افغان دارالحکومت کابل میں دو دھماکے، 4 افراد ہلاک، 5 زخمی

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے 2 دھماکوں کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پہلا دھماکا ششدرک کے علاقے میں افغان خفیہ ایجنسی ‘این ڈی ایس’ کے دفتر کے قریب ہوا، جبکہ دوسرا دھماکا وزارت شہری ترقی اور ہاؤسنگ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر اُس وقت ہوا، جب لوگ دفتر میں داخل ہورہے تھے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے پہلے دھماکے میں 4 افراد کے ہلاک اور 5 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

کابل پولیس کے ترجمان نے ششدرک میں ہونے والے دھماکے کے خودکش ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا۔

ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

یہ دھماکا ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب گذشتہ ہفتے کابل میں ایک ووٹر رجسٹریشن سینٹر پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

کابل پولیس چیف جنرل داؤد امین نے بتایا تھا کہ خودکش حملہ آور کا ہدف عام شہری تھے، جس نے شناخی کارڈ حاصل کرنے والے شہریوں کے قریب جا کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

واضح رہے کہ رواں برس 28 فروری کو بھی افغان انٹیلی جنس ایجنسی، نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے ایک کمپاؤنڈ میں دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ؔ

گذشتہ برس دسمبر میں بھی ایک خودکش بمبار نے اسی کمپاؤنڈ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے