پیر :09 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بنگلہ دیش، اسٹوڈنٹس کے مظاہروں میں سو افراد زخمی ہو گئے[/pullquote]

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں طالب علموں کا احتجاج پرتشدد رنگ اختیار کر گیا، جس کی وجہ سے سو سے زائد اسٹوڈنٹس زخمی ہو گئے۔ ڈھاکا یونیورسٹی کے طالب علم ملازمتوں کے کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج کر رہے تھے کہ پولیس کے ساتھ جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ مظاہرین کو منشتر کرنے کی خاطر پولیس نے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں برسائیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق متنازعہ کوٹہ سسٹم کے خلاف پیر کے دن ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے منعقد کیے جا رہے ہیں۔

[pullquote]شام میں مبینہ کیمیائی حملہ، عالمی برداری کا شدید ردعمل[/pullquote]

شامی علاقے مشرقی غوطہ میں باغیوں کے زیر قبضہ شہر دوما میں ہوئے مبینہ کیمیائی حملے پر عالمی برداری نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ یورپی یونین، برطانیہ، فرانس اور امریکا کے علاوہ کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے بھی اس حملے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یورپی یونین نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ شام پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے اور مستقبل میں ایسے حملوں کے تدارک کی کوشش کرے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس مبینہ حملے کے لیے روس اور ایران کو قصوروار قرار دیا ہے۔ ہفتے کے دن ہوئی اس کارروائی کے نتیجے میں انچاس افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]ہنگری کے الیکشن میں اوربان کی جیت[/pullquote]

ہنگری کے پارلیمانی الیکشن میں وزیراعظم وکٹور اوربان کی فیدس پارٹی نے پارلیمان میں دو تہائی اکثریت حاصل کر لی ہے۔ اتوار کے دن منعقد ہوئے اس الیکشن کے ابتدائی نتائج کے مطابق مہاجرت مخالف اوبان کی سیاسی پارٹی کو 48.8 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ اندازہ ہے کہ فیدس پارٹی 199 نشستوں والی ملکی پارلیمان میں 133 سیٹوں پر کامیابی حاصل کر لے گی۔ ان نتائج کے مطابق وکٹور اوربان تیسری مرتبہ بھی وزارت عظمیٰ کے منصب پر براجمان ہو جائیں گے۔

[pullquote]بیلجیم کے سائیکلسٹ ریس کے دوران ہی انتقال کر گئے[/pullquote]

بیلجیم کے سائیکلسٹ میشائل گولاٹس پیرس روبے سائیکل ریس کے دوران حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کر گئے۔ گزشتہ روز منعقد ہوئی اس ریس میں وہ فنش لائن سے 150 کلو میٹر قبل اچانک بے ہوش گئے تھے۔ تئیس سالہ گولاٹس کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ وہ سن دو ہزار چودہ میں بیس برس کی عمر میں پروفیشنل سائیکلسٹ بنے تھے اور فرانس کی مشہور پیرس روبے سائیکل ریس میں پہلی مرتبہ حصہ لے رہے تھے۔

[pullquote]امریکا کو پچھتانا پڑے گا، ایرانی صدر[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے عالمی جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اسے پچھتانا پڑے گا۔ پیر کے دن تہران میں انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو ایران ایک ہفتے سے کم وقت میں ہی اپنا ردعمل ظاہر کر دے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دے رکھی ہے کہ واشنگٹن حکومت ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین طے پانے والی اس ڈیل سے دستبردار ہو سکتی ہے۔ ایرانی صدر نے کہا ہے کہ وہ اس ڈیل کی خلاف ورزی میں پہل نہیں کریں گے لیکن اگر امریکا نے ایسا کیا تو جوابی ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔

[pullquote]اسرائیلی جیٹ طیاروں کے غزہ پٹی میں حملے[/pullquote]

اسرائیلی جنگی طیاروں نے فلسطینی علاقے غزہ کے شمالی حصے میں حماس کے مبینہ ’فوجی ٹھکانوں‘ کو نشانہ بنایا ہے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق جبالیہ میں واقع ’عزالدین القسام بریگیڈ‘ کے ایک ٹھکانے پر حملہ کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں کسی ہلاکت کی کوئی خبر نہیں ملی ہے۔ اسرائیلی حکام نے بتایا ہے کہ یہ کارروائیاں حماس کے اس جنگجو دھڑے کے کارکنوں کی طرف سے سرحدی خلاف ورزی اور اسرائیلی دفاعی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے جواب میں کی گئی ہے۔ گزشتہ دس دونوں کے دوران اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں اکتیس فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]شام میں میزائل حملے ہوئے، سرکاری میڈیا[/pullquote]

شامی ٹیلی وژن کے مطابق حمص شہر میں واقع ایک فوجی تنصیب پر میزائل حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں چودہ ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آج پیر کو علی الصبح ایک ایئر بیس پر اس حملے کے بعد شامی فورسز فعال ہو چکی ہیں۔ لبنانی میڈیا کے مطابق شامی سرحد سے متصل علاقوں میں جیٹ طیاروں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ پینٹا گون نے کہا ہے کہ فی الحال شام میں فضائی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقی غوطہ میں مبینہ کیمیائی حملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے گزشتہ روز ہی کہا تھا کہ صدر بشار الاسد کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہو گا۔

[pullquote]میونسٹر کار حملہ، محرکات واضح نہ ہو سکے[/pullquote]

جرمن استغاثہ نے کہا ہے کہ میونسٹر کار حملے کے محرکات ابھی تک واضح نہیں ہو سکے ہیں۔ ہفتے کے دن اڑتالیس سالہ جرمن شہری نے لوگوں پر کار چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ تقریباﹰ بیس دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ استغاثہ کے مطابق تازہ چھان بین سے بھی واضح نہیں ہو سکا ہے کہ یہ حملہ کیوں کیا گیا۔ اتوار کے دن جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر اور کئی دیگر اعلیٰ حکومتی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا۔

[pullquote]ڈوئچے بینک کے سربراہ تبدیل کر دیے گئے[/pullquote]

جرمنی کے ڈوئچے بینک کے سی ای او جان کرائین کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ اس جرمن بینک کے مشاروتی بورڈ نے اتوار کی رات گئے ہوئی ووٹنگ میں کرائین کے ایک نائب کرسٹیان زیوِنگ کو نیا سربراہ چن لیا۔ ڈوئچے بینک کو گزشتہ مسلسل تین برسوں سے مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، جس کے باعث اس بینک کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔ توقع ظاہر کی گئی ہے 47 سالہ زیوِنگ اس ادارے کی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

[pullquote]پچاس ہزار سے زائد افراد دوما چھوڑ دیں گے[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں پچاس ہزار سے زائد افراد دوما سے نکل جائیں گے۔ دوما دارالحکومت دمشق کے مضافات میں مشرقی غوطہ کا وہ آخری ٹھکانہ ہے، جو صدر بشار الاسد مخالف باغیوں کے زیر کنٹرول ہے۔ روس کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے تحت علاقہ چھوڑنے والوں میں باغی اور ان کے اہلخانہ بھی شامل ہوں گے۔ حکومتی فورسز نے اس علاقے کو شدید بمباری کا نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب باغی ان دو سو افراد کو بھی رہا کر دیں گے، جنہیں یرغمال بنایا گیا ہے۔

[pullquote]شامی ایئر بیس پر حملے میں چار ایرانی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے[/pullquote]

ایرانی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق شامی ایئر بیس پر ہونے والے حملے میں چار ایرانی فوجی ہلاک ہوئے۔ قبل ازیں روس اور شام نے کہا تھا کہ شام میں ایک فوجی تنصیب پر تازہ میزائل حملے اسرائیلی فورسز نے کیے ہیں۔ روسی وزارت دفاع نے پیر کے دن الزام عائد کیا کہ اسرائیلی فوج کے دو ایف پندرہ جنگی طیاروں نے شامی فضائی حدود کی خلاف ورزی کیے بغیر یہ کارروائی لبنانی فضائی حدود سے ہی سر انجام دی۔ شامی حکام کے مطابق حمص کی ایک ایئر بیس پر علی الصبح ہوئے اس حملے کے نتیجے میں چودہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اسرائیل نے ابھی تک نہ تو اس الزام کی تردید کی ہے اور نہ ہی تصدیق۔

[pullquote]شمالی کوریائی رہنما ٹرمپ سے براہ راست مذاکرات کے لیے تیار[/pullquote]

شمالی کوریا نے امریکا کو پیغام دیا ہے کہ اس کمیونسٹ ملک کے رہنما کم جونگ اُن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنے جوہری پروگرام کی بابت مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ ایک امریکی سفارتکار نے بتایا ہے کہ ان مذاکرات کی پیشکش براہ راست پیونگ یانگ کی طرف سے کی گئی ہے۔ یوں امریکا اور شمالی کوریا کے مابین ممکنہ سمٹ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ تاہم ابھی تک واضح نہیں کہ یہ ملاقات کب اور کہاں ہو سکتی ہے۔

[pullquote]مبینہ کیمیکل حملے کی چھان بین جاری ہے، او پی سی ڈبلیو[/pullquote]

کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے عالمی ادارے (او پی سی ڈبلیو) نے کہا ہے کہ وہ شامی شہر دوما میں مبینہ کیمیائی حملے کی خبروں کی چھان بین کر رہا ہے۔ اس ادارے کی طرف سے پیر کے دن بتایا گیا ہے کہ ابھی تک واضح نہیں ہوا کہ آیا سات اپریل کو دوما میں ہوئے اس حملے میں کیمیکل ہتھیار استعمال کیے گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ادارہ مزید شواہد جمع کر رہا ہے۔ ادھر عالمی برداری نے اس حملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری شامی حکومت پر ڈالی ہے۔ تاہم دمشق اور روس ان الزامات کو مسترد کر رہے ہیں۔

[pullquote]بھارت، بس کے کھائی میں گرنے سے 21 بچوں سمیت 27 افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت میں ایک بس کے کھائی میں گرنے کے نتیجے میں اکیس بچوں سمیت ستائیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں پیش آیا ہے۔ ریاستی وزیر برائے تعلیم سریش بھردواج کے مطابق ہلاک ہونے والے بچوں کا تعلق ایک نجی اسکول سے تھا اور ان کی عمریں چھ سے گیارہ برس کے درمیان تھیں۔ ابھی تک اس حادثے کی وجوہات کا پتا نہیں چلایا جا سکا تاہم تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

[pullquote]ہنگری کے لیے یورپی کمیشن کا پیغام[/pullquote]

یورپی کمیشن نے ہنگری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یورپی اقدار کے تحفظ میں تعاون کرے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے، جب اتوار کے الیکشن میں قدامت پسند وکٹور اوربان کی قوم پرست سیاسی جماعت نے واضح کامیابی حاصل کر لی ہے۔ یوں اوربان کے تیسری مرتبہ وزیرا عظم بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ یورپی کمیشن کے بیان کے مطابق ’یورپی یونین جمہوریت اور اقدار کی ایک یونین ہے اور اس بلاک میں شامل تمام ممالک کو مل کر مشترکہ مفادات کا تحفظ کرنا چاہیے‘۔

[pullquote]انڈونیشیا میں بم حملوں کے ماسٹر مائنڈ کو نو سال کی قید[/pullquote]

انڈونیشیا کی ایک عدالت نے دوہرے خود کش بم حملوں کے منصوبہ ساز کیکی محمد اقبال کو نو سال کی سزائے قید سنا دی ہے۔ گزشتہ برس مئی میں جکارتہ میں ہوئے ان حملوں میں تین پولیس اہلکار ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کی تھی۔ عدالت کو بتایا گیا تھا کہ اقبال نے اپنے ایک خطبے میں مسلمانوں کو اکسایا تھا کہ وہ ’شہادت اختیار‘ کریں۔

[pullquote]محمد بخاری پھر صدارتی انتخابات لڑیں گے[/pullquote]

نائیجریا کے صدر محمد بخاری آئندہ برس ہونے والے الیکشن میں ایک مرتبہ پھر بطور صدر میدان میں اتریں گے۔ صدر دفتر کی طرف سے پیر کے دن بتایا گیا ہے کہ 75 سالہ بخاری اپنی سیاسی پارٹی ’آل پراگریسیو کانگریس‘ کی ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس پیشرفت سے گزشتہ کئی ماہ سے جاری ایسی افواہیں دم توڑ گئی ہیں کہ گزشتہ ایک برس سے لندن میں علاج کی غرض سے مقیم بخاری کا سیاسی کیریئر ختم ہو چکا ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا کے سابق صدر بک کے خلاف قانونی کارروائی[/pullquote]

جنوبی کوریا کے سابق صدر لی میونگ بک پر بدعنوانی کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ استغاثہ نے بتایا کہ رشوت خوری، طاقت کے ناجائز استعمال، فنڈز کی خرد برد اور ٹٰیکس چوری کے الزامات کے تحت بک کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وہ سن دو ہزار آٹھ تا سن دو ہزار تیرہ جنوبی کوریا کے صدر رہے تھے۔ بک کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا تاہم وہ ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ سیؤل کی ایک عدالت نے گزشتہ ہفتے ہی ملک کی ایک اور سابق صدر پارک گن ہے کو مختلف الزامات ثابت ہو جانے پر چوبیس سال کی سزائے قید سنائی تھی۔

[pullquote]شام میں حملہ اسرائیلی فضائیہ نے کیا، روسی وزارت دفاع[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ شام میں ایک فوجی تنصیب پر تازہ میزائل حملے اسرائیلی فورسز نے کیے ہیں۔ روسی وزارت دفاع نے پیر کے دن الزام عائد کیا کہ اسرائیلی فوج کے دو ایف پندرہ جنگی طیاروں نے شامی فضائی حدود کی خلاف ورزی کیے بغیر یہ کارروائی لبنانی فضائی حدود سے ہی سر انجام دی۔ شامی حکام کے مطابق حمص کی ایک ایئر بیس پر علی الصبح ہوئے اس حملے کے نتیجے میں چودہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے