جب تک آرمی چیف نہیں آئیں گے، بھوک ہڑتال جاری رہے گی: جلیلہ حیدر

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف دھرنے میں بیٹھے ہزارہ برادری کے عمائدین سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف دھرنے میں بیٹھے ہزارہ برادری کے عمائدین سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

واضح رہے کہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ہزارہ برادری کے افراد کئی روز سے کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔

ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بیشتر حصوں میں کاروباری سرگرمیاں بھی مکمل طور پر بند رہی۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیر داخلہ کی یقین دہانی کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ہزارہ برادری نے احتجاجی دھرنا جاری رکھا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی جانب سے ملاقات پر بھی مظاہرین نے دھرنا ختم نہیں کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھی گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے باہر مجلس وحدت المسلمین کے کیمپ کا دورہ کیا تھا اور ہڑتالیوں کے رہنما اور صوبائی وزیر سید آغا رضا سے ملاقات میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی تھی۔

تاہم سید آغا رضا سمیت دیگر مظاہرین نے سیاسی رہنماؤں پر واضح کیا تھا کہ جب تک آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خود کیمپ کا دورہ کرکے یقین دہانی نہیں کرائیں گے، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

[pullquote]جب تک آرمی چیف نہیں آئیں گے، بھوک ہڑتال جاری رہے گی: جلیلہ حیدر[/pullquote]

کوئٹہ میں پریس کلب کے باہر ہزارہ برداری سے تعلق رکھنے والی حقوقِ انسانی کی کارکن جلیلہ حیدر نے کہا ہے کہ جب تک آرمی چیف ان کے کیمپ میں نہیں آئیں گے تب تک ان کی تادمِ مرگ بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ کوئٹہ میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے اور ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے لیے منگل کی شب کوئٹہ پہنچے تاہم انھوں نے تاحال جلیلہ حیدر سے ملاقات نہیں کی۔

رات گئے تک کوئٹہ پریس کلب کے باہر جلیلہ حیدر ایڈووکیٹ بھوک ہڑتالی کیمپ میں موجود ہیں۔ ہمارے نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق انھوں نے کہا ہے کہ جب تک چیف آف آرمی سٹاف پریس کلب آ کر ان سے نہیں ملیں گے وہ اپنا دھرنا ختم نہیں کریں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے