نئے ہتھیار تیز دھار بنانے کی مہم کا آغاز آج سے ہوگا

لاہور: نئے ہتھیار تیز دھار بنانے کی مہم کا جمعرات کو آغاز ہوگا جب کہ مختصر کیمپ میں آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچزکیلیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز کی تیاری کیلیے ابتدائی طور پر 24ممکنہ کرکٹرز کا تربیتی کیمپ لاہور میں لگایاگیا تھا، انگلینڈ میں سمرسٹ کاؤنٹی کی نمائندگی کرنے والے محمد عباس کو شرکت سے مستثنیٰ قرار دیا گیا،ٹریننگ کا حصہ بننے والے کرکٹرز میں سے فواد عالم سمیت کئی اگلی سیریز میں موقع ملنے کیلیے انتظار کی سولی پر لٹک گئے۔

حتمی 16رکنی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، سمیع اسلم ،فخرزمان، امام الحق، اسد شفیق، حارث سہیل، بابر اعظم ، عثمان صلاح الدین،سعد علی، شاداب خان ،فہیم اشرف، محمدعامر، حسن علی، راحت علی اور محمدعباس شامل ہوئے، ان میں ٹیسٹ ڈیبیو کے منتظر 5کھلاڑی بھی موجود ہیں، برطانیہ کے نسبتاً سرد موسم میں ٹیم کو ہمیشہ مشکلات پیش آتی ہیں۔
آئرلینڈ کو اگرچہ اپنی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ کھیلنا ہے لیکن وہاں کی کنڈیشنز اور کپکپا دینے والی سردی نوآموز کھلاڑیوں کے ساتھ اظہر علی اور اسد شفیق جیسے سینئرز کا بھی امتحان لے گی، فخرزمان، امام الحق، عثمان صلاح الدین، سعد علی اور فہیم اشرف کو تو ٹیسٹ کرکٹ کا پہلا تجربہ ہی مشکل کنڈیشز میں کرنا ہے، ان میچز کیلیے کھلاڑیوں کو پاکستان میں تیاریوں کا آخری موقع جمعرات سے شروع ہونے والے 3روزہ کیمپ میں ملے گا۔

لاہور کے سخت موسم میں برطانیہ کی سرد کنڈیشنز میں کھیلے جانے والے مقابلوں کی تیاریوں پر سوالیہ نشان ہے۔ بعد ازاں ٹیم کی قبل ازوقت روانگی، وہاں ٹور میچز اور پریکٹس کے مواقع فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں، لاہور کے سوا دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی تربیتی کیمپ کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی آمد کا سلسلہ گذشتہ رات جاری رہا۔

آج ہیڈ کوچ مکی آرتھر معاون اسٹاف کے ہمراہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سیشنز میں کھلاڑیوں کی رہنمائی کریں گے، اس مقصد کیلیے خاص طور پر تیار کی جانے والی پچز پر ڈیوک بال سے پریکٹس ہوگی، قذافی اسٹیڈیم میں9:45سے 12:30تک نیٹ، شام کو این سی اے میں جم ٹریننگ بھی جاری رہے گی۔

محمد عباس انگلینڈ میں ہی دیگر کرکٹرز کو جوائن کرلیں گے، کوچز کی پوری کوشش ہوگی کہ ناتجربہ کار اسکواڈ کے ہتھیار تیز دھار بنانے میں کوئی کسر باقی نہ رہنے دیں، میڈیا میں سلیکشن پر سخت تنقید نے کھلاڑیوں پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے، بڑے دل کے ساتھ توقعات کا بوجھ اٹھانے والے ہی شائقین کی نظروں میں سرخرو ہوں گے۔

لیگ اسپنرشاداب خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے پر بہت خوش ہوں،یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے،پوری کوشش کروں گا کہ اعتماد پر پورا اتروں، پرستار پاکستان اور میرے لیے دعا کریں۔

یادر ہے کہ آئرلینڈ کیخلاف واحد ٹیسٹ11سے 15مئی تک ڈبلن میں ہوگا، انگلینڈ سے2ٹیسٹ پر مشتمل سیریز24 مئی کو لارڈز ٹیسٹ سے شروع ہوگی، دوسرے میچ کا آغاز یکم جون سے لیڈز میں ہوگا، قومی ٹیم کے ٹور میچز بھی شیڈول کیے گئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے