اتوار : 29 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

شمالی کوریا جوہری تنصیبات کی بندش پر امریکی ماہرین کو مدعو کرے گا، سیئول

جنوبی کوریائی حکومت نے بتایا ہے کہ رواں برس مئی میں شمالی کوریا کے لیڈر کی ہدایت پر جب جوہری تنصیبات کے مقام کی مکمل بندش کی جائے گی تو جنوبی کوریا اور امریکا کے صحافیوں اور ماہرین کو بھی خصوصی دعوت دی جائے گی۔ شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن نے اپنی جوہری تنصیبات کی بندش مئی میں کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ چیئرمین کم جونگ اُن نے یہ بھی کہا کہ امریکا جنگی حالات ختم کرنے کا وعدہ کرتا ہے تو پھر واشنگٹن پر حملے کی ضرورت نہیں رہتی۔ ستائیس اپریل کو جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کی ملاقات کے دوران جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

عراق: داعش سے وابستہ ڈیڑھ درجن سے زائد روسی خواتین کو عمر قید

عراق کی مرکزی فوجداری عدالت نے جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ساتھ وابستگی رکھنے والی انیس روسی خواتین کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اس عدالت کے سربراہ کے مطابق ان خواتین پر داعش میں شمولیت اور اس کی عملی حمایت کے الزامات استغاثہ نے ثابت کر دیے ہیں۔ روسی خواتین کے علاوہ وسطی ایشیائی ریاستوں آذربائیجان کی چھ اور تاجکستان کی چار خواتین کو بھی انہیں الزامات کے تحت عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ تمام خواتین سزا کے خلاف اپیل کرنے کا حق رکھتی ہیں۔

سعودی فضائی حملوں میں درجنوں حوثی جنگجووں کی ہلاکت کا دعویٰ

سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کی رات میں کیے جانے والے فضائی حملوں میں حوثی ملیشیا کے دو مزید اہم کمانڈر مار دیے گئے ہیں۔ ان کمانڈروں کے نام اور دوسری تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ سعودی ٹیلی وژن الاخباریہ کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے طیاروں نے دو مختلف حملوں میں پچاس سے زائد حوثی باغیوں کو ہلاک کیا ہے۔ یہ حملے حوثی ملیشیا کے دوسرے اہم ترین لیڈر صالح الصمد کی ہفتے کے روز ہونے والی تدفین کے بعد کیے گئے۔ صنعاء میں ہونے والی تدفین میں سینکڑوں یمنی باشندوں نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پر حوثی ملیشیا کے سربراہ عبدالمالک حوثی نے خطاب بھی کیا تھا۔

ناکارہ بم پھٹنے سے مشرقی افغانستان میں تین افراد ہلاک

افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد کے رہائشی علاقے میں ایک ناکارہ بم کے پھٹنے سے کم از تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک عورت اور دو بچے شامل ہیں۔ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان کے مطابق اس بم کے پھٹنے سے سات دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ ترجمان کے مطابق اتوار کے روز پھٹنے والا گولہ ایک روز قبل عسکریت پسندوں نے داغا تھا اور یہ کسی وجہ سے پھٹ نہیں سکا تھا۔ اسی صوبے کے دارالحکومت میں ایک مسجد کے باہر بارود سے لدے رکشے کا بھی دھماکا ہوا۔ اس واقعے میں بھی سات افراد شدید زخمی ہیں۔ ننگر ہار میں طالبان اور ’اسلامک اسٹیٹ سرگرم ہیں۔

افغانستان میں ووٹروں کو رجسٹریشن پر مائل کرنے کے لیے ہوائی جہاز سے پرچیاں پھینکی گئیں

افغان حکومت نے رواں برس کے عام پارلیمانی انتخمابات میں بھرپور عوامی شرکت کے لیے مختلف علاقوں میں ہوائی جہاز سے پرچیاں پھینکی ہیں۔ کابل حکومت کی کوشش ہے کہ الیکشن سے قبل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں بھی کم از کم تین ملین کا اضافہ کیا جائے۔ اس مہم کے تحت ہفتہ اٹھائیس اپریل تک ساڑھے چھ لاکھ نئے ووٹروں کا اندراج کیا گیا۔ افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن کی کوشش ہے کہ انتخابات سے قبل چودہ ملین نوجوانوں کی رجسٹریشن مکمل کی جا سکے۔ اس سلسلے میں ریڈیو اور ٹیلی وژن پر رجسٹریشن کی مہم جاری ہے۔ بیس اکتوبر کے پارلیمانی الیکشن کے لیے سات ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

قطر میں ملازمت چھوڑنے کے متنازعہ قانون میں تبدیلی کا فیصلہ

ایک انٹرنیشنل لیبر تنظیم نے عندیہ دیا ہے خلیجی ریاست قطر ملک میں نافذ لیبر قوانین کو تبدیل کرنے پر جلد راضی ہو جائے گی۔ یہ بات انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے جنرل سیکریٹری شاران بُورو نے بتائی ہے۔ یہ تنظیم قطر کے لیبر قوانین کی بڑی ناقد رہ چکی ہے۔ نافذ شدہ قانون کے تحت کوئی بھی ملازم اپنے ملازمت دینے والے شخص کی اجازت کے بغیر ریاست کی حدود سے باہر جانے کا مجاز نہیں ہے۔ اس تبدیلی کا فیصلہ عالمی ادارہٴ محنت کا ایک ذیلی دفتر دوحہ میں کھولنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اقوام متحدہ سن 2022 میں فٹ بال ورلڈ کپ کے قطر میں انعقاد کے حوالے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مکمل جائزہ لینا چاہتی ہے۔

یورپی یونین کو حاصل استثنی کی مدت ختم ہونے والی ہے

امریکا کی جانب سے یورپی یونین کو اضافی درآمدی ڈیوٹی کے حوالے سے حاصل استثنی کے بارے میں فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔ تجارتی امورکی یورپی کمشنر سیسیلیا مالمسٹروم نے کہا کہ یکم مئی سے یورپی ایلمونیئم اور اسٹیل پر اضافی محصولات عائد کیے جا سکتے ہیں۔ ان کے بقول یورپی کمیشن تیاری کر رہا ہے کہ ممنکہ امریکی اقدام کا کس طرح سے جواب دیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات اوّلین ترجیح ہیں۔ مالمسٹروم کے بقول اگر یورپی یونین اور امریکا کے مابین اس معاملے کا غیر مشروط اور دیرپا حل تلاش نہ کیا جا سکا تو یورپی یونین کی جانب سے تین گنا سخت ردعمل سامنے آئے گا۔

خلیجی ممالک ایران کے خلاف متحد ہو جائیں، امریکی وزیرخارجہ

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک ایران کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ اتوار کے روز سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران کے خلاف نئے پابندیوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ پومپیو نے سعودی حکام کا یقین دلایا کہ اگر یورپی اتحادیوں نے ایرانی جوہری ڈیل کو مزید بہتر بناتے ہوئے یہ یقینی نہ بنایا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار تیار نہیں کر سکے گا، تو یہ ڈیل ختم کر دی جائے گی۔ واضح رہے کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دورہ صدارت میں سن 2015ء میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ طے پایا تھا، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس معاہدے کے شدید ناقد ہیں۔

ایرانی نژاد برطانوی اسکالر ایران میں زیرحراست
ایرانی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی نژاد

برطانوی اسکالر پروفیسر عباس عدالت کو سلامتی سے متعلق الزامات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بدھ کے روز نیویارک میں قائم سینٹر فار ہیومن رائٹس اِن ایران نامی گروپ نے کہا تھا کہ عباس عدالت کو ایران کے انقلابی گارڈز نے گرفتار کیا ہے۔ پروفیسر عدالت امپیریل کالج لندن میں کمپیوٹر سائنس کے شعبے کے پروفیسر ہیں۔ ایرانی حکومت کی جانب سے پروفیسر عباس عدالت کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم ان پر عائد کردہ الزامات کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے وفد کی بنگلہ دیش میں روہنگیا سے ملاقات

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک وفد نے بنگلہ دیش میں موجود روہنگیا مہاجرین سے ملاقات کی۔ جنوب مشرقی بنگلہ دیش میں آباد ان لاکھوں روہنگیا باشندوں کو میانمار کی راکھین ریاست میں عسکری آپریشن کے بعد ہجرت کرنا پڑی تھی۔ اس موقع پر سلامتی کونسل کا وفد جس عمارت میں موجود تھا، اس کے باہر سینکڑوں روہنگیا نے ’’ہمیں انصاف چاہیے‘ کے نعرے کے ساتھ مظاہرہ بھی کیا۔ بتایا گیا ہے کہ روہنگیا مہاجرین کے نمائندوں نے سلامتی کونسل کے وفد کو 13 مطالبات پیش کیے ہیں، جن میں روہنگیا باشندوں کے لیے میانمار کی شہریت کا مطالبہ بھی شامل ہے۔

شامی فورسز کی داعش کے خلاف پیش قدمی
شامی فورسز نے شدید جھڑپوں کے بعد

دارالحکومت دمشق کے جنوب میں شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں کے خلاف پیش قدمی کی ہے۔ شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اس کارروائی کا مقصد دمشق کے نواحی علاقوں سے جہادیوں کا مکمل صفایا ہے۔ شامی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر بشارالاسد کی حامی فورسز نے قدم کے متعدد علاقوں میں اس شدت پسند تنظیم کی پوزیشنوں کو نشانہ بناتے ہوئے پیش قدمی کی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ قدم کے علاقے کو گزشتہ ماہ داعش کے جنگجوؤں نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا اور ساتھ ہی ان جہادیوں کی پسپائی کے لیے سرکاری فورسز نے آپریشن کا آغاز بھی کر دیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ شامی فورسز اس کارروائی میں فضائی قوت کے علاوہ بھاری توپ خانے کا استعمال بھی کر رہی ہیں۔

اسرائیل نے ایک شہری گرفتار کر لیا، لبنان

لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ شبعا کے علاقے سے اسرائیل فوجی اہلکار ایک خاتون کو گرفتار کر کے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ اس بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج نے سرحد عبور کر کے یہ کارروائی کی۔ واضح رہے کہ شبعا کے سرحدی خطے میں ایک چھوٹا سا متنازعہ علاقہ بھی شامل ہے، جسے اسرائیل گولان کی پہاڑیوں کا حصہ قرار دیتا ہے، جب کہ لبنان انہیں اپنا علاقہ گردانتا ہے۔ اسرائیل اور لبنان کے درمیان سن 2006 کی مختصر جنگ کے بعد اس علاقے میں اقوام متحدہ کا امن مشن بھی تعینات ہے۔

شمالی کوریا جوہری تجرباتی مرکز کو بند کر دے گا

شمالی کوریا نے پنگیئی ری نامی جوہری تجربہ گاہ کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے آج اتوار کو اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مئی میں اس جوہری سائٹ کو بند کر دیا جائے گا۔ کم جونگ ان نے یہ بھی کہا کہ پنگیئی ری کی بندش کے بعد وہ سلامتی کے امور کے ماہرین اور صحافیوں کو شمالی کوریا آنے کی دعوت دیں گے تاکہ وہ خود اس پیش رفت کا جائزہ لے سکیں۔

فلپائن میں ایک مسیحی پادری ہلاک

فلپائن میں اتوار کے روز ایک مسیحی پادری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ملک کے شمالی حصے میں اس وقت پیش آیا، جب یہ پادری اتوار کے روز عبادت کے بعد گرجے سے نکلا۔ بتایا گیا ہے کہ فادر مارک وینتورا کو ایک مسلح حملہ آور نے دو گولیاں ماریں۔ حکام کے مطابق موٹرسائیکل سوار حملہ آور اس واقعے کے بعد فرار ہو گیا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔

ٹرمپ اور ان کی طے شدہ ملاقات اگلے تین سے چار ہفتوں میں ہو سکتی ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کم جونگ کے مابین ملاقات اگلے تین سے چار ہفتوں میں ہو سکتی ہے۔ مشیگن میں ہفتے کی شب ایک جلسے سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی اہم ملاقات ہو گی۔ ٹرمپ کے بقول ان کی جنوبی کوریائی صدر مون جے سے ٹیلیفون پر طویل اور اچھی بات چیت ہوئی ہے اور حالات میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے تازہ پیش رفت پر جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے سے بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے