جمعرات:03 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

ترکی کے صدارتی انتخابات، حکمران جماعت نے ایردوآن کو نامزد کر دیا

ترکی میں حکمران جماعت فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی نے موجودہ صدر رجب طیب ایردوآن کو ایک بار پھر بطور صدارتی امیداور نامزد کر دیا ہے۔ ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کا کہنا ہے کہ انتخابی اتحاد نے ایردوآن کو ہی اپنا امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہی عوام کے امیدوار ہیں۔ اُن کے کاغذاتِ نامزدگی جمعہ چار مئی کو جمع کرائے جائیں گے۔ حکمران سیاسی جماعت فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی کی اتحادی جماعت دائیں بازو کی نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی ہے۔ ایسا امکان ہے کہ انتہائی قدامت پسند سیاسی جماعت گریٹ یونین پارٹی بھی حکمران جماعت کی اتحادی بن سکتی ہے۔ صدارتی انتخابات چوبیس جون کو ہوں گے۔ چونسٹھ سالہ ایردوآن سن 2014 میں پہلی مرتبہ صدر منتخب ہوئے تھے۔

افغانستان: انسدادِ دہشت گردی کے صوبائی اہلکار کا قتل

افغان حکام نے بتایا ہے کہ مغربی صوبے فراہ میں تعینات انسداد دہشت گردی کا ایک سینیئر اہلکار نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا ہے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان محمد نصیر مہری کے مطابق حملہ آوروں نے حکومتی اہلکار عبدالکلام کو اُس وقت قتل کیا جب وہ اپنی گاڑی میں سوار ہو کر اپنے گھر کی جانب جا رہے تھے۔ کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ دوسری جانب افغان سکیورٹی فورسز نے سات مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ افراد ایک سرکاری ہسپتال پر حملے کی منصوبہ بندی کیے ہوئے تھے۔ کابل حکام کے مطابق ساتوں مشتبہ افراد نے حملوں کی تربیت سرحد پار سے حاصل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

ایک تارکِ وطن کی ملک بدری پر جرمن پولیس اور مہاجرین میں تصادم

جرمنی کے ایک جنوبی شہر ایلوانگن (Ellwangen) میں مہاجرین کے لیے قائم کیے گئے ایک مرکز میں کئی افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ گرفتاریاں ٹوگو کے ایک مہاجر کی ناکامی ملک بدری کے نتیجے میں کی گئی ہیں۔ جرمن پولیس کے مطابق قریب ڈیڑھ سو سے دو سو مہاجرین نے پولیس کی گاڑیوں کو گھیرے میں لے کر انہیں ہراساں کیا۔ اطلاعات کے مطابق اس پولیس آپریشن میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں وہ تارکین وطن بھی شامل ہیں جنہوں نے عمارت کی کھڑکیوں سے باہر چھلانگ لگا دی تھی۔ پولیس نے ٹوگو کے مہاجر اور دیگر سترہ افراد کو کسی دوسرے مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

آرمینیا کا سیاسی بحران، حکمران جماعت اپوزیشن رہنما کی حمایت کرے گی

آرمینیا کی حکمران جماعت ریپبلکن پارٹی کے نائب سربراہ ارمین اشوتیان نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن رہنما نکول پشینیان مظاہروں کے سلسلے سے اجتناب کرتے ہیں تو ان کی جماعت پارلیمنٹ میں بطور عبوری وزیراعظم اُن کی حمایت کرے گی۔ حکومتی پارٹی کی جانب سے مصالحتی رویہ اپنانے پر پشینیان نے دارالحکومت میں اسٹریٹ مظاہروں کے سلسلے کو معطل کر رکھا ہے۔ پارلیمنٹ کی جانب سے عبوری وزیراعظم کی منظوری کے بعد ہی نئے انتخابات کا تعین ہو سکے گا۔

لیورپول کی ٹیم چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی

انگلش فٹ بال کلب ایف سی لیورپول کی ٹیم چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ بدھ کی رات ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے اطالوی کلب اے ایس روم کے خلاف اپنے دوسرے سیمی فائنل میچ میں لیورپول دو کے مقابلے میں چار گول سے ہار گئی۔ لیکن پہلا میچ دو کے مقابلے میں پانچ گولوں سے جیتنے کے باعث وہ فائنل میں پہنچ گئی۔ دونوں میچوں میں روم نے چھ جبکہ لیورپول نے سات گول کیے۔ چھبیس مئی کو کییف میں چیمپئنز لیگ کے فائنل میں لیورپول کا مقابلہ ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ سے ہو گا۔

’بلیک میل‘ کے سامنے نہیں جھکیں گے، ہنگری کا یورپی یونین کو جواب

یورپی یونین کے رکن ملک ہنگری نے یونین کی ایک حالیہ مالیاتی تجویز پر غیر معمولی حد تک سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ یورپی کمیشن نے تجویز پیش کی تھی کہ جن رکن ممالک میں قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ کیا گیا ہو، ان کے لیے یورپی ترقیاتی امداد کم کر دی جائے گی۔ اس پر بوڈاپیسٹ میں ہنگری کے وزیر خارجہ نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کا ملک برسلز کے ہاتھوں اس طرح ’بلیک میل‘ نہیں ہو گا۔ یورپی کمیشن کا الزام ہے کہ وزیر اعظم وکٹور اوربان کی دائیں باز وکی حکومت ہنگری میں عدلیہ کی خود مختاری اور میڈیا کی آزادی کو محدود کر دینے کی مرتکب ہوئی ہے۔

ایران جوہری ڈیل پر دوبارہ مذاکرات نہیں کرے گا، وزیر خارجہ ظریف

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ تہران حکومت سن 2015 میں اپنے اور عالمی طاقتوں کے مابین طے پانے والی جوہری ڈیل پر نئے سرے سے کوئی مذاکرات نہیں کرے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یوٹیوب پر شائع کیے گئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی۔ جواد ظریف کے مطابق امریکا خود اس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے اور اس کی کوشش ہے کہ دوسرے ممالک کو ایران میں کاروبار اور سرمایہ کاری سے روکے۔ امریکی صدر ٹرمپ بارہ مئی کو یہ فیصلہ کریں گے کہ آیا ایران کے خلاف معطل شدہ امریکی پابندیاں بحال کر دی جائیں گی۔

افغانستان میں نئے الیکٹرانک شناختی کارڈز کا اجراء شروع

افغان صدر اشرف غنی نے عام شہریوں کو نئے الیکٹرانک شناختی کارڈز جاری کرنے کے عمل کا افتتاح کر دیا ہے۔ بہت تاخیر سے متعارف کرائے گئے اس نظام کو ’ای تذکرہ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ان کارڈز کے ذریعے عوامی سطح پر انتظامی امور میں بہتری لانے اور آبادی سے متعلق ڈیٹا جمع کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر اشرف غنی کا الیکٹرانک شناختی کارڈ بھی ان کے حوالے کیا گیا۔ شہریوں کو ڈیجیٹل شناختی کارڈز کے اجراء کی اس مہم پر خود غنی حکومت کے اندر سے بھی تنقید کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کی وجہ سے ملک میں نسلی بنیادوں پر سیاست سے متعلق اختلافات شدید تر ہو گئے ہیں۔

بھارت کے مختلف حصوں میں شدید بارشیں، طوفانی آندھیاں: 98 افراد ہلاک

بھارت کے شمالی اور مغربی حصوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہونے والی شدید بارشوں اور انتہائی تیز رفتار آندھیوں کے نتیجے میں کم از کم 98 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ لکھنؤ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ان غیر معمولی موسمی حالات کے باعث بہت سے مکانات منہدم ہو گئے اور سینکڑوں درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے۔ ریاست اتر پردیش کے ریلیف کمشنر سنجے کمار نے بتایا کہ سب سے زیادہ جانی اور مالی نقصان شمالی شہر آگرہ میں ہوا، جہاں 36 افراد ہلاک ہوئے۔ آگرہ میں طوفانی جھکڑوں کی رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔ مغربی ریاست راجستھان میں بھی کم از کم ستائیس افراد ہلاک ہو گئے۔

رولز رائس امریکی بمبار طیاروں کے لیے نئے انجن بنانے کی خواہش مند

انتہائی مہنگی لگژری کاریں اور ہوائی جہازوں کے انجن بنانے والی برطانوی کمپنی رولز رائس نے کہا ہے کہ وہ بی باون طرز کے جدید ترین امریکی بمبار طیاروں کے لیے نئے انجن بنانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ کمپنی کے سربراہ وارن ایسٹ نے جمعرات کو شیئر ہولڈرز کے ایک سالانہ اجلاس کو بتایا کہ اگر امریکا نے اپنے ان جنگی طیاروں کے انجنوں کو جدید ترین بنانے کا فیصلہ کیا، تو رولز رائس کمپنی چاہے گی کہ یہ انجن وہ تیار کرے۔

آزادی صحافت کا عالمی دن، صورت حال پر سیاستدانوں کی تشویش

آج جمعرات کو منائے جانے والے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر بہت سے سیاستدانوں اور سرکردہ شخصیات نے آزادی صحافت کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے مطابق دنیا بھر میں صحافی اپنی زندگی اور شخصی آزادی خطرے میں ڈال کر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ وفاقی جرمن پارلیمان کے اسپیکر وولفگانگ شوئبلے نے تنبیہ کی کہ میڈیا کے قابل اعتماد ہونے پر کیے جانے والے نپے تلے حملے جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں۔ آج کے دن کی مناسبت سے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بار پھر ترکی پر شدید تنقید کی ہے۔ وہاں 2016ء کی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے سو سے زائد صحافی ابھی تک جیلوں میں ہیں جبکہ متعدد میڈیا ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا دفاع کرنے والے ایک اور سرکردہ وکیل پیچھے ہٹ گئے

روس کے حوالے سے چھان بین کے عمل میں امریکی صدر کا دفاع کرنے والے ایک اور سرکردہ وکیل ٹائی کَوب بھی اپنی ذمے داریوں سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ اس امر کی وائٹ ہاؤس نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ کَوب کو ابھی مارچ کے مہینے میں ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے وکلاء کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ کی نمائندہ قانونی ٹیم اس وقت خصوصی تفتیش کار رابرٹ میولر کے ساتھ اس بارے میں بات چیت میں مصروف ہے کہ آیا ٹرمپ کی انتخابی مہم کے روس کے ساتھ مبینہ رابطوں سے متعلق خود امریکی صدر سے بھی پوچھ گچھ کی جانا چاہیے۔ میولر کو یہ پتہ چلانا ہے کہ آیا روس 2016ء کے امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہوا تھا۔

ایرانی جوہری ڈیل: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی تنبیہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش نے عالمی طاقتوں کے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی ممکنہ ناکامی کے خلاف خبردار کیا ہے۔ گوٹیریش نے کہا کہ جب تک اس ڈیل کا اس سے بھی بہتر کوئی متبادل طے نہ ہو جائے، اس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کیا جانا چاہیے۔ صدر ٹرمپ کئی بار دھمکی دے چکے ہیں کہ امریکا اس معاہدے سے نکل بھی سکتا ہے۔ اس وجہ سے واشنگٹن کو اس وقت ایران کے علاوہ کئی یورپی اتحادی ممالک کے ساتھ بھی سفارتی کشیدگی کا سامنا ہے، جو ہر فریق کے اس ڈیل پر کاربند رہنے کے حامی ہیں۔

حالیہ فیس بک اسکینڈل کی محور برطانوی کمپنی دیوالیہ ہو گئی

الیکٹرانک ڈیٹا کا تجزیہ کرنے والی برطانوی کمپنی کیمبرج اینےلیٹیکا نے اپنا معمول کا کام روکتے ہوئے دیوالیہ پن کی درخواست دے دی ہے۔ اسی کمپنی نے کروڑوں فیس بک صارفین کے نجی ڈیٹا سے متعلق اسکینڈل میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ کمپنی نے اپنے دیوالیہ پن کی وجہ یہ بتائی ہے کہ اس کے گاہک مسلسل کم ہوتے جا رہے ہیں اور قانونی تنازعات میں اس کی نمائندگی کرنے والے وکلاء کے معاوضے بہت زیادہ۔ فیس بک کی انتظامیہ نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ اس کمپنی نے غیر قانونی طور پر قریب ستاسی ملین صارفین کے نجی کوائف تک رسائی حاصل کر کے انہیں امریکی صدارتی انتخابی مہم میں موجودہ صدر ٹرمپ کے حق میں استعمال کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے