15 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سابق روسی جاسوس پر حملے کا ذمہ دار روس ہے، مشترکہ اعلامیہ[/pullquote]

امریکا، جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے رہنماؤں نے روسی ڈبل ایجنٹ اور اس کی بیٹی پر حملے کے لیے روس کو ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔ آج ایک مشترکہ اعلامیے میں ان ممالک نے کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ میں پہلی مرتبہ اس مہلک کیمیکل سے حملہ کیا گیا ہے۔ چاروں ممالک کے مطابق اس حملے کے باعث یورپ میں سبھی کی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ سابق برطانوی جاسوس سیرگئی اسکریپل اور ان کی بیٹی ژولیا پر برطانیہ میں ہوئے اس کیمکل حملے کے بعد لندن اور ماسکو میں کشیدگی پیدا ہو چکی ہے۔ تاہم روس ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

[pullquote]شام کے موضوع پر سمٹ، روسی، ترک اور ایرانی صدور شریک ہوں گے[/pullquote]

ترکی، روس اور ایران کے صدور شام کی صورتحال پر ہونے والی ایک سمٹ میں ملاقات کریں گے۔ ترک حکومت کے مطابق چار اپریل کو یہ سمٹ استنبول میں منعقد کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ تینوں ممالک کے رہنما اس ملاقات میں شامی خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوشش کریں گے۔ گزشتہ برس نومبر بھی ان تینوں رہنماؤں نے روسی شہر سوچی میں ایک سمٹ کا اہتمام کیا تھا، جس میں شام کی صورتحال پر گفتگو کی گئی تھی۔ یہ سمٹ ایک ایسے وقت پر ہو رہی ہے، جب ترک فورسز شامی علاقے عفرین میں کرد باغیوں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے۔

[pullquote]نیپالی چیف جسٹس کو برخاست کر دیا گیا[/pullquote]

نیپالی حکومت نے ملکی چیف جسٹس گوپال پاراجولی کو اٰن کے منصب سے فارغ کر دیا ہے۔ انہیں چیف جسٹس کے منصب پر براجمان رہنے کے لیے اپنی تاریخ پیدائش میں ردوبدل کے الزام کا سامنا تھا۔ ذرائع کے مطابق پاراجولی مطلوبہ ریٹائرمنٹ کی عمر پینسٹھ برس پر کئی ماہ پہلے ہی پہنچ گئے تھے۔ اُن کی تاریخ پیدائش میں تبدیلی کی تفصیلات ایک اخبار نے حال ہی شائع کی ہیں۔ نیپالی سپریم کورٹ کے سب سے سینیئر جج دیپک راج جوشی نے چیف جسٹس کا منصب سنبھال لیا ہے۔

[pullquote]دائیچی جوہری پلانٹ کی تباہی، حکومت متاثرین کو ہرجانہ ادا کرے[/pullquote]

جاپانی دارالحکومت کی ایک عدالت نے ٹوکیو حکومت کو فوکوشیما دائیچی جوہری پلانٹ کی تباہی سے متاثر ہونے والے افراد کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ سن 2011 میں آنے والے زلزلے اور سونامی کے ٹکرانے کے بعد جوہری پلانٹ سے خارج ہونے والے تابکاری مواد سے محفوظ رکھنے کے لیے قریبی علاقوں کے شہریوں کا انخلا کیا گیا تھا۔ منتقل کیے جانے والے 174 افراد نے حکومت پر ہرجانے کا مشترکہ دعویٰ دائر کر رکھا تھا۔ عدالت نے ان مدعیان میں سے 110 کو ایک ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ بقیہ 64 افراد کے دعوے خارج کر دیے گئے ہیں۔

[pullquote]کوریائی امن کوششیں، چین اور روس کا خیرمقدم[/pullquote]

چینی صدر شی جی پنگ اور روسی صدر ولادی میر پوٹن نے جنوبی کوریا کی جانب سے جزیرہ نما کوریا میں امن کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔ ان صدور کی جانب سے اس تعاون و حمایت کی تفصیلات جنوبی کوریائی صدر کے خصوصی سفیر نے آج جمعرات کو فراہم کی ہیں۔ اس خصوصی سفیر نے گزشتہ ایام کے دوران ان دونوں صدور کو امن کوششوں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی تھیں۔ دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدر مون جَے اِن اپریل کے آخر میں شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن سے ملاقات کرنے کی منصوبہ بندی کیے ہوئے ہیں۔

[pullquote]لائپزگ کتاب میلے میں دائیں بازو کی شرکت کے خلاف مظاہرہ[/pullquote]

جرمن شہر لائپزگ میں جمعرات پندرہ مارچ سے شروع ہونے والے بین الاقوامی کتب میلے میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ناشرین کی شرکت پر تقریباً چار سو افراد نے ایک مظاہرہ کیا۔ گزشتہ روز کے اس مظاہرے کے لیڈر رینے آرنسبرگ کا کہنا ہے کہ دائیں بازو کے خطرناک نظریات کے ساتھ متفق ہونا ناممکن ہے اور اس باعث فیسٹول میں ایسے عناصر کی موجودگی ناقابلِ برداشت ہے۔ اس مظاہرے کا انتظام ستر آزاد ناشرین اور دو سو سرگرم سماجی کارکنوں کی جانب سے کیا گیا تھا۔ گزشتہ برس فرینکفرٹ کتاب میلے میں دائیں بازو کے ناشرین کی شرکت کے خلاف بھی مظاہرہ کیا گیا تھا۔

[pullquote]یورپی مسائل کا حل تلاش کرنا جرمنی اور فرانس کی ذمہ داری ہے، ہائیکو ماس[/pullquote]

نئے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اپنے اولین دورہٴ فرانس کے موقع پر دونوں ممالک کے باہمی روابط کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ماس کے بقول آنے والے برسوں میں یورپ کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا جرمنی اور فرانس کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ یہاں پر انہوں نے تحفظ ماحول کی کوششوں سے لے کر اس براعظم سے باہر کے تنازعات اور یورپی یونین میں اصلاحات کا ذکر کیا۔ ہائیکو ماس نے مزید کہا کہ نئی جرمن حکومت فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کی یورپ کو نیا تشخص فراہم کرنے کی تجاویز پر بات چیت شروع کرے گی۔ ماس نے گزشتہ روز ہی نئی جرمن وزیر خارجہ کا حلف اٹھایا ہے۔

[pullquote]چین تجارت میں پیدا شدہ اضافے یا سَرپلَس کو کم کرے، امریکا[/pullquote]

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے چین پر دباؤ بڑھایا گیا ہے کہ وہ اضافی تجارتی سرگرمیوں میں کم از کم 100 بلین ڈالر کی کمی لائے۔ اس حوالے سے بدھ چودہ مارچ کو امریکی صدر نے ایک ٹویٹ میں بھی چین سے ایسا ہی مطالبہ کیا تھا۔ دوسری جانب امریکا کو تجارتی خسارے کی مد میں صرف سن 2017 میں 375 بلین ڈالر کا سامنا رہا۔ دوسری جانب چین کی تجارت میں غیر معمولی اضافے کا حجم ضرورت سے 276 بلین ڈالر زائد بتایا گیا ہے۔ تاہم وائٹ ہاؤس نے چین پر اس امریکی دباؤ میں مزید اضافہ کرنے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔

[pullquote]شامی فورسز نے مشرقی غوطہ کا ستر فیصد بازیاب کرا لیا[/pullquote]

شامی فورسز نے مشرقی غوطہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اس شورش زدہ علاقے کے اہم مقامات کو بازیاب کرا لیا ہے۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے جمعرات کے دن بتایا کہ شامی فورسز نے دمشق کے اس نواحی علاقے میں اپنی کارروائی کا سلسلہ بدستور جاری رکھا ہوا ہے۔ آبزرویٹری کے رہنما رامی عبدالرحمان کے مطابق مشرقی غوطہ کا ستر فیصد علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اس کارروائی میں شامی فوج کو روسی اور حامی ملیشیا گروہوں کا تعاون بھی حاصل ہے۔

[pullquote]فٹ بالر میسی کے لیے ایک اور اعزاز[/pullquote]

معروف فٹ بالر لیونل میسی نے چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں ایک سو گول کرنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے ہسپانوی کلب بارسلونا اور برطانوی کلب چیلسی کے ایک میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔ میسی کا تعلق ارجنٹائن سے ہے اور وہ بارسلونا کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ وہ پانچ مرتبہ سال کے بہترین فٹ بالر کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو چیمپئنز لیگ میں اپنے ایک سو سترہ گولوں کے ساتھ سر فہرست ہیں۔

[pullquote]’سعودی عرب بھی ایٹم بم بنائے گا‘، سعودی ولی عہد[/pullquote]

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ اگر ایران نے ایٹم بم بنایا تو سعودی عرب پیچھے نہیں رہے گا۔ شہزادہ محمد نے یہ بات ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں کہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کی قطعاً خواہش نہیں کہ جوہری بم بنایا جائے لیکن ایرانی پیش رفت پر سعودی عرب جلد از جلد ایٹم بم حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ سعودی ولی عہد کا یہ انٹرویو امریکی ٹیلی وژن چینل سی بی ایس اٹھارہ مارچ کو نشر کرے گا۔ سعودی کابینہ نے ابھی دو روز قبل ملکی جوہری پالیسی کی منظوری دی تھی۔

[pullquote]باغیوں کے زیر کنٹرول مشرقی غوطہ سے ہزاروں شہری نکلنے میں کامیاب[/pullquote]

شامی صدر بشار الاسد کے خلاف لڑنے والے باغیوں کے زیر قبضہ مشرقی غوطہ سے ہزاروں شہری نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ شہری اس علاقے میں داخل ہوئے ہیں، جو حکومتی دستوں کے زیر کنٹرول ہے۔ شامی حکومت اس محصور علاقے کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کے لیے بمباری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اطلاعات کے مطابق شہری شہر پیدل، کاروں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر فرار ہو رہے ہیں۔ شامی فورسز نے گزشتہ رات عام شہریوں کے نکلنے کے لیے ایک راستہ کھولا تھا۔

[pullquote]برطانیہ کیمیکل ہتھیاروں سے متعلق ڈیفنس سینٹر تعمیر کرے گا[/pullquote]

برطانیہ کیمیکل ہتھیاروں سے متعلق ایک نئے ڈیفنس سینٹر کی تعمیر میں اڑتالیس ملین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کرے گا۔ یہ سینٹر پورٹن ڈاون ملٹری ریسرچ لیبارٹری میں قائم کیا جائے گا۔ یہ برطانیہ کا وہی ریسرچ سینٹر ہے، جہاں یہ پتا چلایا گیا تھا کہ سابق روسی ایجنٹ کو اعصاب مفلوج کرنے والا زہر دیا گیا ہے۔ اس نئے سینٹر میں کیمیکل ہتھیاروں سے متعلق تحقیق کو وسعت دی جائے گی۔

[pullquote]برطانوی سفارتکاروں کو بیدخل کریں گے، روسی وزیر خارجہ[/pullquote]

روسی نیوز ایجنسی آر آئی اے نووستی نے ملکی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف کا بیان رپورٹ کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ادلے کے بدلے میں برطانوی سفارت کاروں کو یقینی طور پر بیدخل کر دیا جائے گا۔ لاوروف کے مطابق یہ فیصلہ بہت جلد کیا جا رہا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سابق روسی جاسوس پر اعصاب مفلوج کرنے والے زہر کے حملے کا الزام لگا کر برطانیہ بریگزٹ کی پریشان حال صورت کو چھپانا چاہتا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مَے نے بدھ چودہ مارچ کو دو درجن کے قریب روسی سفارتکاروں کو بیدخل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]ایرانی بحریہ کا رویہ بہتر ہوا ہے، امریکی نیوی[/pullquote]

امریکی بحریہ نے کہا ہے کہ خلیج فارس میں تعینات ایران نیوی نے مناسب اور بہتر رویہ اپنا رکھا ہے۔ یہ بات پانچویں امریکی بحری بیڑے کے کمانڈر کے ترجمان نے بتائی ہے۔ ترجمان کے مطابق ایرانی بحریہ کی جانب سے چودہ اگست سن 2017 کے بعد سے غیر محفوظ اقدامات یا غیر پیشہ ورانہ حرکات سامنے نہیں آئی ہیں۔ گزشتہ برس چودہ اگست کو ایک ایرانی ڈرون بغیر روشنی کے ایک امریکی جنگی بحری جہاز کی جانب پرواز کرتے ہوئے بڑھا تھا۔ سن 2016 سے گزشتہ سال اگست تک امریکی نیوی کی جانب سے ایرانی بحریہ کے غیرمناسب اقدامات پر کئی مرتبہ شکایات کی گئی تھیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے