پیر : 30 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

ایران یورنیم کی اعلیٰ افزودگی کے قابل ہو چکا ہے، صالحی

ایران نے کہا ہے کہ امریکا عالمی جوہری ڈیل سے دستبرار ہوتا ہے تو وہ یورنیم کی زیادہ افزودگی کا عمل بحال کر دے گا۔ ایرانی جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں اب ایران کی یورنیم کی اعلیٰ افزودگی کی تکنیکی صلاحیت بہتر ہو چکی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے یورپی اتحادیوں کو بارہ مئی کا وقت دیا ہے کہ وہ سن دو ہزار پندرہ میں طے پانے والی اس ڈیل کی خامیوں کو دور کرے ورنہ واشنگٹن حکومت اس سے دستبردار ہو جائے گی۔

پوٹن اور ماکروں کی ٹیلی فونک گفتگو

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل ماکروں سے ٹیلی فون پر گفتگو میں ایران کی جوہری ڈیل پر گفتگو کی ہے۔ کریملن کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پیر کے دن ہوئی اس گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اس عالمی جوہری معاہدے پر مکمل عملدرآمد جاری رہنا چاہیے۔ روسی حکومت نے بتایا ہے کہ یہ ٹیلی فونک گفتگو فرانسیسی صدر کی طرف سی کی گئی۔ قبل ازیں برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے مشترکہ طور پر کہا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کی خاطر عالمی جوہری ڈیل انتہائی اہم ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس ڈیل کے مخالف ہیں۔

قندھار میں خود کش حملہ، گیارہ بچے مارے گئے

افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں پر کیے گئے ایک خود کش حملے کے نتیجے میں کم از کم گیارہ بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔ افغان حکام نے پیر کے دن بتایا کہ قندھار صوبے میں خود کش کار حملے میں غیر ملکی فوجیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ اس حملے میں سولہ افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں رومانیہ کے چھ فوجی بھی شامل ہیں۔ فوری طور پر کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

پیس ہاؤس میں ملا جائے، ٹرمپ کا کم کو پیغام

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان سے ملاقات کے لیے اسی مقام کو تجویز کر دیا ہے، جہاں گزشتہ ہفتے ہی کوریائی ریاستوں کے رہنماؤں کی تاریخی سمٹ منعقد ہوئی تھی۔ جنوبی کوریا میں واقع یہ علاقہ شمالی کوریائی ریاست کی سرحد کے ساتھ ملحق ہے۔ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کسی تیسرے ملک میں ملاقات سے بہتر ہے کہ اسی پیس ہاؤس میں ملا جائے، جہاں کم جونگ ان اور مون جے ان نے سمٹ کی تھی۔ٹرمپ اور کم کی یہ ملاقات مئی کے اواخر یا جون کے آغاز میں ہو سکتی ہے۔

کابل حملہ، اسلامک اسٹیٹ نے ذمہ داری قبول کر لی

افغان دارالحکومت کابل میں پیر کو ہوئے دہرے خود کش حملوں کی ذمہ داری شدت پسند گروہ اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی ہے۔ کابل کے مرکزی علاقے میں ہوئے ان حملوں کے نتیجے میں کم از کم پچیس افراد ہلاک جبکہ ستائیس زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں صحافی بھی شامل ہیں۔ اسلامک اسٹیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پہلا حملہ افغان خفیہ ایجنسی اور سکیورٹی فورسز کے صدر دفاتر پر کیا گیا، جس کے بعد دوسرے حملے میں ان صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا، جو اس کی کوریج کے لیے وہاں پہنچے تھے۔

برطانیہ کا نیا وزیر داخلہ پاکستانی نژاد

برطانوی وزیر اعظم ٹریز مے نے ساجد جاوید کو ملک نیا وزیر داخلہ مقرر کر دیا ہے۔ سابق بینکر اڑتالیس سالہ جاوید گزشتہ روز مستعفی ہو جانے والی امبر رُڈ کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گے۔ امبر رڈ نے اتوار کے دن یہ اعتراف کرتے ہوئے کہ انہوں نے غیرقانونی تارکین وطن افراد کی ملک بدری کے حوالے سے قانون سازوں کو نادانستہ طور پر ’غلط معلومات‘ فراہم کیں، استعفیٰ دے دیا تھا۔ رڈ کا اس طرح وزیر داخلہ کے منصب سے الگ ہونا برطانوی وزیر اعظم ٹیرزا مے کی حکومت کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی اور فلسطینی سیاسی روابط بحال کریں، امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اسرائیلی اور فلسطینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی روابط کو بحال کریں۔ پیر کے دن عمان میں انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ غزہ سرحد پر تازہ تشدد کے جواب میں اسرائیلی فورسز کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت پر دیا ہے، جب اتوار کے دن اسرائیل اور غزہ سرحد پر اسرائیلی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں تین فلسطینی مارے گئے۔ اس سرحدی علاقے میں فلسطینیوں نے احتجاج کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

ٹرمپ پہلی مرتبہ کسی افریقی رہنما کو وائٹ ہاؤس میں خوش آمدید کہیں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج بروز پیر نائجیریا کے صدر محمد بخاری سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اپنے مدت صدارت کے دوران ٹرمپ پہلی مرتبہ کسی افریقی رہنما کو وائٹ ہاؤس میں خوش آمدید کہیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ ورکنگ لنچ کے دوران ہونے والی اس ملاقات میں سکیورٹی اور اقتصادی تعاون جیسے موضوعات کو کلیدی اہمیت حاصل رہے گی۔ نائجیریا براعظم افریقہ کی سب سے بڑی معیشت اور تیل پیدا کرنے والا ایک نمایاں ملک ہے۔ اس افریقی ملک کو مسلم شدت پسندی کا سامنا بھی ہے، جہاں انتہا پسند گروہ بوکو حرام پرتشدد کارروائیاں کرتا رہتا ہے۔

چینی وزیر خارجہ شمالی کوریا جائیں گے

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی رواں ہفتے شمالی کوریا کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ ایک طویل عرصے کے بعد کسی اعلیٰ چینی سفارت کار کا اس کمیونسٹ ریاست کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے، جب دونوں کوریائی ریاستوں کے رہنماؤں کی تاریخی سمٹ منعقد کی گئی۔ پیر کے دن بتایا گیا ہے کہ بدھ اور جعمرات کو وانگ ژی شمالی کوریا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان نے گزشتہ ماہ ہی اپنے اتحادی ملک چین کا دورہ کیا تھا۔ کم کی طرف سے جوہری اور میزائل پروگرام ترک کرنے کے اعلان کے بعد جزیرہ نما کوریا پر پائی جانے والی کشیدگی میں کمی ہو گئی ہے۔

شام میں تازہ میزائل حملے، کم ازکم چھبیس سکیورٹی اہلکار ہلاک

شامی حکومت نے پیر کے دن کہا ہے کہ ’دشمن کی طرف سے‘ متعدد فوجی چوکیوں پر میزائل حملے کیے گئے ہیں۔ یہ حملے اتوار کے رات گئے شمالی شامی علاقوں حمص اور ادلب میں کیے گئے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی کس نے کی ہے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم ازکم چھبیس سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ ادھر اپوزیشن ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں شامی اور ایرانی فورسز کی ایک بڑی تعداد ہلاک یا زخمی ہو گئی۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے اتوار کے دن ہی کہا تھا کہ شام میں حملے کیے جا سکتے ہیں۔

یورپی طاقتوں کی طرف سے ایرانی جوہری ڈیل کی حمایت

یورپی طاقتوں نے کہا ہے کہ وہ ایران جوہری ڈیل کی حمایت کا عمل جاری رکھیں گے۔ برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے دہرایا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین طے پائی جانے والی جوہری ڈیل خطے میں قیام امن کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اتوار کو برطانوی وزیر اعظم ٹرزا مے کے دفتر سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق یہ ڈیل ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ٹریزا مے نے فرانسیسی صدر اور جرمن چانسلر سے ٹیلی فون پر گفتگو کے بعد یہ بیان جاری کیا۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس ڈیل کے خلاف ہیں اور اس سے دستبردار ہونا چاہتے ہیں۔

برطانوی وزیر داخلہ نے استعفیٰ دے دیا

برطانوی وزیر داخلہ امبر رُڈ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ امبر نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے غیرقانونی تارکین وطن افراد کی ڈی پورٹشن اہداف کے حوالے سے قانون سازوں کو نادانستہ طور پر ’غلط معلومات‘ فراہم کیں۔ امبر رُڈ پر دباؤ بڑھ گیا تھا کہ غلط معلومات فراہم کرنے کی وجہ سے وہ اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں۔ اس پیشرفت کو برطانوی وزیر اعطم ٹیرزا مے کی حکومت کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، مزید تین فلسطینی ہلاک

اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں مزید تین فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق فائرنگ کے دو مختلف واقعات اتوار کے دن غزہ سرحد کے قریب ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ دو فلسطینی اسرائیل میں داخل ہوئے اور انہوں نے اسرائیلی فورسز پر دھماکا خیز مواد پھینکنے کی کوشش کی تو جواب میں اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کر دی، جس کی وجہ سے یہ دونوں فلسطینی مارے گئے۔ ایک اور واقعے میں ایک فلسطینی اسرائیلی فوج کی فائرنگ کی وجہ سے اس وقت ہلاک ہو گیا، جب وہ مبینہ طور پر غزہ سرحد عبور کرتے ہوئے اسرائیل داخل ہونے کی کوشش میں تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے