کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2018 کے فائنل کے ٹکٹس کی فروخت آج رات 12 بجے سے شروع ہوجائے گی۔
ترجمان کورئیر کمپنی کے مطابق پی ایس ایل 2018 کے فائنل کے ٹکٹس کی آن لائن بکنگ کا آغاز آج رات 12 بجے سے ہوجائے گا۔ کل صبح 9 بجے سے ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے منتخب برانچزسے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
سب سے سستا ٹکٹ ایک ہزار روپے اور سب سے مہنگا 12 ہزار کا ہے جب کہ چار اور 8 ہزار روپے والے ٹکٹ بھی فروخت کئے جائیں گے۔ ترجمان کورئیرکمپنی کے مطابق پہلے آیئے پہلے پایئے کی بنیاد پرٹکٹس دستیاب ہوں گے جب کہ ایک قومی شناختی کارڈ پر5 ٹکٹس حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
ترجمان کورئیرکمپنی کا کہنا ہے کہ مجموعی طورپر 26500 ٹکٹس فروخت کرنے کے لئے دیئے گئے ہیں۔ 30 فیصد ٹکٹس آن لائن جبکہ 70 فیصد ٹکٹس مقررہ 25 شاخوں پردستیاب ہوں گے۔ پاکستان سپر لیگ کا فائنل 25 مارچ اتوار کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے فائنل سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کے 2 جنرل انکلوژرز کو وی آئی پی میں تبدیل کردیا ہے۔ اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت پہلے ایک ہزار روپے مقرر کی گئی تھی لیکن اب دونوں جنرل انکلوژرز کو وی آئی پی کا درجہ دے کر ٹکٹ کی قیمت 12 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
فائنل کے ٹکٹوں کی نئی فہرست میں اب وی آئی پی انکلوژرز کی تعداد 5 ہوگئی ہے جبکہ جنرل انکلوژرز صرف تین ہی رہ گئے ہیں۔ اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز میں تقریباً 6 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔