جمعہ : 16 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عراقی کردوں پر گیس حملے کی تیسویں برسی[/pullquote]

شمالی عراق کے کرد عوام نے جمعہ سولہ مارچ کو سابق ڈکٹیٹر صدام حسین کے دور میں کیے گئے زہریلی گیس حملے کی تیسویں برسی کے موقع پر سوگوار تقاریب کا اہتمام کیا۔ تیس برس پہلے کیے جانے والے گیس حملے میں پانچ ہزار کرد شہری ہلاک ہوئے تھے۔ اس مناسبت سے سب سے بڑی تقریب اربیل کے اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی۔ اس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ گیس سے ہلاک ہونے والوں کی قبروں پر سوگواروں نے پھول بھی جڑھائے۔ صدام دور میں یہ گیس حملہ کردوں کی تحریک کو کچلنے کے لیے کیا گیا تھا۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے مغوی ڈرائیور کی نعش کابل سے برآمد[/pullquote]

افغانستان میں اقوام متحدہ کے ایک ملازم ڈرائیور کی نعش کابل کے ایک علاقے سے مل گئی ہے۔ یہ افغان ڈرائیور عالمی ادارے کی خاتون ملازمہ اور اس کے بچے کے ساتھ اغوا کیا گیا تھا۔ کابل پولیس کے مطابق نعش اُسی مقام سے ملی ہے، جہاں سے وہ اغوا کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کی خاتون ملازمہ اور بچے کے بارے میں کوئی معلومات ابھی تک دستیاب نہیں ہیں۔ افغان طالبان نے اغوا کی اس واردات اور ڈرائیور کی ہلاکت سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مجرمانہ فعل سے اُن کی تحریک کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

[pullquote]عراق: ہیلی کاپٹر تباہ، سات امریکی فوجی ہلاک[/pullquote]

عراق میں ایک ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے سے کم از کم سات امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق یہ عراق سے شام جانے والی ایک معمول کی پرواز تھی۔ ہلاک ہونے والوں میں سے چار فوجیوں کا تعلق امریکی فضائیہ سے بتایا گیا ہے۔ پینٹاگون کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر کسی دشمن کی کارروائی سے تباہ نہیں ہوا۔ ابھی تک ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ امریکی فوجی سن دو ہزار چودہ سے عراق میں موجود ہیں اور عسکریت پسندوں کے خلاف عراقی فورسز کو مدد فراہم کر رہے ہیں۔

[pullquote]مسلمان اور اسلام دونوں جرمنی کا حصہ ہیں، جرمن چانسلر[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ جرمنی میں رہائش پذیر مسلمان اور ان کا مذہب اسلام دونوں جرمنی کا حصہ ہیں۔ جرمن چانسلر کا یہ بیان جرمنی کے وزیر داخلہ کے حالیہ مسلم مخالف بیان کے بعد سامنے آیا ہے۔ جرمنی میں بننے والی نئی حکومت میں وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے والے قدامت پسند سیاستدان ہورسٹ زیہوفر نےکہا تھا کہ اسلام جرمن ثقافت کا حصہ نہیں ہے۔ سیاسی مبصرین نے زیہوفر کے اس بیان پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ جرمنی کی نئی حکومت دائیں بازو کی سیاست کی طرف مائل ہو سکتی ہے۔ تاریخی طور پر پہلی مرتبہ سابق جرمن صدر کرسٹیان وولف نے سن دو ہزار دس میں کہا تھا کہ اسلام جرمنی کا حصہ ہے۔

[pullquote]تجارتی جنگ میں کسی کی جیت نہیں ہو گی، چین[/pullquote]

چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ تجارتی جنگ سے دوسروں اور شریک ممالک کو ہی نقصان ہو گا۔ چینی وزارت خارجہ کا یہ بیان امریکی صدر کی جانب سے ایلومینیم اور اسٹیل کے درامدی ٹیکسوں میں اضافے کے تناظر میں ہے۔ ان ٹیکسوں کے نفاذ کے بعد چین نے کہا تھا کہ وہ تجارتی جنگ کے لیے تیار ہے۔ امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ چین سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر سالانہ بنیاد پر تیس بلین ڈالر کی درآمدی ڈیوٹی لگانا چاہتی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ اپنا ملکی تجارتی خسارہ کم کرنے کی کوششوں میں ہیں۔

[pullquote]یونان: مفرور فوجی کی حوالگی کی ترک درخواست مسترد[/pullquote]

جمعہ سولہ مارچ کو ایک یونانی عدالت نے ایک سابقہ ترکی فوجی کی حوالگی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ یہ ترک اہلکار جولائی سن 2016 کی ناکام فوجی بغاوت کے بعد گرفتاری سے بچنے کی خاطر فرار ہو کر یونان پہنچ گیا تھا۔ یونانی عدالت کے مطابق ترک فوجی کو اس کے ملک میں شفاف مقدمہ کا سامنا ممکن نہیں۔ ابھی دو روز قبل بدھ 14 مارچ کو ترک حکومت کی وہ درخواست بھی مسترد کر دی گئی تھی، جس میں ایک اکیس برس کی نوجوان خاتون ہالاز سحر کو انقرہ حکومت کے حوالے کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ یونانی عدالتوں نے اب تک ترک حکومت کی اپنے شہریوں کو حوالے کرنے کی چار درخواستوں کو رد کیا ہے۔

[pullquote]جنوبی افریقی وزارت خارجہ میں آسٹریلوی سفیر کی طلبی[/pullquote]

جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے وزیر داخلہ پیٹر ڈَٹن کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پریٹوریا میں تعینات آسٹریلوی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر لیا۔ جنوبی افریقی وزارت خارجہ کے مطابق ڈَٹن کی جانب سے جنوبی افریقی سفید فام کسانوں کو انسانی بنیادوں پر پناہ دینے کا بیان انتہائی غیر مناسب ہے۔ جنوبی افریقی حکومت نے ہرجانہ ادا کیے بغیر برابری کی بنیاد پر زرعی زمین تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ نسل پرستی کے خاتمے کے چوبیس سال بعد بھی جنوبی افریقہ کے نجی زرعی شعبے کا 72 فیصد حصہ سفید فام کسانوں کے ہاتھ میں ہے۔

[pullquote]کمزور سماجی رویے کے حامل افراد کے لیے چینی حکومت کی نئی پابندیاں[/pullquote]

بیجنگ حکومت ایسے ضابطے متعارف کروانے جا رہی ہے، جس کے تحت خراب اور کمزور سماجی رویوں کے حامل افراد کو جہازوں اور ریل گاڑیوں پر سوار ہونے سے روکا جا سکے گا۔ ایسے افراد میں وہ لوگ بھی شامل ہوں گے جو جھوٹی اور من گھڑت معلومات پھیلانے یا فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ مالی بے ضابطگیوں کے شکار افراد بھی اس پابندی کا سامنا کر سکتے ہیں۔ چینی حکومت کی جانب سے ایسے ضوابط رواں برس پہلی مئی سے لاگو کیے جائیں گے۔ یہ ضوابط صدر شی جن پنگ کے سوشل کریڈٹ سسٹم کے تحت متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

[pullquote]چانسلر بننے کے بعد میرکل کا اولین دورہٴ فرانس[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور وزیرخزانہ اولاف شولس حلف برداری کے بعد آج جمعے کو فرانس کےاوّلین دورے پر فرانس جائیں گے۔ چانسلر دفتر کے مطابق اس دوران اگلے ہفتے برسلز میں ہونے والے یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں دونوں ممالک کی جانب سے متعدد موضوعات پر مشترکہ موقف اختیار کرنے پر بات چیت کی جائے گی۔ اطلاع ہے کہ فرانسیسی سربراہ مملکت ایمانوئل ماکروں مختلف موضوعات میں یورو زون کے مشترکہ بجٹ اور یورپی یونین کے ایک وزیر خزانہ مقرر کرنے کی تجویز پیش کریں گے۔ اس موقع پر یورپی یونین اور امریکا کے مابین تجارتی تنازعہ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

[pullquote]عراقی انتخابات پر ایران اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے، امریکی وزیر دفاع[/pullquote]

امریکا کے وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا کہ عراق کے پارلیمانی الیکشن پر اثرانداز ہونے کی ایرانی کوششں ایک نامناسب رویہ ہے۔ جیمز میٹس نے عُمان، افغانستان اور بحرین کے دورے مکمل کرنے کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان ممالک میں قیام کے دوران کئی حلقوں نے عراقی انتخابات میں ایرانی دلچسپی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس دورے کے دوران ایک بات نمایاں ہوئی ہے کہ ایسی ایرانی کوششوں سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔ عراق میں پارلیمانی الیکشن مئی میں ہوں گے۔

[pullquote]سعودی ولی عہد کی ایران کو دھمکی اور سپریم لیڈر پر تنقید[/pullquote]

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے امریکی دورے سے چند دن قبل ایران کو شدید دھمکیاں دی ہیں۔ محمد بن سلمان کے مطابق اگر ایران نے جوہری بم بنایا تو سعودی عرب بھی جس قدر جلد ممکن ہوا ایسا ہی کرے گا۔ اس انٹرویو میں انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کی خطے سے متعلق سیاست کو نازی دور کے آڈولف ہٹلر کی توسیع پسندانہ عزائم سے تشبیہ دی۔ سلمان اس سے قبل بھی خامنہ ای کو ہٹلر سے تشبیہ دے چکے ہیں۔ محمد بن سلمان کا دورہ امریکا انیس مارچ سے شروع ہو گا۔

[pullquote]امریکا میں ایک پُل گرنے سے چار ہلاک[/pullquote]

امریکی شہر میامی میں قائم فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ایک پُل کے گرنے سے کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پیدل چلنے والوں کا یہ برج کے طلبا کے رہائشی علاقے میں کچھ عرصہ قبل تعمیر کیا گیا تھا۔ میامی شہر کے فائربریگیڈز کا عملہ گرے ہوئے پل کے ملبے کو ہٹانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ پُل کے ملبے تلے آنے سے کئی کاریں اور ٹرکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ یہ پل ابھی گزشتہ ہفتہ دس مارچ کو کھولا گیا تھا۔ اس کی باضابطہ افتتاحی تقریب سن 2019 میں رکھی گئی تھی۔ یہ پُل ایک انتہائی بھیڑ والی ہائی وے پر تعمیر کیا گیا تھا۔

[pullquote]جرمنی میں ٹرام کا حادثہ، چالیس سے زائد زخمی[/pullquote]

جرمنی کے مغربی شہر کولون میں دو ٹرامز آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثے میں چالیس سے زائد افراد زخمی ہیں۔ جمعرات پندرہ مارچ کی شام ہونے والا یہ حادثہ شہر کے جنوب مغرب میں واقع آئیفل وال ریلوے اسٹیشن پر ہوا۔ زیادہ تر زخمیوں کو معمولی خراشیں آئی ہیں جبکہ شدید زخمی ہونے والے ایک مسافر کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ اس حادثے کی وجہ سے کولون شہر کے بعض علاقوں کے لیے ٹرام سروس معطل کر دی گئی تھی، جو آج بحال کر دی جائے گی۔ پولیس نے حادثے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہُو دو روزہ دورے پر سویڈن میں[/pullquote]

شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہُو دو روزہ دورے پر سویڈن پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ اپنے سویڈش ہم منصب سے ملاقات میں جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے، کم جونگ ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ممکنہ ملاقات اور شمالی کوریا میں زیر حراست تین امریکی شہریوں کے موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اسٹاک ہولم حکام نے اِن قیاس آرائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، جن میں کہا جا رہا ہے کہ ٹرمپ اور اُن کی ملاقات سویڈن میں ہو سکتی ہے۔ سویڈن پہلا مغربی ملک ہے، جس نے 1975ء میں شمالی کوریا میں اپنا سفارت خانہ کھولا تھا۔

[pullquote]یہ جملہ غلط ہے، ’ جرمنی اسلام کا حصہ ہے‘، جرمن وزیر داخلہ[/pullquote]

نئے جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ ذیہوفر نے کہا کہ یہ جملہ غلط ہے کہ اسلام جرمنی کا حصہ ہے۔ لیکن ذیہوفر کا یہ بھی کہنا تھا کہ جرمنی میں رہنے والے مسلمان یقینی طور پر جرمن معاشرے کا حصہ ہیں۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کسی غلط فہمی کی وجہ سے ملک کے رسم و رواج کو ترک کر دیا جائے۔ ذیہوفر کے مطابق جرمنی مسیحیت کے زیر اثر ہے، جس کی مثال ایسٹر اور کرسمس جیسے تہوار ہیں۔ ماضی میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور سابق صدر کرسٹیان وولف اسلام کو جرمنی کا حصہ قرار دے چکے ہیں۔

[pullquote]جاپانی وزیراعظم کی مقبولیت میں کمی[/pullquote]

جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے کی مقبولیت میں تقریباً دس فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ رائے عامہ کے تازہ جائزے کے مطابق مقبولیت میں کمی کی بنیادی وجہ ایک مالی اسکینڈل ہے۔ اس اسکینڈل کی وجہ جاپانی وزارت خزانہ کا وہ بیان ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ کم قیمت پر فروخت کی جانے والی ریاستی زمین کے ریکارڈ میں تبدیلی لائی گئی ہے۔ اس اسکینڈل کو شینزو آبے دورِ حکومت کا سنگین ترین بحران قرار دیا گیا ہے۔ آبے کے وزیر خزانہ تارو آسو بھی شدید تنقید کی لپیٹ میں ہیں۔ وزیراعظم اور وزیر خزانہ کا اصرار ہے کہ زمینوں کی فروخت میں کچھ غلط نہیں ہوا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے