شہر قائد میں 9 برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی

کراچی: شہرِ قائد میں 9 برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے اور پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے 11 کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ہیں۔

اتوار سے شروع ہونے والی 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں شرکت کے لیے ویسٹ انڈین ٹیم کا پہلا دستہ کراچی پہنچ گیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جو رات 8 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اس بات کی تصدیق کی کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے 11 کھلاڑیوں کا گروپ کراچی پہنچ گیا ہے اور مہمان ٹیم میں شامل بقیہ کھلاڑی کل کراچی پہنچیں گے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی کراچی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے مہمان کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا اور کھلاڑیوں کو سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔

کھلاڑیوں کو یہ دونوں تحفے اتنے پسند آئے کہ وہ مقامی ہوٹل میں بھی اسے پہنے رہے، ہوٹل کی انتظامیہ نے ویسٹ انڈین کرکٹرز کا پھولوں کے ہار سے استقبال کیا۔

کپتان جیسن محمد ہوں یا مارلن سیموئلز سب کی خوشی چہروں سے عیاں تھی۔

کپتان جیسن محمد سمیت، مارلن سیموئلز،سیموئیل بدری اور آندرے فلیچر سمیت کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ جمی ایڈمز بھی پاکستان پہنچے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں اور میدان کو بھی سجا دیا گیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آخری انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ 21 سے 25 فروری 2009 (پاکستان بمقابلہ سری لنکا)، آخری ون ڈے 21 جنوری 2009 (پاکستان بمقابلہ سری لنکا)اور واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 20 اپریل 2008 کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

دونوں ٹیمیں یکم، 2 اور 3 اپریل کو کراچی میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلیں گی۔

[pullquote]ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم[/pullquote]

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں جیسن محمد (کپتان)، سیموئل بدری، ریاد ایمرٹ، آندرے فلیچر، آندرے میک کارتھی، کیمو پال، ویرا سیمی پرمال، رومین پاویل، دنیش رام دین، مارلن سیموئلز، اوڈین اسمتھ، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز شامل ہیں۔

ویسٹ انڈین ٹیم منیجمنٹ یونٹ میں اسٹیورٹ لاء (ہیڈ کوچ)، الفونسو تھامس (معاون کوچ)، ریان میرون (معاون کوچ)، ویرنن ولیمز (فزیوتھراپسٹ) اور ڈیکسٹر آگسٹس (ویڈیو ڈیٹا اینالسٹ) شامل ہیں۔

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جمی ایڈمز اور ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن کے سربراہ ویول ہائنڈز بھی ٹیم کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔

دورہ پاکستان کے حوالے سے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونی گریو نے کہا کہ ’کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد ہماری ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان پہنچ رہی ہے‘۔

[pullquote]ویسٹ انڈیز کی ٹیم اہم کھلاڑیوں سے محروم[/pullquote]

پاکستان کا دورہ کرنے والی ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہے۔

ویسٹ انڈیز کے مستقل کپتان کارلوس بریتھ ویٹ کی عدم دستیابی کے باعث جیسن محمد کو ہنگامی صورتحال میں ویسٹ انڈین ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔وہ پہلی بار اپنی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔

ویسٹ انڈیز کے ون ڈے کپتان جیسن ہولڈر بھی پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کرس گیل اور کیرون پولارڈ،لینڈل سمنز،ڈیوائن اسمتھ اور سنیل نارائن بھی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

[pullquote]ویسٹ انڈیز کیخلاف کلین سوئپ کی کوشش کریں گے، سرفراز احمد[/pullquote]

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن کو مستحکم کرنے کیلئے ویسٹ انڈیز کیخلاف کلین سوئپ کرنے کی کوشش کریں گے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ ہمارے بولرز خاصے تجربہ کار ہیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سوئپ کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی رینکنگ برقرار رکھنے کیلئے تینوں میچز جیتنے ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا انتخاب درست ثابت کرنا ہوگا۔

قومی کپتان نے کہا کہ مختصر فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیا جاسکتا، حسن علی اور محمد عامر دونوں پاکستان کے اہم بولرز ہیں۔

سرفراز احمد نے بتایا کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فاسٹ بولرز راحت علی، شاہین آفریدی اورعثمان شنواری آرام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات بہت اچھے ہیں امید ہے دنیا کی اور ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔

[pullquote]ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان[/pullquote]

ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے پاکستان کی 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی ٹیم میں احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، سرفراز احمد(کپتان)، حسین طلعت ، فہیم اشرف ، محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر اور حسن علی شامل ہوں گے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی یکم اپریل کو رات 8 بجے شروع ہوگا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

قومی ٹیم کے بھی 15 رکنی اسکواڈ میں پی ایس ایل سے 3 لڑکوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

15 رکنی اسکواڈ میں سرفراز احمد، احمد شہزاد، فخرز مان، بابر اعظم، شعیب ملک، فہیم اشرف، محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، راحت علی، عثمان شنواری، حسین طلعت، آصف علی اور شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔

البتہ پہلے ٹی ٹوئنٹی کیلئے فاسٹ بولرز راحت علی، عثمان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی 12 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز یکم، دو اور تین اپریل کو کھیلے جائیں گے۔

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں جیسن محمد (کپتان)، سیموئل بدری، ریاد ایمرٹ، آندرے فلیچر، آندرے میک کارتھی، کیمو پال، ویرا سیمی پرمال، رومین پاویل، دنیش رام دین، مارلن سیموئلز، اوڈین اسمتھ، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز شامل ہیں۔

ویسٹ انڈین ٹیم منیجمنٹ یونٹ میں اسٹیورٹ لاء (ہیڈ کوچ)، الفونسو تھامس (معاون کوچ)، ریان میرون (معاون کوچ)، ویرنن ولیمز (فزیوتھراپسٹ) اور ڈیکسٹر آگسٹس (ویڈیو ڈیٹا اینالسٹ) شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے