جمعرات : 19 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سعودی عرب میں 35 برس بعد پہلا سینما کھل گیا[/pullquote]

سعودی عرب میں 35 برس کے وقفے کے بعد پہلے عوامی سینما گھر نے کام کرنا شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ روز دارالحکومت ریاض کے اس سینما گھر میں ہالی وُڈ کی فلم ’بلیک پینتھر‘ دکھائی گئی۔ تاہم پہلا شو صرف مدعو کیے گئے مہمانوں کے لیے ہی مخصوص تھا۔ یہ پیشرفت سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے ملک کو اعتدال پسندی کی طرف لانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ سعودی عرب میں خواتین کو فٹ بال اسٹیڈیم جا کر میچ دیکھنے اور کار چلانے کی اجازت بھی مل چکی ہے جس پر جون کے آخر میں عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

[pullquote]تین سابق امریکی فوجی کرائے کے قتل کے مجرم قرار دے دیے گئے[/pullquote]

نیو یارک کی ایک عدالت نے تین سابق امریکی فوجیوں کو فلپائن میں ایک خاتون ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کے قتل کے مجرم قرار دے دیا ہے۔ ان سابق فوجیوں نے یہ قتل ایک بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہ کے سربراہ کے لیے کیا، جس کا خیال تھا کہ اس خاتون نے زمین کے ایک معاہدے میں اس سے دغا بازی کی تھی۔ استغاثہ کے مطابق کرائے کے قاتلوں کے طور پر 2012ء میں یہ قتل کرنے کے بعد یہ ملزمان واپس امریکا لوٹ آئے تھے۔ انہیں 2015ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان تینوں مجرموں کو عمر قید تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]جرمنی شمالی افریقہ اور مشرق وُسطیٰ سے 10 ہزار مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دے گا[/pullquote]

جرمنی شمالی افریقہ اور مشرق وُسطیٰ سے تعلق رکھنے والے 10 ہزار سے زائد مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دے گا۔ یہ بات یورپی یونین کے کمشنر برائے مہاجرت دیمیتریس آوراموپولوس نے بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمن حکومت نے یورپی یونین کے آبادکاری منصوبے میں اہم کردار ادا کرنے کی حامی بھر لی ہے۔ یورپی یونین کے اس پروگرام کا مقصد ایسے مہاجرین کو قانونی اور محفوظ طریقے سے یورپ لا کر بسانا ہے، جنہیں تحفظ کی ضرورت ہے۔ اس منصوبے کے تحت 2019ء تک کم از کم 50 ہزار مہاجرین کو یورپ لا کر بسایا جائے گا۔ دیگر یورپی ریاستیں اس پروگرام کے تحت 40 ہزار مہاجرین کو اپنے ہاں بسانے کی حامی پہلے ہی بھر چکی ہیں۔

[pullquote]آرمینیا میں درجنوں حکومت مخالف مظاہرین گرفتار[/pullquote]

آرمینیا کے دارالحکومت یریوان میں پولیس نے درجنوں حکومت مخالف مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔ سابق صدر سیرز سارکیزیئن کے بطور وزیر اعظم انتخاب کے خلاف بڑے پیمانے پر مسلسل احتجاج کا آج ساتواں دن ہے۔ سینکڑوں مظاہریں نے یریوان کے وسطی حصے میں حکومتی دفاتر کی جانب جانے والے راستے کو بلاک کرنے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ ایک دہائی تک ملک کے صدر رہنے والے روس نواز سارکیزیئن کو منگل کے روز ملک کا وزیر اعظم منتخب کر لیا گیا تھا۔

[pullquote]دولت مشترکہ کا دو رزہ سربراہی اجلاس شروع[/pullquote]

53 ریاستوں پر مشتمل دولت مشترکہ کا سربراہی اجلاس برطانوی دارالحکومت لندن میں شروع ہو گیا ہے۔ اس اجلاس کا افتتاح دولت مشترکہ کی سربراہ ملکہ الزبتھ نے کیا۔ لندن کے بکھنگم پیلس میں اس تنظیم کے سربراہان کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ دولت مشترکہ مستقبل میں بھی استحکام کی علامت بنی رہے گی۔ انہوں نے اس موقع پر اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ ان کے بعد ان کے بیٹے پرنس چارلس کو دولت مشترکہ کا سربراہ بنا لیا جائے گا۔ اس دو روزہ سربراہی اجلاس کے دوران تجارت، سمندری تحفظ اور سائبر کرائمز جیسے موضوعات گفتگو میں شامل رہیں گے۔

[pullquote]یورپی یونین میں اصلاحات کے معاملے پر اتفاق رائے رواں برس کے وسط تک ہو جائے گا، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ برلن اور پیرس کے درمیان اختلاف رائے کے باوجود امید ہے کہ دونوں ممالک یورپی یونین میں اصلاحات کے معاملے پر متفق ہو جائیں گے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے ساتھ ملاقات کے بعد جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر کھلی بحث ہونی چاہیے مگر سمجھوتے کی صلاحیت بھی ہونی چاہیے۔ میرکل کا اس موقع پر مزیدکہنا تھا کہ یورپ اپنے مسائل مل کر ہی حل کر سکتا ہے۔ جرمنی اور فرانس رواں برس جون میں طے شدہ یورپی یونین کی سربراہی ملاقات سے قبل اس یونین میں اصلاحات کے لیے ایک مشترکہ منصوبہ پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

[pullquote]داعش کے اچانک حملے میں شامی حکومتی فورسز کے 25 اہلکار ہلاک[/pullquote]

داعش کے جنگجوؤں نے شام کے مشرقی حصے میں اچانک حملہ کر کے شامی حکومت کی فورسز کے کم از کم 25 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ شامی خانہ جنگی پر نظر رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق میادین کے قریب کیے جانے والے اس حملے میں داعش کے 13 جنگجو بھی مارے گئے۔ آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمان کے مطابق داعش کی طرف سے میادین شہر کی طرف بڑھنے کی کوششیں جاری ہیں۔ شامی فورسز نے داعش کو اس شہر سے اکتوبر 2017ء میں نکال باہر کیا تھا اور اس کے بعد سے یہ اس دہشت گرد گروپ کا سب سے بڑا حملہ ہے۔

[pullquote]وارسا میں نازی قبضے کے خلاف یہودیوں کی مزاحمت کو 75 برس ہو گئے[/pullquote]

پولینڈ پر نازی قبضے کے دوران دارالحکومت وارسا میں یہودیوں کی طرف سے مزاحمت کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر آج خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سائرن اور چرچ کی گھنٹیاں بجائی جا رہی ہیں جبکہ عوام، سیاستدان اور نیوز اینکرز اپنے کپڑوں پر کاغذ سے بنے نرگس کے پھول لگائے ہوئے ہیں جو اس بغاوت کے دوران مرنے والے یہودیوں کے لیے سوگ کی علامت بن چکے ہیں۔ پولینڈ کے صدر آندرے ڈُوڈا ایک مرکزی یادگاری تقریب کی صدارت کر رہے ہیں جس میں ان سینکڑوں یہودیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے جنہوں نے دوسری عالمی جنگ کے دوران 19 اپریل 1943ء کو نازی جرمنوں کے مسلح مزاحمت شروع کر دی تھی۔

[pullquote]میرکل اور ماکروں کی ملاقات آج، یورپی یونین میں اصلاحات اہم موضوع[/pullquote]

آج جمعرات کے روز جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں برلن میں ایک ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات میں یورپی یونین میں اصلاحات کے موضوع پر خاص طور پر بات ہو گی۔ جرمنی اور فرانس جون میں طے شدہ یورپی یونین کے سربراہی اجلاس سے قبل اصلاحات کا ایک مشترکہ منصوبہ پیش کرنا چاہتے ہیں۔ منگل کے روز ماکروں نے یورپی پارلیمان سے اپنے خطاب کے دوران یورپی معاشی پالیسی سے متعلق اپنی تجاویز پیش کی تھیں۔ تاہم جرمنی میں حکمران اتحاد میں شامل دو سیاسی جماعتوں سی ڈی یو اور سی ایس یو نے اس بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

[pullquote]شام میں جرمن جہادی کی گرفتاری[/pullquote]

شام میں کُرد فورسز نے ایک شامی نژاد جرمن عسکریت پسند محمد حیدر زمار کو گرفتار کر لیا ہے۔ زمار کو نائن الیون کے دہشت گردانہ حملے کرنے والوں کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ وہ ان حملوں کے بعد مراکش چلا گیا تھا۔ امریکی سی آئی اے نے اسے گرفتار کر کے شام کے حوالے کر دیا تھا جہاں اسے 12 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ یہ شامی نژاد جرمن شہری 2014ء میں جیل سے رہائی کے بعد دہشت گرد گروپ داعش میں شامل ہو گیا تھا۔ جرمن حکام بھی زمار کی تلاش میں تھے۔

[pullquote]نیٹو اتحاد اور روس کے فوجی سربراہان کے درمیان شام کے معاملے پر ملاقات[/pullquote]

روسی ملٹری جنرل اسٹاف والیری گیراسیموف اور نیٹو اتحاد کے سپریم کمانڈر کُرٹِس سَکاپاروٹی (Curtis Scaparrotti) آج آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں شام کے معاملے پر بات چیت کر رہے ہیں۔ روسی نیوز ایجنسی تاس نے یہ بات روسی وزرات دفاع کے حوالے سے بتائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گیراسیموف اِن مذاکرات سے قبل ہی باکو پہنچ چکے ہیں۔ اس ملاقات میں شام کے علاوہ یورپ میں نیٹو اور روسی فوجی اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

[pullquote]تارکین وطن سے متعلق عدالتی فیصلے کا احترام کیا جائے گا، یونانی حکام[/pullquote]

یونانی حکام نے کہا ہے کہ حکومت اُس عدالتی فیصلے کا احترام کرے گی، جس کے مطابق یونانی جزائر پر آنے والے مہاجرین اور تارکین وطن جب سیاسی پناہ کی درخواست داخل کرا دیں تو پھر انہیں یونان میں کہیں بھی آنے جانے کی اجازت ہو گی۔ یہ فیصلہ یورپی یونین کی اس پالیسی کے خلاف ہے کہ مہاجرین اور تارکین وطن کو یونان کے انہی جزیروں تک محدود رکھا جائے جہاں وہ پہلی مرتبہ پہنچتے ہیں، بھلے وہ سیاسی پناہ کی درخواست بھی دے دیں۔ تاہم اس فیصلے کا اطلاق یونانی جزائر پر پہلے سے موجود 15 ہزار سے زائد تارکین وطن پر نہیں ہو گا بلکہ نئے آنے والے تارکین وطن پر ہو گا۔

[pullquote]دمشق کے قریبی علاقے پر قابض داعش کے جنگجوؤں کو 48 گھنٹے کی مہلت[/pullquote]

شامی دارالحکومت دمشق سے جنوب کی جانب ایک علاقے پر قابض دہشت گرد گروپ داعش کے جنگجوؤں کو 48 گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ اس علاقے سے نکلنے پر رضامند ہو جائیں۔ ایک شامی اخبار کے مطابق اگر انہوں نے انکار کیا تو پھر شامی فوج اور اس کی اتحادی فورسز اس علاقے سے اس تنظیم کے خاتمے کے لیے ملٹری آپریشن کے لیے تیار ہیں۔ یرموک اور الحجر الاسود کے علاقے داعش کے قبضے میں ہیں، تاہم یہ علاقے رقبے کے لحاظ سے مشرقی غوطہ سے کہیں چھوٹے ہیں، جہاں شامی فورسز نے حال ہی میں دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے