اتوار : 06 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عراقی جنگی طیاروں کی شام میں کارروائی[/pullquote]

عراقی جنگی طیاروں نے سرحد پار کارروائی کرتے ہوئے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ اتوار کے دن وزیر اعظم حیدر العبادی نے بتایا کہ اس حملے میں جنوبی شام میں داعش کے کمانڈروں کے زیر استعمال ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ العبادی نے اس کارروائی کو کامیاب قرار دیا۔ عراقی فضائیہ شامی صدر بشار الاسد کی رضا مندی کے ساتھ ماضی میں بھی شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کرتی رہی ہے۔

[pullquote]بدخشاں کے ایک ضلع میں طالبان کی پسپائی[/pullquote]

افغان فورسز نے اتوار کے روز بتایا کہ امریکی عسکری اتحاد کی مدد سے بدخشاں صوبے کے ایک ضلع کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ طالبان باغیوں نے گزشتہ ہفتے ہی کوہستان نامی اس ضلع پر قبضہ کیا تھا۔ صوبائی پولیس کے سربراہ ثنا اللہ روحانی نے بتایا ہے کہ اس لڑائی میں طالبان کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا تاہم انہوں نے اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائیں۔ حالیہ کچھ عرصے سے افغان طالبان اپنی پرتشدد کارروائیوں میں تیزی لا چکے ہیں۔ افغانستان کے متعدد علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور طالبان کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]ایرانی ڈیل سے ٹرمپ کی علیحدگی جنگ کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے، ماکروں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے متنبہ کیا ہے کہ ایرانی جوہری ڈیل سے اگر ٹومپ نے دستبرداری اختیار کی تو یہ کسی جنگ کا سبب بن سکتا ہے۔ جرمن جریدے ڈیئر اشپیگل کو انٹرویو دیتے ہوئے ماکروں نے کہا کہ امریکی علیحدگی سے مسائل کی بوری کھل سکتی ہے۔ فرانسیسی صدر نے یہ بھی کہا کہ انہیں یقین ہے کہ امریکی صدر جنگ کے خواہشمند نہیں ہیں۔ امریکی دورے پر ماکروں نے امریکی صدر سے کہا تھا کہ وہ ڈیل سے علیحدگی مت اختیار کریں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بارہ مئی کو اس کا فیصلہ کرنا ہے کہ آیا ایرانی جوہری ڈیل سے علیحدگی اختیار کی جائے۔ اس مناسبت سے ابھی تک کچھ واضح نہیں ہے۔

[pullquote]اسرائیلی سرحد عبور کرنے کی کوشش میں دو فلسطینی ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی فوجیوں نے اُن دو فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا ہے، جو سرحدی باڑ عبور کرنے کی کوشش میں تھے۔ اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی علاقے میں داخل ہونے اور سکیورٹی انتظامات کو خراب کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی عمریں 20 اور 23 برس تھیں۔ اتوار چھ مئی کو جلتی ہوئی اشیاء اسرائیلی علاقے میں پھینکنے کے خلاف اسرائیل نے حماس کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔ آج ہونے والی فلسطینی نوجوانوں کی ہلاکتیں جمعے کے احتجاج کے سلسلے سے ہٹ کر ہیں۔ تیس مارچ سے ہر جمعے کو ہونے والے احتجاجی سلسلے میں اب تک پچاس فلسطینی اسرائیلی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں سات بھارتی انجینیئروں کو اغوا کر لیا گیا[/pullquote]

افغان سکیورٹی حکام کے مطابق سات بھارتی انجینیئروں کو نامعلوم مسلح افراد اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ اغوا کی یہ واردات اتوار چھ مئی کو شمالی افغان صوبے باغلان کے ضلع ڈنڈ غوری میں ہوئی۔ صوبائی پولیس کے ترجمان کے مطابق ساتوں بھارتی شہری ایک حکومتی پاور اسٹیشن کی جانب جا رہے تھے کہ انہیں ڈرائیور سمیت نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔ ترجمان کے مطابق بھارتی انجینیئروں کی تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ کابل میں بھارتی سفارت خانے کے دو اہلکاروں نے بھی اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق افغانستان میں ڈیڑھ سو سے زائد بھارتی انجینیئرز اور ديگر تکنیکی عملہ مختلف پراجیکٹس پر خدمات سرانجام دے رہے ہيں۔

[pullquote]امریکا نے ہتھیاروں کی فروخت روکی تو سخت ردعمل ظاہر کریں گے، ترک وزیر خارجہ[/pullquote]

ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش آولُو نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ترکی کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی لگائی تو اس کا شدید ردعمل سامنے آئے گا۔ چاؤش آولو نے یہ بیان سی این این ترکی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے دیا۔ ترک وزیر خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی ایوانِ نمائندگان نے سن 2019 کے دفاعی بجٹ کی تفصیلات عام کی ہیں۔ اس بجٹ پر ایوان کی آرمڈ فورسز کمیٹی اگلے ہفتے کے دوران بحث شروع کرنے والی ہے۔ اگلے سال کے بجٹ میں روس اور چین کے ساتھ مسابقتی عمل جاری رکھنے کے علاوہ ترکی کو ہتھیاروں کی فروخت عبوری طور پر معطل کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

[pullquote]اسرائیل: سپریم کورٹ کے اختیارات میں کمی[/pullquote]

اسرائیلی حکومت کے دائیں بازو کے وزراء نے ملکی سپریم کورٹ کے اختیارات میں کمی کے سلسلے میں ابتدائی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں پیش کردہ تجاویز کو وزارتی کمیٹی نے منظور کر لیا ہے۔ اس مناسبت سے دستور میں ترامیم کی کارروائی ابھی باقی ہے۔ دائیں بازو کے وزراء سپریم کورٹ کے اختیارات میں کمی کی مجوزہ قرارداد کے حق میں اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ کے 120 میں سے 61 اراکین کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ یہ وزراء سپریم کورٹ کے اُس اختیار کے خلاف ہیں جس کے تحت عدالت کسی بھی قانون کو دستور کے منافی قرار دے سکتی ہے۔ حکومت مخالفین نے اس تجویز پر شدید تنقید کی ہے۔

[pullquote]جرمن ڈاکٹر کو روسی چرچ نے سینٹ کا درجہ دے دیا[/pullquote]

اتوار چھ مئی کو روسی دارالحکومت ماسکو میں ایک جرمن ڈاکٹر کو آرتھوڈکس چرچ نے سینٹ کا درجہ دیا۔ جرمن ڈاکٹر فریڈرش یوزف ہاس نے اپنی ساری زندگی غریب روسی شہریوں کے علاج معالجے میں صرف کر دی تھی۔ وہ سن 1853 میں رحلت پا گئے تھے۔ ہاس سن 1806 میں ماسکو پہنچ کر بطور ایک معالج کے شہرت پائی تھی۔ اُنہیں عام طور پر ماسکو کے مقدس طبیب کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر ہاس کو سینٹ بنانے کی خصوصی تقریب ماسکو کے ہولی ورجن میری چرچ میں منعقد کی گئی۔ گزشتہ بیس برسوں سے روسی آرتھوڈکس چرچ جرمن ڈاکٹر کو سینٹ بنانے کے سلسلے پر تحقیق جاری رکھے ہوئے تھا۔

[pullquote]امن مذاکرات امریکی دباؤ سے شروع نہیں کیے، شمالی کوریا[/pullquote]

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کی وجہ امریکی پابندیاں یا عسکری دھمکیاں نہیں ہیں۔ شمالی کوریا نے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن یہ دعویٰ نہ کرے کہ یہ کمیونسٹ ریاست امریکی دباؤ کی وجہ سے امن مذاکرات کا حصہ بننے پر مجبور ہوا ہے، ورنہ جزیرہ نما کوریا پر حالات دوبارہ کشیدہ بھی ہو سکتے ہیں۔ پیونگ یانگ کی طرف سے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں جاری کیے گئے ہیں، جب جزیرہ نما کوریا پر کشیدگی میں کمی واقع ہوئی ہے اور شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن آئندہ کچھ ہفتوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے تاریخی ملاقات کرنے والے ہیں۔

[pullquote]ایران سے ابھی نمٹنا بہتر ہو گا، اسرائیلی وزیر اعظم[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران سے ’بعد کے بجائے ابھی نمٹنا‘ بہتر ہو گا۔ انہوں نے ایران پر ’جارحیت‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ شام میں جنگجو روانہ کر رہا ہے اور یہ صورتحال اسرائیل کے لیے خطرے کا باعث ہے۔ بینجمن نیتن یاہو گزشتہ کئی مہینوں سے شام میں ایرانی فوجی موجودگی کے بارے میں اپنے طور پر ’خطرے کی گھنٹی‘ بجانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ تہران حکومت لبنان میں اپنی حامی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے ساتھ مل کر شام میں اسرائیل کے خلاف ایک نیا محاذ کھولنا چاہتی ہے۔ تاہم ایران ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں بم دھماکا، متعدد افراد ہلاک[/pullquote]

مشرقی افغانستان میں ایک مسجد کے اندر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک جبکہ 33 زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ خوست شہر میں واقع اس مسجد کو ووٹر رجسٹریشن دفتر کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ کسی گروہ نے فوری طور پر اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم طالبان اور دیگر انتہا پسند گروہ افغان انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں ہیں اور متعدد حملے بھی کر چکے ہیں۔ افغانستان میں سن دو ہزار چودہ کے بعد پہلی مرتبہ الیکشن رواں برس اکتوبر میں منعقد کرانے کا منصبوبہ بنایا گیا ہے۔

[pullquote]ملائیشیا میں درجن سے زائد انسانی اسمگلر گرفتار[/pullquote]

ملائیشیا میں انسانوں کے اسمگلروں کے ایک نیٹ ورک سے وابستہ درجن بھر مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام نے اتوار کے دن بتایا کہ یہ گرفتاریاں اس وقت کی گئیں، جب ایک ایسی کشتی کو پکڑا گیا، جس میں 127 سری لنکن مہاجرین کو اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کشتی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جا رہی تھی۔ حکام کے مطابق سولہ مشتبہ اسمگلر اس کشتی میں سوار تھے جبکہ دیگر پانچ مشتبہ افراد کو مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا گیا۔

[pullquote]’زہریلا پانی‘: کمبوڈیا میں دس افراد ہلاک، 120 بیمار[/pullquote]

کمبوڈیا میں مبینہ طور پر آلودہ پانی پینے کی وجہ سے دس افراد ہلاک جبکہ ایک سو بیس بیمار ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ شبہ ہے کہ اس پانی میں کیڑے مار ادویات کی آمیزش ہو چکی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ علاقے سے پانی اور خوارک کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں اور جلد ہی ان کے تجزیے سے حقیقی وجوہات کا تعین ہو سکے گا۔ کمبوڈیا میں پانی میں زہریلے مواد کی آمیزش کوئی نئی بات نہیں۔ ماضی میں بھی اس ملک میں اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔

[pullquote]لبنان میں عام انتخابات کا انعقاد[/pullquote]

لبنان میں آج بروز اتوار عام انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ نو برس بعد منعقد ہونے والے اس الیکشن کو ملک کی اقتصادی صورت حال کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ کا عمل عالمی وقت کے مطابق شام چار بجے تک جاری رہے گا۔ توقع ہے کہ پیر کی صبح تک غیر سرکاری نتائج سامنے آ جائیں گے۔ اندازہ ہے کہ ایران نواز حزب اللہ اس الیکشن میں پارلیمان میں اپنی نمائندگی کو بہتر بنا سکتی ہے۔ اس عرب ملک میں آخری مرتبہ انتخابات کا انعقاد سن دو ہزار نو میں ہوا تھا۔

[pullquote]ہوائی میں آتش فشاں پہاڑ پھٹ پڑا، پانچ گھر تباہ ہو گئے[/pullquote]

امریکی ریاست ہوائی میں کیلاؤیا نامی آتش فشاں سے ابلنے والے لاوے کی وجہ سے پانچ گھر تباہ ہو گئے ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ یہ آتش فشاں کئی ہفتوں یا مہینوں تک لاوا اگل سکتا ہے۔ مقامی باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تاکید کی جا چکی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق کم از کم سترہ سو افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ جمعے کے دن اس علاقے میں زلزلے کے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے تھے، جس کی وجہ سے کیلاؤیا سے لاوا نکلنے کا عمل تیز ہو گیا تھا۔

[pullquote]کشمير ميں سکيورٹی فورسز کے ہاتھوں پانچ مشتبہ باغی ہلاک[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز نے اتوار کے دن کارروائی کرتے ہوئے پانچ باغیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ شوپیاں کے علاقے میں شہریوں نے ایک گھر میں محصور باغیوں کو فرار ہونے میں مدد کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا، جس کے جواب میں پولیس نے کشمیری مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔ کشمیر میں یہ مظاہرے ہفتے کے دن شروع ہوئے تھے، جن کے نتیجے میں رونما ہونے والے پرتشدد واقعات میں پانچ شہری ہلاک جبکہ پچاس زخمی ہو چکے ہيں۔

[pullquote]سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی مقولیت میں ایک فیصد مزید کمی[/pullquote]

جرمن سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ کی تبدیلی کے باوجود بھی عوامی سطح پر اس کی مقبولیت میں بظاہر اضافہ نہیں ہوا ہے۔ ایک تازہ جائزے کے مطابق اس پارٹی کی مقبولیت میں مزید ایک فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ سوشل ڈیموکریٹس نے حال ہی میں پارٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون سیاستدان کو پارٹی سربراہ منتخب کیا تھا۔ توقع ہے کہ آندریا ناہلیس کی قیادت میں یہ پارٹی کھویا ہوا عوامی اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ اس جائزے کے مطابق میرکل کے قدامت پسند اتحاد کی عوامی مقولیت چونتیس فیصد ہو گئی ہے جبکہ دائیں بازو کی سیاسی جماعت متبادل برائے جرمنی کی عوامی مقبولیت چودہ فیصد ہے۔

[pullquote]امریکا ڈیل سے الگ ہوا تو روحانی کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں[/pullquote]

امریکا اگر ایران کے ساتھ جوہری ڈٰیل سے دستبردار ہوتا ہے تو صدر حسن روحانی کی سیاسی پوزیشن خراب ہو سکتی ہے۔ ناقدین کے مطابق اس صورت میں ایران میں کٹر نظریات کے حامل عناصر اعتدال پسند سیاستدان روحانی کے خلاف ایک مہم شروع کر سکتے ہیں۔ ایران میں انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعتیں اور حلقے شروع سے ہی اس ڈیل کے مخالف تھے۔ اب اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس ڈیل کو ختم کرتے ہیں تو یہ عناصر روحانی کے خلاف پراپیگنڈا شروع کر دیں گے۔ ٹرمپ اس ڈیل کے مستقبل کے حوالے سے بارہ مئی تک اپنا فیصلہ کر سکتے ہیں۔

[pullquote]برطانوی وزیر خارجہ امریکا روانہ ہو گئے[/pullquote]

برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن آج اتوار کے دن سے اپنا امریکا کا دورہ شروع کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس دو روزہ دورے کے دوران وہ واشنگٹن میں امریکی نائب صدر مائیک پینس سے ملاقات میں ایران کے ساتھ جوہری ڈیل کے علاوہ شام اور شمالی کوریا جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ جانسن نے امریکا روانگی سے قبل صحافیوں کو بتایا کہ لندن حکومت ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین سن دو ہزار پندرہ میں طے پانے والی ڈیل کی حمایت کرتی ہے۔ برطانیہ، فرانس اور جرمنی امریکا پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اس جوہری ڈیل سے دستبردار نہ ہو۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے