پشاور زلمی کا کراچی کنگز کو 182 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے اہم میچ میں کامران اکمل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو فتح کیلئے 182 رنز کا ہدف دیا ہے۔

شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ جو ابتدا میں بالکل غلط ثابت ہوا اور ایک موقع پر زلمی نے محمد حفیظ کی وکٹ گنوا کر چار اوورز میں صرف تین رنز بنائے تھے۔

حالات کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے کامران اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی کنگز کے تقریباً تمام ہی باؤلرز کو چھکے رسید کیے لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا۔

ڈیوین اسمتھ 15 اور رکی ویسلز صرف 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے لیکن کامران اکمل نے 51 گیندوں پر چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

وکٹ کیپر بلے باز ایک اور سنچری کی جانب گامزن نظر آتے تھے لیکن عثمان شنواری نے ان کی اننگز کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔

کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد پشاور زلمی کی بڑے اسکور کی امیدیں ایک مرتبہ پھر ماند پڑتی نظر آ رہی تھیں لیکن کپتان ڈیرن سیمی اور سعد نسیم نے محمد عرفان کے ایک اوور میں چار چھکوں سمیت 28 رنز بٹور کر میچ کا نقشہ بدل دیا جبکہ محمد عامر کے اگلے اوور میں بھی تین چوکوں سمیت 13 رنز بنا کر زلمی نے کراچی کنگز کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

سعد نسیم 18 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے لیکن ڈیرن سیمی نے دوسرے اینڈ سے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 15 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو بڑے مجموعے تک رسائی دلائی۔

پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے عثمان شنواری نے عمدہ باؤؒنگ کرتے ہوئے صرف 11 رنز دے کر تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے