کے نائب چیرمین ولادیمیر دژاباروف نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ جواباً روس بھی تیئس سے زیادہ برطانوی سفارتکاروں کو بیدخل کرنے کا اعلان کر سکتا ہے۔

[pullquote]یورپی یونین اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات کی بحالی اہم ہے، ٹسک[/pullquote]

یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے امریکی صدر سے کہا ہے کہ وہ یونین کے ساتھ تجارتی بات چیت کے سلسلے کو ازسرنو بحال کریں۔ ٹسک کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسٹیل اور ایلومینیم کی امپورٹ پر عائد نئے درامدی ٹیکسوں کے تناظر میں ہے۔ ٹسک نے امریکی صدر کے اُس موقف کو درست کہا جس میں وہ یونین کی رکن ریاستوں کے مختلف درامدی ٹیکسوں پر عدم اطمینان ظاہر کر چکے ہیں۔ ٹسک کے مطابق یونین اس تناظر میں مذاکراتی عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یورپی یونین مذاکرت چاہتی ہے اور تجارتی جنگ کے حق میں نہیں۔

[pullquote]سعودی عرب کے ساتھ اختلافات حل کرنے پر تیار ہیں، ایرانی وزیر خارجہ[/pullquote]

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ اُن کا ملک سعودی عرب کے ساتھ پیدا شدہ اختلافی معاملات کو حل کرنے کے لیے تیار ہے۔ ظریف کے مطابق ایرانی حکومت خطے میں استحکام کے لیے سعودی حکومت کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار اپنے پاکستانی دورے کے دوران ایک ٹیلی وژن انٹرویو کے دوران کیا۔ اُن کا تین روزہ پاکستانی دورہ بدھ چودہ مارچ کو ختم ہو گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے